ٹی 20 کا سال،بابر اعظم سب کے لئے خطرہ،خودایک اعزاز سے محروم ،حیران کن رپورٹ

رپورٹ : عمران عثمانی

یہ سال ورلڈ ٹی 20 کا ہے،چنانچہ اس کی تیاری کے لئے تمام ٹیموں نے اچھے خاصے ٹی 20 انٹر نیشنل میچز شیڈول کئے ہیں،ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم تو اپنے ملک میں 15میچز کھیلے گی،پاکستانی ٹیم جس نے گزشتہ ماہ جنوبی افریقا و زمبابوے میں 7 میچز کھیلے ہیں،اسے مزید 14 سے 16میچز کھیلنے ہیں،اسی طرح تمام ٹیموں کا مصروف ترین شیڈول ہے.اکتوبر میں شیڈول ورلڈ ٹی 20سے قبل ہر ٹیم ایک درجن یا اس سے زائد میچز کھیلے گی،اس کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی متعدد میچز کھیلنے کو ملیں گے.سوال یہ ہے کہ اتنے زیادہ میچز ہونے کی صورت میں کسی کھلاڑی کے لئے کوئی ایسا موقع موجود ہے کہ وہ کم سے کم 40 اور زیادہ سے زیادہ 50کی اوسط سے بیٹنگ کرے اور 800 سے 1000 ٹی 20 اسکور مزید بنالے.ایسا ممکن ہے ،اس کنڈیشن میں کیا کوئی نیا ریکارڈ قائم ہوسکے گا؟

ٹی 20 انٹر نیشنل میچزمیں اس وقت سب سے زیادہ اسکور کرنے کا اعزاز ویرات کو ہلی کو حاصل ہے جنہوں نے 90میچز میں 3159 اسکور کر رکھے ہیں.ان کا بیٹنگ ایوریج 52سے زائد ہے لیکن ان کی کوئی سنچری نہیں ہے.84اننگز میں سے 28میں ففٹیز بہر حال متاثر کن پرفارمنس ہے.کیا وہ اپنی اسی اوسط کو برقرار رکھتے ہوئے 4000اسکور مکمل کرسکیں گے،اسی طرح نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل 102میچزمیں2939 اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں،روہت شرما 111میچزمیں 2864رنزکے ساتھ تیسرے جبکہ پاکستان کے محمد حفیظ106میچزمیں 2388اسکور کرکے چوتھے نمبر پر ہیں.ایرون فنچ 2346 رنزکے ساتھ تعاقب میں ہیں،شعیب ملک2335 رنزبناکر ریس سے باہر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں.ڈیوڈ وارنر 2265 اور انگلش کپتان اوئن مورگن 2311اسکور کے ساتھ ریس میں شریک ہونگے.پاکستانی کپتان بابر اعظم نے 54میچزکی 52اننگزمیں 2035اسکور کر لئے ہیں،وہ اپنے سے قریب موجود تمام بیٹسمینوں کے لئے بڑا چیلنج ہونگے،ان کا بیٹنگ اوسط 47سے اوپر ہے،وہ اگر ایسے ہی کھیلتے رہے تو ٹی 20ورلڈ کپ کے اختتام پر بہت سے پلیئرز سے آگے ہونگے اور ساتھ میں تیز ترین 3ہزار اسکور بھی بنالیں گے.

بابر اعظم کے حوالہ سے حیران کن بات یہ ہے کہ وہ اس سال ڈیبیو ٹی 20ورلڈ کپ کھیلیں گے،انہوں نے 2016 میں ہی ڈیبیو کیا تھا لیکن بابر کی بد قسمتی یہ تھی کہ اس سال ورلڈ ٹی 20 مارچ اور اپریل میں کھیلا گیا تھا جبکہ انہیں سال کے آخر میں ستمبر میں انگلینڈ میں ڈیبیو کا موقع ملا تھا.اس طرح بہت سے پلیئرز کے لئے خطرہ بنے پاکستانی کپتان بابر اعظم کا یہ اولین ورلڈ ٹی 20 ہوگا.

اسی طرح ٹی 20 بائولنگ کے اعدادوشمار دیکھے جائیں تو نیوزی لینڈ کے ٹم سائوتھی 83میچزمیں 99وکٹ پر ناٹ آئوٹ ہیں،وہ نہ صرف ٹی 20 وکٹ کی سنچری مکمل کرسکیں گے بلکہ اس فارمیٹ میں سری لنکا کے لاستھ ملنگا کی 107ریکارڈ وکٹوں کو بھی پیچھے چھوڑ کر زیادہ ٹی 20وکٹ لینے والے بائولر بن جائیں گے.افغانستان کے راشد خان 95 اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 92وکٹ کے ساتھ تعاقب میں ہونگے،یہ دونوں راہ میں موجود شاہد آفریدی کی 98وکٹوں کا ریکارڈ کراس کر جائیں گے کیونکہ آفریدی کا کیریئر تمام ہوچکا ہے.باقی بائولر جیسے ایش سودھی اور محمد نبی 73 اور 72وکٹ کے ساتھ کافی پیچھے ہیں جو کہ حاضر سروس ہیں.