لارڈز ٹیسٹ کس کا،بھارت کا دفاعی کھیل،نتیجہ کی ممکنہ پکچرز
رپورٹ : عمران عثمانی
لارڈز ٹیسٹ کہاں جارہا ہے،ڈرا کی جانب ،بھارت کی جیب میں اور یا پھر انگلینڈ کے نصیب میں۔اس کا جواب تو کل پیر کو ملے گا جب میچ کے آخری روز قریب ڈیڑھ اننگ کے نتائج آئیں گے۔اتوار کو میچ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے نہایت دفاعی بیٹنگ کی اور بہت ڈرتے ہوئے کھیل پیش کیا لیکن اس کی بڑی کامیابی یہ رہی کہ اس نے پورا دن گزار ہی لیا۔
خسارہ دور کرتے دونوں اوپنرز باہر
لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں بھارت نے جب دوسری اننگ چوتھے روز شروع کی تو اس بار پہلی اننگ کے برعکس اسے اچھا آغاز نہیں ملا۔27رنزکا خسارہ دورکرتے اس کے 2 کھلاڑی کے ایل راہول 5 اور روہت شرما 21 کرکے پویلین لوٹ گئے۔کپتان ویرات کوہلی ایک بار پھر ناکام گئے اور بھارت کے مجموعی اسکور 55 جب کہ خسارہ نکالنے کے بعد صرف 28 رنزکی برتری پر چلتے بنے ،بھارتی کپتان صرف 20 کی اننگ کھیل سکے اور کرن کا شکار بنے،اس سے قبل انہوں نے انگلش فاسٹ بائولر جمی اینڈرسن کے ساتھ تلخ کلامی بھی کی۔
بھارت چوتھی وکٹ پرخوف میں،50 اوورزمیں صرف 100رنزکی اہم شراکت
نازک ترین موقع پر اب تک آئوٹ آف فارم جانے والے چتشور پجارا اوراجنکا رہانے کی قسمت جاگ گئی،جنہوں نے چوتھی وکٹ پر 100 رنزکی شراکت بناکر بھارت کو تباہی سے بچالیا لیکن یہ 100 اسکور قریب 50 اوورزمیں بنائے گئے جو ٹیسٹ کرکٹ کی منفی ترین مثال ہے،اس سے بھارت کا ڈر و خوف محسوس ہوتا ہے،بہرحال ناک پر لڑی اس شراکت کو مارک ووڈ نے توڑا جب انہوں نے چتشور پجارا کو 45 کے انفرادی اسکور پر انگلش کپتان جوئے روٹ کے ہاتھوں کیچ کروادیا۔اس کے بعد مزید 2 وکٹیں بھی جلد گر گئیں۔انگلینڈ کو بڑی وکٹ اجنکا رہانے کی ملی جو61رنزبناکر معین علی کا شکار بنے۔اس طرح رویندرا جدیجا بھی صرف 3 کرسکے۔
امپائرز نے جب کم روشنی کے باعث کھیل ختم کیا تو بھارت کا دن بھر کی بیٹنگ میں اسکور6 وکٹ پر 181 تھا اور اس کے لئے اس نے 82 اوورز کھیل ڈالے،اس وقت رشی پنت 14 اور ایشانت شرما 4کرکے وکٹ پر موجود ہیں۔بھارتی ٹیم انے اب اپنی نامکمل اننگ پیر کو شروع کر نی ہے۔
انگلش بائولنگ پرفارمنس
انگلینڈ کی جانب سے اس بار جمی اینڈرسن چلے اور نہ ہی اولی رابنسن بلکہ 3 کھلاڑی تو مارک ووڈ نے آئوٹ کردیئے،جنہوں نے 14 اوورز میں 40رنز دے کر 3 وکٹیں لیں ،معین علی نے 52 رنز دے کر 2 اور سام کرن نے30 رنز دے کر ایک مگر سب سے بڑی ویرات کو ہلی کی وکٹ اپنے نام کی۔جمی اینڈرسن نے پہلی اننگ میں 5 کھلاڑی آئوٹ کئے تھے۔
لارڈز ٹیسٹ کی ممکنہ پکچرز
بھارتی ٹیم کی سب قت اب 154 رنزکی ہے اور اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں،میچ کا پہلا تصور یہ بنتا ہے کہ انگلینڈ کل پہلے گھنٹے میں 4 وکٹیں لے اور 200 سے کم ہدف کے تعاقب میں جائے اور باقی وقت میں سکون سے اسے پورا کردے۔دوسری تصویر یہ بنتی ہے کہ بھارت پہلا سیشن یا اس کے قریب کا وقت نکال جائے اور 70 سے 90 اسکور کرلے اور انگلینڈ کو 220سے 240 کے درمیان ہدف دے اور اس کے بائولرز پھر جادوئی گیند بازی کرکے میچ جیت جائیں ۔تیسری پکچر یہ بنتی ہے کہ دونوں ٹیمیں ڈرا کی جانب جائیں اور ایسی دفاعی کرکٹ کھیلیں کہ پہلے بھارت وقت لے اور بعد میں انگلش کھلاڑی بھی صرف دفاع ہی کرتے رہ جائیں ۔
لارڈ ز ٹیسٹ کے 5 ویں دن کا موسم
ایک اور پکچر بھی ہے اور وہ یہ کہ میچ کے آخری روز لندن میں سارا دن موسم ابر آلود رہے گا،دھوپ نکلنے کے امکانات نہیں ہیں،بارش کی پیش گوئی بھی نہیں ہے لیکن گزشتہ میچ کی طرح اگر یہاں بھی آخری روز ہی بارش برسی تو اس کا رکنا آسان نہیں ہوگا۔ایک اور میچ ڈرا ہوسکتا ہے۔
کرک سین کی سابقہ پیش گوئی،موجودہ تبصرہ
کرک سین نے میچ کے آغاز سے قبل اپنے 2 آرٹیکلز میں ایک ہی بات کی تھی کہ موجودہ بھارتی ٹیم کے مضبوط ہونے ،پہلے ٹیسٹ میں حاوی رہنے کے باوجود ہوم آف کرکٹ میں فتح کے امکانا ت کم ہیں اور یہ بات دلائل کے ساتھ لکھی تھی،جس کا واضح مطلب یہ تھا کہ بھارت کا جیتنا مشکل ہوگا۔اب موجودہ تبصرے میں یہی کہا جاسکتا ہے کہ فی الحال میچ بھارت کی گرفت سے نکل چکا ہے،اسے جیتنے کے لئے چوتھی اننگ کی بائولنگ کا کمال اور انگلینڈ کا ایک برا دن درکار ہوگا۔
یہ مضمون دلچسپی سے خالی نہیں
ہوم آف کرکٹ میں دوسرا ٹیسٹ،بھارت اور انگلینڈ دونوں ہی خوفزدہ،دلچسپ خبر