ویسٹ انڈیز97 پر ڈھیر،انگلینڈ پھر مشکل میں،کوہلی آئوٹ،دھون کپتان،اہم واقعات

ایک ٹیسٹ میچ ہو،72 رنزکا آغاز ہو ،ہوم گرائونڈ ہوں،اپنے لئے آئیڈیل اور مہمان ٹیم کے لئے مشکل ترین کنڈیشن ہوں تو 72 کے آغاز کا مطلب کیا ہونا چاہئے،یہی نا کہ بنیاد اچھی ہوگئی ہے،اب بڑا اسکور بنے گا لیکن لگتا ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم بیرونی و اندرونی پریشانیوں میں بری طرح گھری ہے.متنازعہ ٹویٹس کا چکر چل رہا ہے،ایک کھلاڑی معطل ہے اور سینئرز لپیٹ میں ہیں تو کام شاید کچھ زیادہ ہی خراب ہے،چنانچہ اچھے آغاز کے باوجود 100سے پہلے 3اور 200 سے پہلے 6کھلاڑی پویلین لوٹ گئے.

ذکر ہے ایج باسٹن کرکٹ ٹیسٹ کا کہ جہاں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ جمعرا ت کو شروع ہوا.انگلش کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا. کیوی ٹیم کی کپتانی ٹام لیتھم نے کی کیونکہ کیون ولیمسن ان فٹ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی باہر ہوچکے تھے. لیفٹ ہینڈ پیسر ٹرینٹ بولٹ کی ٹیم میں واپسی ہوئی.

ڈوم سبلی کے 35 پر آئوٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کو بڑے جھٹکے لگے اور 72سے85 تک زیک کرولی صفر جبکہ جوئے روٹ 4رنزبناکر پویلین لوٹ گئے.نازک موقع پر رائے برنز کا اولی پوپ نے 19 رنزکا ساتھ دی لیکن ڈان لارینس کا ساتھ ملنے کے بعد رائے برنز نہ سنبھل سکے اور 81کے اسکور کے ساتھ ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے . پھر جیمز بارکے صفر اور اولی سٹون 20رنز بناکر آئوٹ ہوگئے.

انگلینڈ کے لئے پہلا دن بھاری ہی رہا ہے.222پر 7وکٹ کھونے والی ٹیم کے لئے لارینس اور مارک ووڈ مزاحمت کر رہے ہیں اور انہوں نے دن کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا ،لارینس 67 اور ووڈ 16رنزکے ساتھ وکٹ پر موجود تھے.نیوزی لینڈ کی جانب سے اسپنر اعجاز پٹیل نے 34 رنز دے کر 2وکٹیں لیں اور اس کے لئے 14 اوورز کئے تو سب سے زیادہ وہی کامیاب رہے. بولٹ نے 2وکٹ کے لئے 60 اور میٹ ہنری نے 66 رنز دیئے.

ادھر گراس آئس لیٹ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم طوفانوں میں گھر گئی ہے،پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تک میزبان ٹیم کی لٹیا ڈوب گئی تھی.ویسٹ انڈین کپتان کریگ برتھیویٹ اپنے ہی گھر کے گرائونڈ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلے اور پروٹیز بائولرز کے سامنے وکٹ پر اپنی ٹیم کا شکار ہوتے دیکھتے رہے،اس لئےکہ پوری ٹیم 41 ویں اوور میں صرف 97پر ڈھیر ہوگئی. لنگی نیگیڈی اورا نرچ نورتج نے داغ داغ کر مارا.نیگیڈی نے19رنز کے عوض 5 اور نورتج نے 35رنز دے کر 4وکٹیں لیں.

سابق کپتان جیسن ہولڈر 20،موجودہ کپتان کریگ بریتھویٹ 15، شائی ہوپ بھی 15کے ساتھ نمایاں رہے ہیں،جنوبی افریقا نے 31ویں اوور تک 2وکٹ کھو کر 82رنزبنالئے تھے،ایڈن امرکرم 36رنزکے ساتھ وکٹ پر موجود تھے،مہمان ٹیم ایک بڑی برتری کی جانب پیش قدمی کر رہی تھی،ویسٹ انڈیز کے لئے اس میچ میں واپسی کرنا آسان امر نہیں ہوگا.

اگر آپ کو یہ کہاجائے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت شیکھر دھون کے سپرد کردی گئی ہے اور ویرات کو ہلی کو ٹیم سے ہی نکال دیا گیا ہے جبکہ بھونشور کمار کو نائب کپتانی کی ذمہ داری ملی ہے تو شاید آپ یقین نہ کریں لیکن یقین کریں کہ ایسا ہوگیا ہے اور آپ کو بھارتی کرکٹ ٹیم کوہلی وغیرہ کے بغیر نئے کپتان کی قیادت میں کھیلتی دکھائی دے گی.

ایسا ہوگیا ہے ،بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہ سری لنکا کے لئے نئے کپتان اور نئے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے ساتھ کھیلنے کا اعلان کررکھا ہے کیونکہ بھارت کی ٹیسٹ ٹیم انگلینڈ میں ہے جہاں اس نے 18جون سے نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنا ہے اور اس کے بعد ایک ماہ کے وقفہ سے انگلینڈ کے خلاف 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لئے ایکشن میں ہونا ہے جبکہ سری لنکا میں جولائی میں شیڈول ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لئے بھارت کی دوسری ٹیم جائے گی.کوہلی اور ان کے ساتھی اس وقت انگلینڈ میں فارغ ہونگے،کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیل رہے ہونگے لیکن اس کے باوجود وہ ٹیم سے باہر ہونگے تو بات تو درست ہوگئی کہ کوہلی سمیت کئی کھلاڑی ایکشن میں نہیں ہونگے.

کرکٹ کے میدان سے ایک اور دلچسپ خبر یہ ہے کہ متنازعہ ٹویٹس پر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے اولی رابنسن معطل تو ہیں لیکن میڈیم پیسر نے بھی اپنی جانب سے ایک فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہر قسم کی کرکٹ سے بریک لینے جارہے ہیں. انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب نہیں کھیلیں گے،اب آپ بتائیں ایک کھلاڑی معطل ہو اور بریک لے رہا ہو تو تھوڑی عجب بات نہیں بنے گی؟

کرک سین نے بہت پہلے ایک تجزیاتی رپورٹ پیش کی تھی انگلینڈ کے 100 بالز ایونٹ کو کو بڑا جھٹکا لگنے جارہا ہے.آسٹریلیا کے کھلاڑی اپنا نام واپس لے رہے ہیں ارور یہ تجزیہ درست ہی ثابت ہوا ہے کیونکہ ڈیوڈ وانر سمیت متعددپلیئرز نے انگلینڈ نہ جانے اور اپنی انٹر نیشنل سیریز کھیلنے کا اعلان کردیا ہے،آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے جبکہ 100 بالزایونٹ اگلے ماہ انگلینڈ میں شروع ہوگا.آسٹریلیا کے پلیئرز کی غیر حاضری انگلینڈ کو ہضم نہیں ہوگی.

اپنا تبصرہ بھیجیں