پاکستانی خواتین ٹیم کا فتح کے ساتھ بابر اعظم کو بڑا پیغام،انضمام کا بھی اہم مشورہ

0 313

پاکستانی شائقین اورکرکٹ فینزکےلئے کرکٹ کے میدان سے اچھی خبر یہ ہے کہ ان کی ٹیم نے غیر ملکی دورے میں پہلی کامیابی کا مزا چکھ لیا ہے لیکن یہ خبر انگلینڈ سے نہیں بلکہ ویسٹ انڈیز سے آئی ہے جہاں بابر اعظم الیون نہیں بلکہ جویریہ الیون ایکشن میں ہیں اور خواتین ٹیم کو 6 بڑی ناکامیاں سہنے کے بعد کوئی کامیابی ملی ہے .
پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے آخر کار فتح کا مزا چکھ لیا ہے،ویسٹ انڈیز کے دورے میں 6 مسلسل شکستوں کے بعد آخرکار گرین کیپس کو بھی فتح نصیب ہوگئی ہے،جمعہ کی علی الصبح خواتین ٹیم نے ویسٹ انڈین ٹیم کو چوتھے ایک روزہ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی،ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار عمیمہ سہیل کا رہا جنہوں نے 61رنزکی اہم اننگ کھیلی جب کہ سدرہ امین نے بھی قیمتی 41 رنزبنائے.
نارتھ سائونڈ میں کھیلے گئے 5 ایک روزہ میچزکی سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے کھیل کر210رنزبنائے،پوری ٹیم 2 گیندیں قبل پویلین سدھار گئی.کیشونا نائٹ نے 88رنزکی سب سے بڑی اننگ کھیلی،پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 30اور نشرا سندھو نے 49رنزکے عوض4،4 وکٹیں لیں.
پاکستان کے لئے 211رنزکا ہدف آسان نہیں تھا کیونکہ ٹیم اس سے قبل کھیلے گئے تین ایک روزہ میچز میں اتنے اسکور ہی نہیں کرسکی تھی بلکہ 120تک بھی آئوٹ ہوئی تھی ،میزبان سائیڈ مطمئن تھی لیکن یہ پاکستانی خواتین ٹیم کا دن تھا جس نے ویسٹ انڈیز کی بائولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور سدرہ کے 41اور عمیمہ کے 61رنزکی مدد سے ہدف9 گیندیں قبل6 وکٹ پر پورا کرلیا.ٹیم اگر چہ سیریز پہلے ہی ہار چکی ہے لیکن چونکہ ابھی ایک ون ڈے میچ باقی ہے،اس لئے کلین سویپ سے بچائو کے ساتھ ساتھ طویل دورے میں مسلسل ناکامی کا شکار رہنے کے بعد یہ فتح نہایت ہی ضروری تھی.ندا ڈار اہم موقع پر بنائے گئے29رنزکے ساتھ ناقابل شکست واپس لوٹیں .پاکستان نے اس میچ کا ٹاس جیتا تھا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرلیا تھا.اس سیریز میں اب تک بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم ہی چاروں ایک روزہ میچ جیتی ہے.
اس سے قبل قومی خواتین ٹیم 3 ٹی 20میچزکی سیریز میں کلین سویپ ہوچکی تھی اور اس کے بعد مسلسل 3 ون ڈے میچزبھی ہارچکی تھی،پاکستانی خواتین ٹیم نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور ٹیم منیجمنٹ نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے،خوتین ٹیم نے اس فتح سے اپنی مردوں کی ٹیم کو بھی خاص پیغام دیا ہے کہ شکستوں سے گھبرانا نہیں ہے جو کہ انگلینڈ میں 3 ون ڈے میچز ہار کر شدید دبا ئو میں ہے اور اسے آج سے ٹی 20 سیریز کا چیلنج درپیش ہے.
دوسری جانب پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق نے بھارت اور انگلینڈ کے پلیئرز کو اہم مشورہ دیا ہے اور ساتھ ہی انگلش کرکٹ میدانوں میں تماشائیوں کی کثیر تعداد پر اعتراض کردیا ہے،اپنے آفیشل یو ٹیوب چینل پر انضمام کہتے ہیں کہ میں تو پہلے ہی بول چکا تھا کہ انگلینڈ میں روزانہ 20 ہزار کووڈ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور ایسے میں بھارتی کرکٹرز کی کھلم کھلا آزادی خطرناک ہوگی،چنانچہ پھر وہی ہوا جس کا خوف تھا کہ بھارت کے ایک کرکٹر رشی پنت اور بائولنگ کوچ کو کورونا ہوگیا ہے اور اب وہ ٹیم سے الگ رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں.ابھی وہ 10 کووڈ ٹیسٹ کلیئر کرلیں لیکن ان کے لئے فوری کھیلنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ باڈی اتنے بڑے وائرس کا بوجھ اٹھانہیں سکتی ،کھیلنے کے لئے پوری پاور درکار ہے اور وہ اس کووڈ ٹیسٹ کے مثبت آنے پر فوری بحال نہیں ہوتی ہے.
سابق کپتان و سابق چیف سلیکٹر نے بھارتی اور انگلش کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کے لئے احتیاط کریں،دنیا میں اگر کرکٹ کھیلی جارہی ہے تو انہیں خوشی ہے لیکن ایسے کیسز سے خطرات بڑھ رہے ہیں اور کھیل متاثر ہوسکتا ہے،ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ انگلینڈ اور بھارت کی ٹیسٹ سیریز کوئی معمولی کرکٹ نہیں ہوگی،سب کو اس کا انتظار ہے اور ایک دلچسپ کھیل دیکھنے کو ملے گا.انضمام نے پاکستان اور انگلینڈ کے لارڈز کے ایک روزہ میچ کی مثال دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرائونڈ کا فل پیک ہونا اچھا لگا،تماشائیوں کا جم غفیرتھا لیکن کورونا کے دور میں یہ تھوڑی بے احتیاطی بھی تھی،اب انگلینڈ میں کرکٹ کے حوالہ سے کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں،اس کا نقصان ہوگا،تماشائیوں کو اس طرح اجازت ملنی چاہئے کہ احتیاط باقی رہے کیونکہ کھیل کا ہونا ضروری ہے.
ادھر زمبابوے میں آج سے ایک روزہ کرکٹ سیریز شروع ہورہی ہے،بنگلہ دیش اور میزبان ملک کے مابین ہرارے میں پہلا ون ڈے میچ ہوگا،اس سے قبل واحد ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے 220 رنزسے کامیابی اپنے نام کی تھی،یہ سیریز کسی کے لئے دلچسپی والی نہیں ہے لیکن اگر زمبابوے نے کامیابی اپنے نام کرلی تو بڑی خبر ہوگی،ورلڈ کپ سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر زمبابوے کی دوسری پوزیشن ہے.
اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے،بنگلہ دیش نے اگر یہ میچز جیت لئے تو وہ اپنی دوسری پوزیشن کو مزید مستحکم کرلے گا ،اس وقت انگلینڈ 95 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور بنگلہ دیش تینوں میچز جیت کر 80 پوائنٹس بنالےگا جس کا اسے آگے جاکر فائدہ ہوگا،اس کے مقابلہ میں پاکستان انگلینڈ میں سیریز ہارکر بدستور 40پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر چلا گیا ہے.آنے والے دنوں میں اب کی شسکستوں کا احساس زیادہ ہوگا جب ایک ایک میچ جیتنا ضروری ہوگا کیونکہ ورلڈ کپ سپر لیگ کی ٹاپ 8 ٹیموں نے 2023 ورلڈ کپ کی ٹکٹ لینی ہے اور باقی ٹیموں کو کوالیفائر میں جانا ہوگا.
بھارت اور سری لنکا کے درمیان بھی ون ڈے سیریز 18 جولائی سے کھیلی جانی ہے اور یہ سیریز سری لنکا کے لئے اہم ہے جو مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے ٹیبل پر بہت نیچے ہے لیکن ساتھ میں بھارتی ٹیم بھی فتح حاصل کرکے اپنی پرواز آگے بڑھائے گی،اسی طرح آسٹریلیا کی ٹیم بھی ویسٹ انڈیز میں ایک روزہ سیریز کھیلنی والی ہے تو چاروں جانب سے میچز ہونے جارہے ہیں جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں اچھی اکھاڑ پچھاڑ ہوگی،پاکستان کو اب ایک روزہ سیریز کے لئے ستمبر تک انتظار کرنا پڑے گا.
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا آج ٹی 20میچ،ٹرینٹ برج سے ایک خاص مدد حاصل،فتح ممکن ؟

Leave A Reply

Your email address will not be published.