شاہد آفریدی کی آج 41 ویں یا 44ویں سالگرہ،خود بتادیا،بڑے ریکارڈ واتفاق کا بھی دن

عمران عثمانی
Image By Twitter
پاکستانی آل رائونڈر شاہد آفریدی کی عمر کے حوالہ سے ہمیشہ ہی سوال رہا ہے کہ وہ کتنے برس کے ہوگئے ہیں،ان کے دوست اور قریبی لوگ اس سوال پر ہمیشہ ہی مسکراتے رہتے ہیں لیکن کرکٹ کی کتاب میں ان کی تاریخ پیدائش واضح ہے اور اس اعتبار سے آج کا دن کی زندگی کا خاص دن ہے لیکن ایک دلچسپ صورتحال ضرور چل رہی ہے کہ کرکٹ بک کے مطابق شاہد آفریدی آج 41 برس کے ہوگئے ہیں لیکن خود انہوں نے ٹویٹ کیا ہے اور اپنی فیملی ومداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں آج 44 سال کا ہوگیا ہوں،اس اعتبار سے ان کا یوم پیدائش یکم مارچ 1977بنتا ہے.
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے بڑی خدمات سر انجام دینے والے آل رائونڈر شاہد آفریدی کا دن۔
یکم مارچ 1980 ،بوم بوم آفریدی کا یوم پیدائش ہے،کرکٹ شائقین اور ان کے مداح یاد کرلیں کہ شاہد آفریدی آج 41 برس کے ہوگئے ہیں۔
انٹر نیشنل کرکٹ میں پہلی انٹری،پہلے ایک روزہ میچ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ،37 بالز پر سری لنکاکے خلاف سنچری جڑ کر انہوں نے دنیا کو بتادیا کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔4 اکتوبر 1996 کو نیروبی میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف تاریخ رقم کی،یہ ریکارڈ کئی برس ان کے نام کے ساتھ رہا۔
ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 1998 میں کیا۔آخری ٹیسٹ میچ 2010 میں لارڈز میں کھیلا۔27 میچوں میں انہوں نے1716 اسکور کئے۔156 ہائی اننگز تھی۔5سنچریز اور 8ہاف سنچریز تھیں،2006 میں بھارت کے خلاف مسلسل 2 ٹیسٹ سنچریز بھی بنائی تھیں،اس کے علاوہ انہوں نے 48 ٹیسٹ وکٹیں بھی لیں۔398 ایک روزہ میچز میں8066 اسکور بنائے،6سنچریز اور 39 نصف سنچریز بنائیں ،395 وکٹیں بھی لیں،99 ٹی 20 میچز میں1416 اسکور اور 98 وکٹیں ہیں۔یہ ایک متاثر کن ریکارڈ ہے۔پاکستان کی جانب سے آخری ون ڈےورلڈ کپ 2015 اور آخری ٹی 20ورلڈ ٹی20 میں 2016 میں کھیلا تھا۔
شاہد آفریدی 2007ورلڈ ٹی 20 کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے،اس کے 2 سال بعد 2009 میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان کو چیمپئن بنوانے میں اہم کردار تھا،انہوں نے سیمی فائنل اور فائنل میں ہاف سنچریز اسکور کیں،شاہد آفریدی ٹیسٹ کرکٹ سے 2 بار ریٹائرڈ ہوئے جبکہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی کپتانی بھی کی۔پاکستان کے لئے وہ 20 سال کرکٹ کھیلے ہیں۔
چھکوں کی وجہ سے شہرت رکھنے والے شاہد آفریدی کا نام بوم بوم آفریدی رکھا گیا جو بے حد مقبول ہوا۔
اپنی تیز ترین لیگ اسپن بائولنگ کی وجہ سے وہ اب بھی ہر لیگ کی ڈیمانڈ ہوتے ہیں،حالیہ پی ایس ایل میں ملتان کی نمائندگی کر رہے ہیں،وہ مکمل فٹ ہیں اور اگلے 3سے 4 سال کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
شاہد خان آفریدی پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے کرکٹ فینز کے پسندیدہ کرکٹر رہے ہیں،اپنے بالوں ،اپنے ایکشن اور اپنے اسٹائل کی وجہ سے وہ نوجوانوں میں اب بھی مقبول ہیں۔
آج ہی کے دن یعنی یکم مارچ 1958 کو ویسٹ انڈیز کے 21 سالہ بیٹسمین سر گیری سوبرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈ 365 رنزکی اننگ کھیلی جو 1994 تک پہلے نمبر کا ریکارڈ بنی رہی۔آج ہی کے روز ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کوہرادیا۔2003 ورلڈ کپ جنوبی افریقا میں کھیلا گیا تھا۔
یہ دن 1992 ورلڈ کپ کے حوالہ سے پاکستان کے لئے اہم رہا جب ٹیم ایڈیلیڈ میں انگلینڈ کے خلاف 74کے قلیل اسکور پر ڈھیرہوگئی،اس کے بعد شکست یقینی تھی لیکن بارش نے پاکستان کو یقینی شکست سے بچالیا،میچ ختم ہونے پر ایک پوائنٹ ملا جو آگے جا کر بہت کام آیا۔
ایک اور پاکستانی اسپنر عبد الرحمان کی پیدائش بھی آج کے دن ہوئی وہ بھی 1980میں پیدا ہوئے۔اعظم خان،ظہور الٰہی،سجاد اکبر اور شاہد اسرار بھی آج کے روز پیدا ہوئے ۔