پھر بارش،پھر میچ منسوخ،ٹی 20 سیریز تو جیت لی،پاکستان کی پریشانی بڑھ گئی

0 178

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی 5 میچزکی سیریز 4 میں بدلی اور پھر 4 میچزکی یہ سیریز ایک میچ پر تمام ہوئی ہے.منگل کو گیانا میں ہونے والی تیز بارش نے ایک بار پھر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا ٹی 20میچ لپیٹ دیا ہے،امپائرز نے آخری لمحات میں 9 اوورز فی اننگ کا میچ کروانے کا اعلان کیا لیکن بعد میں وکٹ اور قریبی ایریا کے بہتر نہ ہونے پر میچ منسوخ کردیا گیا،چنانچہ کرکٹ شائقین ایک بار پھر شارٹ فارمیٹ کے شارٹ اوورز اسپیل کو بھی نہیں دیکھ پائے اور میچ گزشتہ میچز کی طرح لپیٹ دیا گیا.
چوتھے ٹی 20 میچ کا ٹاس پاکستانی کپتان بابر اعظم نے جیتا تھا،کرک سین نے گزشتہ رات اپنے تبصرے میں یہی لکھا تھا کہ ٹاس کا سکہ بابر اعظم کے حق میں جاسکتا ہے اور چونکہ بارش کی پیش گوئی ہے،اس لئے اس بار ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے فیلڈنگ پر ہی جائے گی کیونکہ بارش کے بعد اوورز کی کٹوتی کے ساتھ ہدف کے تعاقب میں قدرے آسانی ہوسکتی ہے اور یہ بات ویسٹ انڈین بھی جانتے تھے اس لئے انہوں نے اننگ کے آغاز سے ہی تیز بیٹنگ کی اور 3 اوورز میں 10کیاوسط سے 30 رنز جوڑلئے ،یہ ایسا آغاز تھا کہ جس کا مطلب 200 سے زائد اسکور بھی ہوسکتا تھا،محمد حفیظ جنہوں نے گزشتہ میچ میں 4 اوورز میں صرف 6 رنز دیئے تھے،اب ایک اوور میں 14 رنز دے گئے،حالات پاکستان کے لئے مشکل ہوسکتے تھے کہ بارش نے میچ ایسا روکا کہ پھر ممکن نہ ہوسکا.
میچ ختم کرنا پڑا
امپائرز نےمقامی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے 9،9 اوورز کے میچ کا اعلان کیا لیکن خود ہی اس اعلان سے پیچھے ہٹ گئے،گرائونڈ اور پچ مناسب حال میں نہیں تھی،اس لئے آخر کار میچ ختم ہی کرنا پڑا.پاکستان نے 4 میچزکی یہ سیریز 0-1 سے جیت لی،اس طرح انگلینڈ میں ناکامی کے بعد اکلوتے میچ کی جیت کے ساتھ سیریز کی ٹرافی کا ریکارڈ بک میں رہنا بھی ایک اعزاز ہوگیا ہے اور کہنے کو یہ بھی بہت ہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ویسٹ انڈیز میں ایک بار پھر ٹی 20 سیریز میں ہرادیا ہے.
ورلڈ ٹی 20 کے لئے 3 میچزکا بارش کی نذر ہونا اچھا شگون نہیں ہے،اس لئے کہ پاکستانی ٹیم کو اچھی پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا ہے اور ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی باتیں بھی نرالی رہی ہیں.کورونا کے آنے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچز میں تاخیر کی اور پاکستان کا ایک میچ کم کردیا لیکن اس سے یہ نہیں ہوسکا کہ محکمہ موسمیات کو سامنے رکھتے ہوئے گیانا کی جانب رجوع نہ کیا جاتا،اس لئے کہ مقامی طور پر پورے ہفتہ میں بارش کی پیش گوئی تھی اور ایسا ہی ہوگیا،ایسےحالات میں میچزکے مقامات میں تبدیلی سے کوئی مسئلہ نہیں ہونا تھا،کیریبین بورڈ کے یہ اپنے فیصلے و معاملات ہیں کہ جس کا اسے سامنا کرنا پڑا ہے.
پاکستان مڈل آرڈر کا مسئلہ
اب اس بات کو ہی ذہن میں رکھیں کہ پاکستان کا مڈل آرڈر کا مسئلہ حال نہیں ہوسکا ہے ،اگر میچز مل جاتے تو اعظم خان یا کوئی اور تجربہ ہوتا تو حالات کچھ اور ہوتے،اب ٹی20 سائیڈ میں ایک عرصہ سے جاری مڈل آرڈر بیٹنگ کے مسائل کے حل کا وقت گزر گیا ہے،ورلڈ ٹی 20 سےق بل نیوزی لینڈ کے خلاف میچز تو مل جائیں گے لیکن انگلینڈ کے خلاف میچز اب مشکوک ہوگئے ہیں اور دوسری بات یہ ہے کہ میگا ایونٹ سے محض 4 ہفتہ قبل ایسے تجربات زیادہ نہیں کئے جاسکتے.
محدود اوورز ٹیم کے کھلاڑی اب وطن واپس
پاکستان کے محدود اوورز ٹیم کے کھلاڑی اب وطن واپس آئیں گے جب کہ ٹیسٹ کھلاڑی ویسٹ انڈیز ہی میں رہیں گے،اتفاق سے پاکستان کا چوتھا ٹی 20 میچ3 اگست کو ختم ہوگیا،اب ٹیسٹ میچ 12 اگست سے شروع ہونا ہے،قریب 9 دن کا لمبا وقفہ باقی ہے،اس دوران کھلاڑی آرام بھی کریں گے اور ٹریننگ بھی ہوگی لیکن ایک ٹی 20 میچ کم کرتے ہوئے ان ایام پر نظر دوڑائی جاسکتی تھی جوکہ نہیں ڈالی گئی.یہ افسوسناک امر ہے.
ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان کے لئے کھلا چیلنج ہوگی کیونکہ آخری بار مصباح کی قیادت میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز میں تاریخ کی پہلی ٹیسٹ سیریز جیتی تھی،اس ریکارڈ کو برقرار رکھنا ہوگا اور دوسری اہم بات یہ ہے کہ پاکستان طویل عرصہ سے ملک سے باہر ٹیسٹ سیریز ہار رہا ہے،کہاں انگلینڈ ،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ اور کہاں جنوبی افریقا،اسی طرح سری لنکا سے لے کر کسی بھی ملک تک میں ناکامی مقدر بنی ،اب زمبابوے میں ٹیسٹ کامیابی کو بڑی بات نہ سمجھا جائے تو بہتر ہی ہوگا.
تھنک ٹینک کے ٹی 20 پلان پرنگاہ رکھنے کی ضرورت
پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی اپنے تھنک ٹینک کے ٹی 20 پلان پرنگاہ رکھنے کی سخت ضرورت ہے کیونکہ مدل آرڈر میں مسلسل مسائل کھڑے ہیں،سیریز جیتنے کے باوجود کرکٹ کے سنجیدہ حلقوں میں پریشانی کی لہر موجود ہے اور ان کا خیال یہ ہے کہ یہ مسائل آنے والے دنوں میں نہایت ہی سنگین ہوجائیں گے.اگلے پلان میں صہیب مقصود ہونگے یا کوئی اور ،اس کے بارے میں فیصلہ ہوگا،اسی طرح اگر اعظم خان ہوئے تو سوال ہوگا کہ کس بنیاد پر لائے جارہے ہیں.
قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل 11 کھلاڑی 4 اگست کو آج وطن واپس روانہ ہوں گے.یہ تمام کھلاڑی 5 اور 6 اگست کی درمیانی شب پاکستان پہنچیں گے
یہ 11 کھلاڑی بارباڈوس سے بذریعہ لندن رات 12 بجے لاہور پہنچیں گے.ان کھلاڑیوں میں عماد وسیم، محمد حفیظ، شاداب خان اور شرجیل ، عثمان قادر، محمد حسنین، محمد وسیم جونیئر اور ارشد اقبال شامل ہیں.
فخر زمان، اعظم خان اور صہیب مقصود بھی جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لاہور پہنچیں گے.دوسری جانب قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا ٹریننگ سیشن شیڈول آگیا ہے. قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی پوسٹ سیریز پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے.قومی ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ سے اب امیدیں وابستہ ہوگئی ہیں .بابر اعظم کی قیادت میں ٹیسٹ پلیئرز نئی صف بندی کر رہے ہیں اور یہ بھی اہم بات ہے کہ ویسٹ انڈیز میں کسی غیر ملکی ٹیم کا ٹیسٹ سیریز جیتنا آسان نہیں ہوتا.وہاں کی جیت کو نہایت اہم جانا جاتا ہے .
کرک سین نے اپنے تبصرے میں کل لکھا تھا کہ چوتھا ٹی 20 میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے اور اب ٹیسٹ سیریز میں بھی خراب موسم کے آڑے آنے کے امکانات موجود ہیں.
یہ بھی پڑھیں
گیانا میں آج پھر بارش کا ڈر،چوتھے ٹی 20 میچ کا ممکنہ نتیجہ کیا ہوسکتا

Leave A Reply

Your email address will not be published.