ٹیسٹ سیریز،6 باب میں ویسٹ انڈیز اور 2 میں پاکستان کو خسارہ،دلچسپ تحقیق

0 218

تحقیق و تحریر : عمران عثمانی
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے آغاز میں اب زیادہ وقت نہیں رہا،دونوں ٹیمیں جمیکا اتر چکی ہیں اور صف بندی جاری ہے،ابتدائی پریکٹس اور انٹرا اسکواڈ میچزبھی ہوگئے ہیں،اب تو میچ سے قبل روٹین کی ٹریننگ ہونی ہے اور 12 اگست میں کتناہی وقت بچا ہے کہ جو دیر سے آئے،چنانچہ جمعرات 12 اگست کو پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوگا.کرک سین کا یہ معمول رہا ہے کہ پاکستان کی سیریز سے قبل وہ مختلف انداز میں سابقہ تاریخ کو گھنگالتا ہے اور اس سے کئی نئی باتیں سامنے آتی ہیں،کئی نئی جہتیں کھلتی ہیں اور کئی نئے زاویے دکھائی دیتے ہیں اور یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ آنے والی سیریز کون جیتے گا،چنانچہ کرک سین اپنے سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک بار پھر اس بات کا مختلف آرٹیکلز میں جائزہ لے گا اور ہر آرٹیکل کے آخر میں پیش کئے گئے حقائق کی روشنی میں اپنی رائے بھی دے گا.
کرکٹ تاریخ 63 سالہ پرانی
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ تاریخ 63 سالہ پرانی ہے لیکن دونوں کی ٹیسٹ تاریخ اس وقت تک 59 سالوں پر محیط ہے کہ 2017 کے بعد تاحال کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہوئی ہے،البتہ 1958 سے 2017 کے مابین کھیلے گئے دونوں ممالک کے باہمی ٹیسٹ میچزکا جائزہ لیا جائے تو59 برس میں 52 ٹیسٹ میچز زیادہ نہیں ہیں.پاکستان نے 20 میچز جیتے ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کو 17 میں کامیابی ملی ہے اور15 میچز ڈرا رہے،گویا دونوں ممالک میں کھیلے گئے میچزمیں فیصلہ کن ہونے کی شرح زیادہ ہے.پاکستان نے 657 کا ٹوٹل بھی دیکھا ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 77 کی ہزیمت بھی دیکھی ہے.اس کے مقابلہ میں کالی آندھی نے 790 کا ٹوٹل لگاکر پاکستان کے حواس گم کئے ہیں لیکبن ساتھ ہی خود 53پر ڈھیر ہوکر دنیا کو حواس باختہ دکھائی دیئے تھے.
پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں اب تک 17 ٹیسٹ سیریز
پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں اب تک 17 ٹیسٹ سیریز ہوچکی ہیں .یہاں دلچسپ ریس ہے،ویسٹ انڈیز نے 5 سیریز جیتی ہیں جب کہ پاکستان کو معمولی برتری ہے کہ اس نے 6 سیریزکی ٹرافیز اپنے نام کیں جب کہ 5 سیریز ڈرا رہی ہیں.بابر اعظم کو یہ بات یاد رکھنی ہوگی کہ پاکستان 21 سال سے ویسٹ انڈیز سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہارا ہے.ویسٹ انڈیز نے اپنے ملک میں پاکستان کو آخری بار 2000 میں شکست دی تھی جب اس نے 3 میچزکی سیریز 0-1 سے جیتی تھی.اس سیریز کے بعد اب تک 6 سیریز اور ہوچکی ہیں لیکن ویسٹ انڈیز اپنے ملک سمیت پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا مگر نہیں جیت سکا،اس لئے بابر اعظم کے لئے یہ ایک بڑا چیلنج ہے کہ 20 بلکہ 21 سال سے پاکستان 6 سیریز کھیل کر بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقابل شکست ہے.
ویسٹ انڈیز رواں صدی میں صرف 4 ٹیسٹ میچز ہی جیت سکا
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف رواں صدی میں صرف 4 ٹیسٹ میچز ہی جیت سکا ہے اور اس میں 2000کی سیریزکا میچ بھی ہے،آخری فتح اسے 2016 میںً شارجہ میں ملی تھی،یہ ویسٹ انڈیز کا حال ہے جب کہ پاکستان نے اس صدی میں اب تک کھیلے گئے16 میچزمیں سے 9 میں جیت اپنے نام کی ہے ،ویسٹ انڈیزکی 4 فتوحات جمع کی جائیں تو 13میچز بنتے ہیں،اس کا مطلب یہ ہوا ہے کہ 3میچز رواں صدی میں ڈرا ہوئے ہیں جو کہ بہت کم ہیں اور اچھی بات ہے تو بابر اعظم کے لئے تیسرا بڑا چیلنج یہ ہوگا کہ وہ دفاعی کھیل کی بجائے اٹیکنگ کرکٹ کھیلیں اور میچزکے جیتنے کی جانب جائیں،آخری ٹیسٹ 2006 میں ڈرا ہوا تھا اور اس کے بعد سے اب تک کھیلے گئے تمام 7 میچز فیصلہ کن رہے ہیں.
پاکستان کو ایک خسارہ
ایک بات ایسی ہے کہ جہاں پاکستان کو خسارہ ہے اور وہ یہ کہ ویسٹ انڈیزمیں کھیلے گئے 26 میچزمیں سے پاکستان کو صرف 7 میں کامیابی ملی ہے اور اس کے مقابل 12 میچزمیں شکست ہوئی ہے،7میچز ڈرا رہے ہیں،دیگر ممالک کے مقابل پاکستان کا ریکارڈ بہتر ہے لیکن بہر حال ویسٹ انڈیز کو ویسٹ انڈیز میں ہرانا ہردور میں ہی مشکل رہا ہے .بابر اعظم کو یہ مشن بھی دیکھنا ہوگا.کیریبین میدانوں میں کھیلی گئی اب تک کی تمام 8 سیریزکو دیکھا جائے تو بھی پاکستان کو خسارہ ہے،اسے 4 میں شکست ہوئی ہے اور 3 ڈرا رہی ہیں جب کہ ایک سیریز پاکستان کے نام آئی،پاکستان نے یہ سیریز کب جیتی،کیسے جیتی اور یہ کتنی تاریخی تھی،اس کا ذکر الگ چیپٹر میں آئے گا.یہاں ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی 8 ٹیسٹ سیریز کا اجمالی جائزہ لیتے ہیں.

ویسٹ انڈیز میں پاکستان کی تمام 8 ٹیسٹ سیریزکا خلاصہ

پہلی ٹیسٹ سیریز،1958 کے دورہ ویسٹ انڈیز میں 5میچزکی سیریز پاکستان 1-3 سے ہار گیا.
دوسری ٹیسٹ سیریز،1977 کی دوسری ٹیسٹ سیریز بھی 5میچزکی تھی،ویسٹ انڈیز1-2 سے جیت سکا.
تیسری ٹیسٹ سیریز،1988 کی تیسری ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے جم کر مقابلہ کیا اور 1-1سے ڈرا کھیلی.
چوتھی ٹیسٹ سیریز،1993 میں پاکستان کو 3 میچزکی سیریز میں 0-2 کی شسکست ہوگئی.
پانچویں ٹیسٹ سیریز،2000میں ویسٹ انڈیز نے 3میچزکی سیریز0-1 سے اپنے نام کی.
چھٹی ٹیسٹ سیریز،2005 کی اس سیریز کے 2میچز تھے ،مقابلہ 1-1سے برابر رہا.
ساتویں ٹیسٹ سیریز،2011 میں بھی 2 میچزکی ٹیسٹ سیریز ویسٹ انڈیز میں 1-1سے برابر رہی
آٹھویں ٹیسٹ سیریز،2017 میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ویسٹ انڈیز میں پہلی بار کسی ٹیسٹ سیریز میں شکست دی اور3میچزکی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی.
رواں صدی میں پاکستان کا ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ میچزکا ریکارڈ بھی اچھا ہے،10میچزمیں مقابلہ 4-4سے برابر ہے جب کہ 2میچز ڈرا ہوئے ہیں.اس لئے اب وہ بات نہیں رہی ہے کہ ویسٹ انڈیز کا ہوا قائم ہو،کالی آندھی کا ڈر ہو اور یاپھر یہ کہ وہاں جیتنا جیسے ممکن ہی نہیں ہے.اب تک کی گئی بحث کی روشنی میں مندرجہ ذیل پوائنٹس ہائی لائٹ ہوتے ہیں.
پہلا یہ کہ پاکستان کو مجموعی ٹیسٹ میچز میں ویسٹ انڈیز پر برتری حاصل ہے ،یہ ایک مثبت پوائنٹ ہے.
دوسرا یہ کہ مجموعی ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان کو برتری ہے، ایک سیریز زیادہ جیتی ہے، اہم ترین بات ہے حق میں جاتی ہے.
تیسرا پہلو یہ ہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز میں رواں صدی میں جتنے میچز کھیلے ہیں،برابری کا مقابلہ کیا ہے.
چوتھا پہلو یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز 21 برس سے پاکستان کے خلاف اپنے ملک سمیت ہر جگہ ناکام ہے.
ویسٹ انڈیز میں مجموعی میچزمیں پاکستان کو خسارہ ضرور ہے لیکن یہ میزبان ٹیم کے اچھے دنوں کی بات ہے،پریشانی کا پہلو نہیں ہے.
چھٹا پہلو یہ ہے کہ پاکستان گزشتہ 16میچزمیں سے 9 جیتا ہے اور صرف 4 میں اسے شکست ہوئی ہے.
یہ بھی پڑھنا مت بھولئے
فتح کے ارماں بارش میں بہہ گئے،ناٹنگھم ٹیسٹ ڈرا

Leave A Reply

Your email address will not be published.