ستمبر 2021،پی ایس ایل اور آئی پی ایل ٹیموں کی لندن میں ٹاکرے کی تیاریاں،2مزید اہم خبریں

رپورٹ وتجزیہ:عمران عثمانی

پاکستان اور بھارت کے حالات کی بہتری کی بات جیسے ہی عام ہوئی تو دونوں ممالک کی باہمی سیریز عملی طور پر بحال ہونے سے قبل دوسرے ممالک نے اس سےفائدہ اٹھانے یا یوں کہہ لیں کہ اپنے سارےنقصانات دور کرنےکی پلاننگ شروع کردی ہے اور اس سلسلہ میں انگلینڈ نے خاصا ہوم ورک بھی کرلیا ہے اور اس سال اوول میں پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنےوالی ٹیموں کو ایک دوسرےکے سامنے لاکھڑا کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیاہے.ستمبر میں آئی پی ایل اورپی ایس ایل ٹیمیں اوول کرکٹ گرائونڈ میں آمنے سامنے ہوسکتی ہیں.کرک سین کا یہ ماننا ہے کہ پوری دنیا پاک بھارت مقابلوں کی اہمیت،کمائی اور فائدے سے آگاہ ہے،اس لئے ابھی پاک بھارت مقابلےکی باقاعدہ وسل نہیں بجی ہے لیکن اس کے آس پاس دیگر منصوبے آگے پیچھے ہونے لگے ہیں.

انگلینڈ کرکٹ سیزن کے آغاز میں اب چند دن ہی باقی رہ گئے ہیں،کورونا کی وجہ سے گزشتہ سال 100ملین پائونڈز سے زیادہ کا خسارہ برداشت کرنے والا ای سی بی اور اس سے متصل کائونٹیز اس سال اپنے مالیاتی خسارے کو نہ صرف دور کرنے بلکہ کمانے کی فکر میں ہیں،اس سلسلہ میں متعدد پلان بن رہے ہیں،ایسا ہی ایک نیا پلان سامنے آیا ہے.

پاک بھارت سیریز کی باتیں اب عام،کرک سین50روز قبل انکشاف کر چکا،پہلا ٹاکرا کب ہوگا

اس سال انگلینڈ میں ٹی 20 لیگز کے ایک منی ٹورنامنٹ کےا نعقاد کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے ،اس میں بھارت کا غلبہ ہوگا لیکن پاکستان سمیت دیگر ممالک کی بھی نمائندگی ہوگی.کرک سین نے گزشتہ روز ایک تحقیقاتی رپورٹ پیش کی تھی کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈبھارت کی آئی پی ایل فرنچائزز کو 100 بالز کے نئے ایونٹ میں ہر دو صورت لانا چاہتا ہے اور اس کے لئے شیئرز کے ساتھ ساتھ میچز بھی سوچےجارہے ہیں،آج اس سے بھی بڑھ کر ایک نئے پلان کا انکشاف ہوا ہے.

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی آشیر باد سے انگلش کائونٹی سرے نے اس پر کام شروع کردیا ہے.ڈیلی ٹیلی گراف نے انکشاف کیا ہےکہ یہ تجویز فائنل ہے کہ سالانہ بنیادوں پر ایک منی ٹورنامنٹ کروایا جائے جس میں آئی پی ایل ٹیموں کے ساتھ پاکستان،ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹی 20 لیگز چیمپئن ٹیمیں مدعو کی جائیں اوراس کے لئے ستمبر کی ونڈو سوچی گئی ہے،ای سی بی اس سلسلہ میں حتمی معاملات اسی ہفتہ میں فائنل کرلے گا.اگر ایسا ہوا تو پاکستان کی پی ایس ایل چیمپئن ٹیم مدعو ہوگی،میچز اوول میں کھیلے جائیں گے،فی میچ کی ٹکٹ اور براڈ کاسٹنگ آمدنی ملین پائونڈز کی سوچی گئی ہے.

کرک سین نے اس کے آغاز میں بھی تبصرہ کیا تھا اور اب پھر کر رہا ہے کہ دیگر ممالک کو فائدہ دینےکی بجائے پاکستان اور بھارت پہلے اپنے ماضی کے نقصانات دور کریں اور ایک دوسرے کےہاں یہ چیمپئنز لیگ ٹائپ کے منصوبے بنائیں تاکہ براہ راست فائدہ ان 2ممالک کو ہو.

دوسری جانب انگلینڈ میں اس سال کے کائونٹی سیزن کےآغاز سے قبل ایک نئی مشکل کھڑی ہوگئی ہے.ہوو گرائونڈ کی آئوٹ فیلڈ پرکرین مکھیوں کا حملہ ہوگیا ہے جس سے گرائونڈ کی آئوٹ فیلڈبری طرح متاثر ہوگئی ہے.انگلش اخبار ڈیلی میل کے مطابق سسیکس کائونٹی کا یہاں شیڈول پہلا میچ ممکن نہیں ہوسکے گا،انگلش کائونٹی 2021کا یہ مقابلہ جو کہ لنکا شائر سے ہونا ہے،اولڈ ٹریفورڈ میں منتقل ہوجائے گا.یہ اپنی نوعیت کا منفردواقعہ ہے کہ مکھیوں نےگرائونڈ کی گھاس کھالی اور آئوٹ فیلڈ اتنی گیلی کردی ہے کہ یہاں میچ بھی ممکن نہ ہو.

بنگلہ دیش کی آزادی کے 50ویں سال کے یوم آزادی پر بنگلہ دیشی ٹیم ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ کھیل رہی ہے.3میچزکی سیریز کے آخری میچ میں اس نے بااعتماد آغاز کیا ہے.میزبان ٹیم نے ویلنگٹن میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بنگلہ دیشی بائولرز نے 57 کے اسکور تک ٹاپ تھری کیویز بلےباز شکار کرلئے تھے.مارٹن گپٹل26،ہنری نکلوس 18 اور 2میچزکے بعد واپسی کرنے والے تجربہ کار راس ٹیلر صرف 7رنزبناکر آئوٹ ہوگئے ہیں.رابل حسین نے 2اورتسکین احمد نے ایک وکٹ لی ہے.نیوزی لینڈ نے20ویں اوورز میں 3وکٹ پر100رنزمکمل کرلئے تھے.