دوسرا ون ڈے آج،سری لنکاسبکی،بنگلہ دیش حیران کن طور پر نمبر ون بننے کے قریب،بریکنگ نیوز

تجزیہ : عمران عثمانی

سری لنکن کرکٹ ٹیم آج منگل 25 مئی کو کڑے امتحان کا شکار ہے جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے حالات پاکستان کے 3 سالہ دور سے بھی زیادہ خراب ہوگئے ہیں کیونکہ ان کی ٹیم اپنے ہیڈ کوچ کو سکون کا سانس ہی نہیں لینے دے رہی ہے.آئی لینڈرز بنگلہ دیش کے دورے میں 3 ایک روزہ میچزکی سیریز کا پہلا میچ بد ترین انداز میں ہارچکے ہیں،تاریخ میں پہلی بار بنگلہ دیش سے باہمی ایک روزہ سیریز ہارنے کے خطرے سے دوچار ہیں.ساتھ میں ایک اور برا تمغہ اپنے گلے میں پہن چکے ہیں جبکہ ٹاپ ایک روزہ ٹیموں کے گلے کا ہار بنوانے کا سبب بھی بن سکتے ہیں.

کرک سین آج ہونے والے میچ کے حوالہ سے متعدد اہم باتوں کی جانب اشارہ کر رہا ہے.دونوں ٹیمیں آج ڈھاکا میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12بجے مد مقابل ہونگی.میزبان ٹیم کو سیریز میں برتری حاصل ہے،آج کا میچ جیت کر وہ لاک لگادے گی جبکہ ہارنے کی صورت میں بھی اس کے پاس ایک چانس اور ہوگا کہ وہ فیصلہ کن میچ میں کامیابی کو گلے لگالے.بنگلہ دیشی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی جبکہ مہمان ٹیم میں ایک تبدیلی اور بیٹنگ آرڈر میں اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے.کپتان پہلے ہی تبدیل ہے اور کئی سینیئر پلیئر نہیں ہیں،یہ بات بھی خاصی دلچسپ ہے کہ سری لنکا ایک بار کا ورلڈ چیمپئن ہے لیکن اس کے پاس اس وقت تجربہ کی کمی ہے،کپتان کوشال پریرا 102 ایک روزہ میچز کا تجربہ رکھتے ہیں،اس کے مقابل سری لنکا کے 4پلیئرز محمودا اللہ،شکیب الحسن،تمیم اقبال،مشفق الرحیم 844 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں،ان میں سے سب کم محموداللہ کے 195 میچز سری لنکا کے کپتان کے 102میچز سے کہیں زیادہ ہیں.

سری لنکا ہار گیا،فتح کے باوجود بنگلہ دیش بورڈ برہم،پوائنٹس ٹیبل پر زبردست ہلچل

ایک اور بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں ہےکہ ورلڈ کپ سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سمیت کسی بھی ٹیم کے 40سے زائد پوائنٹس نہیں ہیں،بنگلہ دیش ایک فتح سے پہلے نمبر پر آجائے گا اور پوائنٹس کی ہاف سنچری کرنے والا پہلا ملک بن جائے گا جبکہ دوسری جانب سری لنکا منفی 2 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں اور آخری نمبر پر ہے،یہ بات بھی سابق عالمی چیمپئن ٹیم کے لئے سبکی کا باعث ہے.مکی آرتھر اپنے رد عمل اور غصہ کے حوالہ سے خاصے مشہور ہیں،اگر یہ سیریز ہارے تو ان کی صحت بھی خراب ہوسکتی ہے.

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈھاکا میں تیز بارش کی توقع ہے،میچ متاثر ہوسکتا ہے.یہ بھی ممکن ہے کہ میچ مکمل طور پر بارش کی نذر ہوجائے.