دوسرا ون ڈے آج،برسات میں کتنے اوورز ممکن،میچ کس کا،خصوصی رپورٹ
رپورٹ و تجزیہ : عمران عثمانی
ہفتہ 10جولائی کو لندن میں پاکستان اور انگلینڈ کا دوسرا ایک روزہ میچ ہے اور اسی روز محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی کی ہے .بارش،سیریز میں خسارے اورایک بار پھر سیریز نہ جیتنے کا خوف پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں موجود ہوگا.دونوں ممالک کے مابین دوسرا ون ڈے میچ آج کھیلا جارہا ہے اور اہم بات یہ ہے کہ یہ میچ گزشتہ میچ کی طرح ڈے نائٹ نہیں ہے،چنانچہ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 اور لندن کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوگا،ایسے میں محکمہ موسمیات نے جو پیش گوئی کی ہے،اس کے مطابق صبح 9 سے 12 اور پھر 2 بجے ،4 اور 6 بجے بھی بارش کی پیش گوئی ہے،چنانچہ میچ بری طرح متاثر ہونے کا امکان موجود ہے.اتفاق سے انگلینڈ نے پہلی بار اعلان کر رکھا ہے کہ میچ کے لئے ہائوس فل ہوگا اور تماشائیوں کے لئے مخصوص تعداد میں آمد کی شرط کو ختم کیا گیا ہے.
ایک تبدیلی کا امکان
پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے لیکن اگر بارش کا ماحول غالب رہا تو پھر یہ بھی شاید نہ ہو کیونکہ ایسے موسم میں اسپنر کا کردار محدود ہوجاتا ہے،پاکستانی ٹیم نے پہلے میچ میں کسی اسپنر کو موقع نہیں دیا تھا،حارث رئوف کی جگہ محمد حسنین کو کھلائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں لیکن پیسر کی جگہ پیسر کی آمد پلاننگ کی تبدیلی کا اشارہ نہیں دے رہی ہیں .گرین کیپس میزبان ٹیم کا قلعہ ہوم آف کرکٹ میں سر کرنے کے لئے پرعزم ہیں لیکن یہ بات اپنی جگہ موجود ہے کہ پہلے میچ میں جس طرح کی شکست ہوئی ہے،اس کا دبائو بھی بھر پور انداز میں سامنے آیا ہے،اس سے نکلنے کے لئے زبردست پلاننگ کی ضرورت ہوگی.2019 کے ورلڈ کپ کے دوران بابر اعظم نے یہاں جنوبی افریقا کے خلاف 69 اور بنگلہ دیشی سائیڈ کے خلاف 96 کی اننگز کھیلی تھیں،امام الحق نے بھی سنچری بنائی تھی،شاہین آفریدی نے کیریئر بیسٹ بائولنگ کی تھی تو کئی اعتبار سے موجودہ پلیئرز اس مقام کو اپنے لئے آئیڈیل جانتے ہوئے دبائو سے آزاد ہونگے.انگلش کرکٹ ٹیم کی کوالٹی تو یہ نکلی ہے کہ اس نے تتر بتر ہونے،نئے پلیئرز کے آنے،نئے کپتان کے ہونے پر بھی شاندار فتح اپنے نام کرلی ہے،اس لئے اس کے اعتماد کی تو بات ہی الگ ہوگی.
ٹاس کون جیتے گا
کرک سین نے جیسا کہ گزشتہ آرٹیکل میں لکھا تھا کہ لارڈز کی فضائیں ٹاس کی حد تک پاکستان کے لئے نہایت موزوں ہیں،آپ اندازا کریں کہ یہاں کھیلے گئے اوور آل 13 ون ڈے میچزمیں سے 11 کا ٹاس گرین کیپس کے کمانڈر کے نام رہا ہے اور انگلینڈ کے خلاف 8 میں سے 6 ٹاس جیتے ہیں تو اس بار بھی یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے،پاکستان کے کپتان بابر اعظم کے حق میں ٹاس کا سکہ گرسکتا ہے جو گزشتہ میچ میں ان کے حق میں نہ گیا تھا.سوال یہ ہے کہ بابر اعظم ٹاس جیتنے کے بعد کیا کریں گے.بارش کے ماحول میں پلاننگ تبدیل ہوجاتی ہے،اگر 12 سے 2 بجے کے درمیان کھیل ممکن ہوتا ہے تو یہ ایک مشکل ترین لمحہ ہوگا،وہ اس لئے کہ بعد میں بھی وقفہ وقفہ سے بارش کی پیش گوئی ہے تو پہلے کھیلنے والی ٹیم کو تھوڑا تیز بیٹنگ کرنی ہوگی،اس لئے کہ دوسری اننگ میں اوور کٹ کر بیٹنگ ملے تو سیکنڈ اننگ سائید مشکلات کا شکار ہو ،اس کے لئے سخت جان لڑانی پڑے گی،بارش کی صورت میں آئوٹ فیلڈ تھوڑی گیلی ہوگی اور اسکور بنانے آسان نہیں ہونگے.بہتر یہ ہوگا کہ ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کو ترجیح دے،گویا کہا جاسکتا ہے کہ ٹاس کا سکہ بابر اعظم کے حق میں ہوگا اور پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا دکھائی دے گا.
بارش کی صورت میں ممکنہ میچ
جیسا کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ میچ کا آدھا وقت بارش کی نذر ہوسکتا ہے،ایسے میں 25 سے 30 اوورز فی اننگ کا میچ ممکن ہے اور اس کے لئے پہلے بیٹنگ کرنے والی سائیڈ کو بہتر رن ریٹ کے ساتھ اسکور بنانا ہوگا،تب ہی دوسری اننگ میں مخالف ٹیم دبائو میں لائی جاسکتی ہے،اگر اسکور کم ہوا تو اتنے اوورز کی کرکٹ کو ٹی 20 میچ جان کر بعد میں بیٹ پکڑنے والے لاٹھی چارج کرسکتے ہیں،یہ بھی ممکن ہے کہ بارش اس سے بھی کم ہو،یا نہ ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ پیش گوئی سے زیادہ وقت بارش ہو اور اتنی ہوکہ کھیل ہی ممکن نہ ہوسکے،پاکستان کے لئے یہ خطرناک صورتحال ہوجائے گی.
دوسرے ایک روزہ میچ کی فاتح ٹیم
ایک ایسے میچ کے بارے میں پیش گوئی کرنا آسان نہیں ہوتا کہ جو بارش سے متاثر ہونے جارہا ہو،بارش زدہ میچ میں قسمت،چلتا وقت اور جاری صورتحال بعض اوقات فیورٹ ٹیم کو نکمی اور کمزور کو فاتح بنادیتی ہے،اس لئے اس صورت میں پیش گوئی آسان نہیں ہوتی لیکن اس کے باوجود اگر لارڈز کے ریکارڈز دیکھے جائیں،ٹاس کی تاریخ دیکھی جائے اور ٹیموں کی ظاہری حالت پر نگاہ دوڑائی جائے تو زیادہ تر چیزیں اس معرکہ کے لئے پاکستان کے حق میں جارہی ہیں ،کرک سین نے پہلے میچ کے حوالہ سے واضح لکھا تھا کہ پاکستان کی جیت کے آثار واضح نہیں ہیں لیکن اس بار کرک سین ذکر کی گئی چند وجوہ کی بنیاد پر پاکستان کو فیورٹ قرار دے رہا ہے،گویا سیریز میں برتری لینے والی میزبان انگلش ٹیم لارڈز کا معرکہ ہار سکتی ہے اور پاکستان یہ میچ جیت سکتا ہے.دونوں ٹیموں نے لارڈز میں جو 8 ایک روزہ انٹر نیشنل میچزکھیلے ہیں،ان میں پاکستان نے بھی 4 جیتے ہیں اور انگلینڈ کے حصہ میں بھی 4 ہی فتوحات آئی ہیں،اس لئے یہ نمبرز بھی اچھی ٹکر کی نوید دے رہے ہیں.بابر اعظم اور محمد رضوان بہتر ین معاون بن سکتے ہیں.پاکستانی کپتان کو اس میچ میں کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا ورنہ ان کی ٹاپ رینکنگ پر بھی اثرات پڑسکتے ہیں.دیکھنا ہوگا کہ لندن کا موسم کس ٹیم پر بھاری پڑسکتا ہے.
انگلش ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور اس کے کپتان بین سٹوکس کے لئے اہم لمحہ یہ ہوگا کہ وہ 100 ویں ایک روزہ کیپ پہنیں گے اور انکے ساتھی انہیں یاد گار موقع پر جیت کا تحفہ دینے کی کوشش کریں گے.
اہم ترین تفصیلات کے لئے یہاں کلک کریں
لارڈز میں پاکستان ایک بات کا لارڈ،انگلینڈ 18 سال سے محروم،دلچسپ معلومات