ٹرینٹ برج ٹیسٹ کا دوسرا دن ،کوہلی کے ساتھ ناقابل یقین حادثہ،ڈرامائی موڑ
ٹرینٹ برج ناٹنگھم ٹیسٹ میں پیش کی گئی پیشن گوئی کے مطابق ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بارش نے مداخلت کر دی،بارش اتنی زیادہ تھی کہ دن کے آخری سیشن کو تو مکمل طور پر ختم کرنا پڑا.بھارتی کرکٹ ٹیم کی اننگ دوسرے دن کےآغاز سے کھانے کے وقفہ تک اپنی پوزیشن مستحکم رکھی تھی.50رنزکی شراکت کے بعداسکور جیسے آسان ہوگئے تھے کیونکہ لنچ سے محض لمحہ قبل اس کی پہلی وکٹ گری جب 97 کے مجموعہ پر روہت شرما36 رنز بناکر رابنسن کا شکار بنے،ان کا کیچ سام کرن نے لیا.یہ بھارت کا شاندار آغاز تھا اور اس کی کامیابی کا اندازا اس بات سے لگالیں کہ اسی پر پہلا سیشن مکمل ہوگیا تھا.روہت شرما نے 36 رنزکی اننگ کے لئے 107 گیندیں کھیلیں اور 175 منٹ تک بیٹنگ کی.یہ وہ اسٹائل تھا جس کی شکل ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف دیکھی گئی تھی اور بھارت کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑی تھی.
بھارتی اننگ کے ساتھ پھر کیا ہوا
حد تو یہ ہے کہ جو اوپنرز37 اوورز تک بیٹنگ کرجائٰیں اور سامنے صرف 183 رنزکا اسکور ہو اور وہ 97 رنز بنابھی چکے ہوں تو کیا وہاں 33کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیاجاتا ہے،ایسا تو خود کشی والی بات ہوتی ہے اور بھارت نے لگتا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل سے نہیں سیکھا،نیوزی لینڈسے اتنی بڑی شکست سے بھی کچھ ہاتھ نہ آیا.کاھنے کے وقفہ کے بعد دوسرے اوپنر بھی روہت شرما کی نقل کرتے پائے گئے اور اگرچہ نصف سنچری بھی مکمل کرلی لیکن آپ یہ دیکھیں کہ بھارتی اننگ کے ساتھ پھر کیا ہوا.
بھارت پر حملہ
انگلینڈ کے بائولرزنے دوسرے سیشن کے آغاز میں بھارت پر حملہ کردیا.یہاں انگلینڈ کے لئے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے جمی اینڈرسن نے بھارتی اننگ کی کمر توڑ ڈالی اور اوپر تلے 2 بڑی وکٹیں اڑادیں،انہوں نے پہلے چتشور پجارا کو 4کے انفرادی اسکور پر جوس بٹلر کے ہاتھوں کیچ کروادیا.اس وقت بھارت کا اسکور 103تھا.جمی اینڈرسن نے اننگ بلکہ میچ کی سب سے بڑی وکٹ حریف کپتان ویرات کوہلی کا شکار کرکے اڑالی.کوہلی کھاتہ بھی نہ کھول سکے اور جوس بٹلر کو کیچ دے گئے،بھارتی اننگ میں سراسیمگی پھیل گئی تھی،اسی بدحواسی میں 8 رنزکے اضافہ کے بعد ایک اور مستند بیٹسمین اجنکا رہانے 5رنزبناکر رن آئوٹ ہوگئے.بھارت نے چاروں وکٹیں 15رنزکے اندر گنوادی تھیں،جس کا ایک مطلب یہ بھی تھا کہ اگلی 6 وکٹیں 25 رنز کے اندر گرسکتی تھیں.
غیبی مدد کی توقع
انگلینڈ جو پہلی اننگ میں ناکامی،بھارت کی 97 رنزکی شراکت کو دیکھتے ہوئے غیبی مدد کی توقع کر رہا تھا،وہ بارش کی شکل میں ایسے وقت میں آئی کہ خود انگلش ٹیم اور اس کے بائولرز کے لئے مسئلہ بن گئی،اٹیکنگ بائولنگ کی فضا بن چکی تھی اور مہمان ٹیم شدید دبائو میں آگئی تھی کہ ایسے میں پہلے خراب روشنی کی وجہ سے کھیل روکا گیا جو بعد میں بارش کی وجہ رکا رہا،اسی میں چائے کا وقفہ آگیا اوراسی میں کھیل ختم ہونے کا اعلان بھی آگیا.اب یہ بات تو ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ ٹرینٹ برج ٹیسٹ کے دوسرے روز کی بارش نے بھارت کی مدد کردی ہے جو شروع کی 4 وکٹیں جلدکھونے کے بعد کسی بھی وقت سمٹ سکتی تھی ،اس لئے معاملہ اب تیسرےروز تک ٹل گیا ہے،جمعہ کو تیسرے روز کا سیشن بھارت کے لئے اچھا بھی ہوسکتا ہے کہ وہکم سے کم خسارے سے باہر نکل جائے.کے ایک راہول جو روہت شرما کے ساتھ اوپننگ کرنے آئے تھے،وہ 57 رنزکے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں،انہوں نے اب تک 151 بالیں کھیل لی ہیں اور ان کا سٹرائیک ریٹ بھی 37ہی ہے جو کہ کسی طرح بھی قابل تعریف نہیں ہے.رشی پانت 8بالز پر 7رنزکے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں.بھارت نے 46 اوورز اور 4 بالز کی بیٹنگ میں 4 وکٹ پر125 رنزبنالئے ہیں.اسے انگلینڈ کی پہلی اننگ کا اسکور پورا کرنے کے لئے مزید 58 رنز بنانے ہیں.
انگلینڈ کی جانب سے جمی اینڈرسن نے 14 اوورز میں 15 رنز دے کر 2 وکٹیں لے لی ہیں جب کہ اولی رابنسن نے 32رنزکے عوض قیمتی وکٹ اپنے نام کی تھی.ایک کھلاڑی رن آئوٹ ہوا ہے.بھارت اور انگلینڈ کے 5 میچزکی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کا آغاز بدھ کو ناٹنگھم میں ہوا تھا جب میزبان انگلش ٹیم پہلی اننگ میں صرف 183 پر پویلین لوٹ گئی تھی اور بھارت نے ایک روز قبل ہی بناکسی نقصان کے 21 رنزبناکر اچھا آغاز لیا تھا.انگلش ٹیم بیٹنگ میں ناکامی کے بعد بائولنگ کی مدد سے میچ میں واپسی کی کوشش کر رہی ہے لیکن اس نے اگر رشی پنت کا جلد آئوٹ نہیں کیاتو بھارت برتری کی جانب بڑھ جائے گا.
جمعرات کو ایک طرف اگر انگلش ٹیم بھارت کے خلاف 2021 کے ہوم سیزن کی ٹیسٹ سیریز کے میچ میں واپسی کی جنگ کر رہی تھی تو ایسے میں اس کے لئے ایک بڑی ہی خوفناک خبر آئی کہ اس کے بنیادی بائولر جوفرا آرچر فٹنس مسائل کی وجہ سے بھارت کے خلاف پوری سیریز سے ہی نہیں بلکہ اس سال کے ورلڈ ٹی 20 کپ اور سال کے آخرکی اہم ترین ایشز سیریز سے بھی باہر ہوگئے ہیں.جوفرا آرچرکی کمی انگلینڈ کے لئے بڑا نقصان ہوگی،بین سٹوکس بھارت سیریز سے پہلے ہی کنارہ کشی اختیار کرچکے تھے.
ورلڈ ٹی 20 اکتوبر،نومبر میں یو اے ای میں ہوگا،اس سے قبل انگلش ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور 2 ٹی20 میچز 14 اور 15 اکتوبر کو شیڈول ہیں جو 10سے 12 اکتوبر تک پیچھے کئے جاسکتے ہیں.ایسے حالات میں کہ جب انگلینڈ کو اس کے کئی ممتاز پلیئرز کی خدمات حاصل نہیں ہونگی تو بھارتی ٹیم اگر انگلینڈ میں ناکام ہوگئی تو یہ اس کی ذلت آمیز شکست ہوگی.
بھارت کا غلبہ ہے
ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں اس وقت بھارت کا غلبہ ہے لیکن اگر انگلش ٹیم نے کل کھیل کے تیسرے روز کے پہلے سیشن میں 5ویں وکٹ کی شراکت جلد توڑدی تو پھر بھارت کے ہاتھوں سے میچ نکل جائے گا اور انگلش ٹیم یہاں سے کم بیک کی کوشش کرے گی،دیکھنا ہوگا کہ رشی پنت انگلش وکٹوں پر میزبان بائولرز کو کتنا ٹف ٹائم دیتے ہیں کیونکہ انہوں نے ایسے ہی نازک ترین مواقع پر آسٹریلیا میں بھی متعدد یاد گار اننگز کھیلی تھیں اور آسٹریلیا اپنے ملک میں ہارگیا تھا.ٹرینٹ برج ٹیسٹ فی الحا ل اوپن ہے،بھارتی بیٹنگ لائن ہی اس حوالہ سے اپنی سمت متعین کرے گی.کوہلی کی مکمل ناکامی اس کے لئے کسی دھچکہ سے کم نہیں ہے.
یہ بھی پڑھیں
ٹرینٹ برج ٹیسٹ کا پہلا روز،انگلش ٹیم کے برج الٹ گئے