وقفہ نہ مقام کی تبدیلی کام آئی،کوئٹہ ایکسپریس پی ایس ایل 6ریس سے قریب باہر،عبرتناک شکست

رپورٹ : عمران عثمانی

وقفہ کام آیا نہ مقام کی تبدیلی،کوئٹہ ایکسپریس بری طرح بھنور میں پھنسی ،سب ترلے کرنے کے بعد بھی ٹریک پر چل نہ سکی ہے،کراچی سے ابو ظہبی کی جانب سفر ہوا،کئی ماہ کا وقفہ آیا،سب کچھ بدل گیا لیکن کوئٹہ نے ناکامی سے دامن نہیں چھڑوایا کیونکہ لگتا ہے کہ ستارے گردش میں ہیں،سرفراز احمد بدستور بے بسی کی تصویر بنے دکھائی دیئے.

ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے جمعہ کے میچ میں سرفرز الیون 10وکٹ سے ہار کر اس سال کی لیگ کی ٹائٹل ریس سے قریب دور ہوتی دکھائی دے رہی ہے،چھٹے میچ میں 5ویں شکست ہے،4میچز ضرور باقی ہیں لیکن نیٹ رن ریٹ بھی خراب ہے ،کوئی معجزاتی پرفارمنس اور دیگر ٹیموں کے اگر مگر میں پھنسنے ،اگلے چاروں میچز جیتنے کے بعد بھی معمولی چانسز ہونگے کہ پلے آف کا ٹکٹ مل سکے.

اسلام آباد یونائیٹڈ نے جس طرح 134 رنزکا تعاقب کیا ،ایسا لگا کہ پہلے روز لاہور قلندرز سے ہارنے کا سارا بدلہ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے لینا ہے،ہدف اتنا بھی چھوٹا نہ تھا کہ بائولرز بے بسی یا مار کٹائی کی تصویر بنے رہتے لیکن ایسا ہی ہوا ہے.عثمان خواجہ اور کولن منرو نے مار مار کر ادھ موا کردیا،انہوں نے100 رنز ہی 41 بالز پر مکمل کر لئے،اس کے بعد فتح میں کیا شبہ باقی تھا.

کولن منرو نے تو بہت ہی جارحانہ بلے بازی کی اور تیزی سے اسکور بٹورے،دونوں نے اسکور 10 اوورز میں پورا کردیا،137 رنزکی ناقابل شکست شراکت قائم کی، 10اوورز قبل کامیابی 10وکٹ سے نام کی.عثمان خواجہ 41اور کولن منرو صرف 36بالز پر ناقابل شکست 90کے ساتھ واپس آئے.

کوئٹہ کو فیلڈنگ کے آغاز سے قبل ایک نقصان بھی ہوا جب آندرے رسل کو کسی وجہ سے باہر کیا گیا،ان کی جگہ نسیم شاہ آئے،حالانکہ وہ پلان یا ٹیم میں شامل نہیں تھے لیکن جب سرفراز نے ان سے بال کروائی تو انہیں بھی خوب مار پڑی.

اس سے قبل کوئٹہ ٹیم ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض 133پر آئوٹ ہوگئی.جیک وتھرالڈ نے 43 اور اعظم خان نے 26نمایاں اسکور کئے،ان کے علاوہ کوئی بھی جم کر نہیں کھیل سکا.حسن علی،محمد وسیم اور محمد موسیٰ نے 2،2 وکٹیں لیں.

اس شکست کے بعد کوئٹہ کے 6میچزمیں 2پوائنٹس ہیں،آخری نمبر ہے،فائنل 4کی ریس اب خواب بن گئی ہے جبکہ اسلام آباد نے 6میچزمیں 8پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن بنالی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں