قلندرز کو 190رنز کی ضرورت، کنگز کو بیٹسمینوں کا چیلنج،روایت کا خوف

عمران عثمانی
Image by Twitter
پی ایس ایل 6 میں قلندرز کو رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا ہے. کراچی کنگز نے پہلے کھیل کر189 رنز بنائے ہیں. دفاعی چیمپئن ٹیم کو قلندرز کے خلاف کامیابی کے لئے بیٹسمینوں اور روایت کا جم کر مقابلہ کرنا ہے کیونکہ 10 میچز سے پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم ناکام جارہی ہے.
قلندرز نے بابر اعظم کو جکڑ لیا لیکن شرجیل خان کی شاندار اننگ کی وجہ سے کراچی کنگز نے ابتدائی نقصان کے باوجود اسکور آگے بڑھایا.
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 6 کے اہم ترین میچ میں روایتی حریفوں کراچی اور لاہور کے میچ میں ٹاس کا سکہ قلندرز کے حق میں گرا.توقعات کے عین مطابق سہیل اختر نے پہلے فیلڈنگ کا اعلان کیا.کراچی کنگز کی شروعات اچھی نہیں تھیں. 37 پر 3 وکٹیں گر گئیں. بابر اعظم 5،جوئے کلارک 4 اور کولن انگرام صفر پر پویلین لوٹ گئے .آل رائونڈر محمد نبی اور شرجیل کے درمیان چوتھی وکٹ پر 76 رنز کی شراکت قائم کی.113 کے مجموعہ پر شرجیل کی خوبصورت اننگ تمام ہوگئی. وہ 39 بالز پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بناکر ڈیوڈ وائزے کی بال پر سامت پٹیل کو کیچ دے گئے. نئے بیٹسمین ڈینیل کرسٹین نبی کا ساتھ دینے آئے اور جم کر کهیلے. دونوں نے اسکور 158 تک پہنچادیا. اس موقع پر محمد نبی 58 رنز بناکر حارث رئوف اور سہیل اختر کا مشترکہ شکار بم گئے. انہوں نے 35 بالز پر 57 رنز بٹورے. 4 رنز کے اضافے سے کپتان عماد وسیم صفر پر ڈیوڈ وائزے کا نشانہ بن گئے. کنگز کی 162 پر چھٹی وکٹ گری تھی. 4 اوورز کا کھیل ابھی باقی تھا کہ وقاص مقصود اور کرسٹین نے 200 کے ہدف کو ذہن میں ڈال لیا.آخری اوورز میں مزید 2 وکٹیں گرنے سے کنگز کی ٹیم رواں سیزن کا بڑا ہدف سیٹ نہیں کرسکی اور مزید وکٹیں گنواگئی اس کی اننگ 9 وکٹ پر 189 تک محدود ہوئی.