پی ایس ایل 6،اب فتح کی علامت کیا ؟پہلے یا بعد کی بیٹنگ ،ملتان کی شکست نے راز کھول دیا

پاکستان سپر لیگ 6 کے پریکٹس میچ میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ فلاپ،کوئٹہ کے خلاف لو سکورنگ شو میں بھی شکست ہوگئی ہے،ابو ظہبی میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں پیر کی شب دونوں ٹیموں کے بیٹسمینوں کو کھیلنے میں مشکلا ت پیش آئی ہیں،ساتھ ہی ایک راز کی بات بھی آشکار ہورہی ہے کہ ابو ظہبی میں کون سے ٹیم میچز جیتنے کے لئے فیورٹ ہوگی،پہلے بیٹنگ والی سائیڈ فتح کے قریب ہوگی یا بعد والی ٹیم جیت سکے گی.

زیادہ پرانی بات نہیں ہے کہ کراچی میں اس سال جب لیگ کا آغاز ہوا تو ایک درجن میچز میں پہلے کھیلنے والی ٹیم ہار رہی تھی اور بعد میں بیٹنگ والی سائیڈ جیت رہی تھی لیکن ابو ظہبی میں الٹا حساب ہوتا دکھائی دے رہا ہے،گرمی،موسم اور کنڈیشز کی وجہ سے بعد والی ٹیم مشکلات کا شکار ہوتی دکھائی دے رہی ہے.

پیر کی شب کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم پہلے کھیل کر صرف 137 اسکور کرسکی.اعظم خان 10،فاف ڈو پلیسی 5 رنز کرسکے،ڈو پلیسی نے رن آئوٹ ہونے پر پھر بیٹنگ کی اور 19 رنزبنائے،جیک ولڈمورتھ نے 20 کی اننگ کھیلی.سرفرزا احمد نے 5 اور آندرے رسل نے 17 کئے.ملتان کی جانب سے محمد عمر 2رنز کے عوض 3 وکٹ لے کر کامیاب ترین رہے.

جواب میں سلطانز کی اننگ تو اس سے بھی گئی گزری رہی اور 111پر تمام ہوگئی.جانسن چارلس کے 33 اور سمرون ہیٹمیئر کے 23 رنز بھی مدد نہ فراہم کرسکے،خرم شہزاد،نسیم شاہ اور زاہد محمود نے 2،2 وکٹیں لیں.اس طرح کوئٹہ نے یہ میچ 26 رنز سے جیت لیا ہے.

اس میچ کے نتیجہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پہلے بیٹنگ والی سائیڈ فائدہ میں رہے گی تو پی ایس ایل 6 کے باقی ماندہ میچز میں ٹاس کا کردار نہایت ہی اہم ہوگا اور پہلے بلے بازی والی سائیڈ فتح کی امیدوار ہوگی.میچز کے نتائج یہی کچھ واضح کر رہے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں