پی ایس ایل 6فائنل آج،دھانی اور وہاب میں کون سی ریس،چیمپئن کون،جانئے اس رپورٹ میں

0 246

کرک سین کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ کرکٹ میچزکے حوالہ سے اہم پیش گوئی کرتا ہے اور اکثر یہ درست بھی ثابت ہوتی ہیں،تازہ ترین مثال ملتان سلطانز کے اسلام آباد کو ہراکر پی ایس ایل فائنل کھیلنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ اسی طرح چند گھنٹے قبل ختم ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے حوالہ سے بھی پیش گوئی سچ ثابت ہوئی تھی کہ کیویز یہ ٹرافی جیت جائیں گے.
فائنل اور فیصلہ کن میچ
اب معرکہ ہے پی ایس ایل 2021 کے فائنل اور فیصلہ کن میچ کا،اس کے بعد پی ایس ایل 6 کی ونر ٹیم دنیا کے سامنے آجائے گی.یہ فائنل میچ آج ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے.پوائنٹس ٹیبل کی نمبر 2 ملتان سلطانز اور نمبر 3پشاور زلمی میں جنگ چھڑے گی،سوال یہ ہے کہ پی ایس ایل کا تاج کس کے سر سجے گا.وہاب ریاض یا محمد رضوان.ملتان سلطانز اور یا پھر پشاور زلمی،سب کے ذہنوں میں ایک ہی سوال ہے کہ کون سی ٹیم ونر ہوسکتی ہے،ہم بھی یہاں اس کے ممکنہ جواب کی کوشش کرتے ہیں کہ اس بار کون چیمپئن بنے گا.
ایک بات ماننی ہوگی
ایک بات ماننی ہوگی کہ انضمام الحق کے پشاور کیمپ میں بطور بیٹنگ کوچ آنے سے ٹیم کی بلے بازی میں نکھار آیا ہے اور یہ دیکھاگیا ہے کہ بیٹسمینوں نے ماضی کے مقابلہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اتفاق سے اس کے مقابل جو ٹیم آئی ہے،اس نے بھی تمام شعبوں میں اپنی کلاس شو کی ہے،یہ کلاس ہی تو تھی کہ سلطانز کے آگے نہ کنگز جم سکے اور نہ اسلام آباد .اسی طرح لاہور قلندرز کو بھی اپنا بوریا بستر لپیٹنا پڑا ہے.
پشاور زلمی کیمپ
پشاور زلمی کیمپ نے افغان بیٹسمین حضرۃ اللہ زازائی پر بہت انحصار کر رکھا ہے،آخری 2میچز ،خاص کر پہلے میچ میں وہ کراچی کے خلاف نہ چلتے تو زلمی اس روز ہی ایونٹ سے آئوٹ ہوتے،ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی تسلسل کےساتھ اسکور نہیں کر رہا ہے،اگر وہ فائنل میں فلاپ ہوگئے توزلمی کے پاس ان جیسا بیک اپ موجود نہیں ہے جبکہ اس کے مقابلہ میں ملتان سلطانز میں شان مسعود،محمد رضوان اور اب صہیب مقصود بھی تسلسل کے ساتھ اسکور کر رہے ہیں،اسی طرح بائولنگ میں بھی سلطانز کو برتری حاصل ہے،اس کے پاس اسپنرز کی کوالٹی موجود ہے.پھرشاہ نواز دھانی موجود ہیں ،اسکور بھی نہیں دیتے اور شکار بھی خوب کرتے ہیں .اس لئے ملتان سلطانز کو برتری حاصل ہے.
سلطانز کے اعتماد میں اضافہ
سلطانز کے اعتماد میں اضافہ کی دوسری بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس نے ایونٹ کی ٹاپ ٹیم اسلام آباد کو شکست سے دوچار کردیا تھا اور اسے ہرا کر وہ فائل میں آئے ہیں،اس طرح اس کے کھلاڑیوں کے ذہنوں میں یہ بات راسخ ہوچکی ہے کہ وہ کسی کو بھی کسی بھی وقت زیر کرسکتے ہیں،چنانچہ زلمی کے پلیئرزان کے اس اعتماد کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے،ایک اور اہم بات بھی ہے کہ 21 جون کو جیتنے کے بعد سلطانز کے پلیئرز فائنل کا ٹکٹ پاکٹ میں ڈالے آرام کر رہے ہیں،اس کے مقابل زلمی ٹیم کو مسلسل 2 روز 2 اعصاب شکن میچز کھیلنے پڑے ہیں،اگر چہ 23 جون کا دن آرام میں گزر گیا ہے لیکن یہ آرام 3دن کے آرام کے مقابلہ میں کم ہے.
بائولنگ کے میدان میں ایک بڑا مقابلہ
پی ایس ایل فائنل میں بائولنگ کے میدان میں ایک بڑا مقابلہ متوقع ہے کہ اس سال کے ایونٹ کا ٹاپ وکٹ ٹیکر کون بنے گا،اس وقت تک ملتان کے دھانی 10 میچزمیں 20وکٹ کے ساتھ پہلے اور پشاور کے کپتان وہاب ریاض 11 میچزمیں 18وکٹوں کے ساتھ دوسرےنمبر پر ہیں،یہ کوئی زیادہ فاصلہ نہیں ہے.وہاب ریاض تسلسل سے وکٹیں لے رہے ہیں اس لئے وہ دھانی کی خوشیاں خاک میں ملاسکتے ہیں.شاہ نواز کو فائنل میں کم سے کم 2 وکٹیں ضرور لینی ہونگی تاکہ وہ محفوظ ہوسکیں.دھانی نے رواں ایونٹ میں 15 کی اوسط سے وکٹیں لی ہیں جبکہ سٹرائیک ریٹ 11 سے بھی کم ہے ،وہاب ریاض نے 20 سے زائد کی اوسط سے شکار کئے ہیں اور سٹرائیک ریٹ 20سے زائد ہے.دھانی کی بائولنگ پر بلے بازوں کو اسکور بنانا مشکل لگا ہے،دھانی کی بہترین بائولنگ 5رنزکے عوض 4 جبکہ وہاب ریاض کی 17 رنزکے عوض 4 وکٹیں ہے.ملتان کے عمران طاہر اور عمران خان جبکہ زلمی کے محمد عرفان 10،10 وکٹیں لے کر ایک دوسرے کے مقابل ہیں.
ملتانی کپتان
بیٹنگ کے شعبہ میں ملتانی کپتان کو ایک بہترین اور لمبی اننگ کھیلنے کی ضرورت ہے ،بابر اعظم ان سے کہیں آگے 554 رنزکے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں،اتفاق سے دوسرا نمبر رضوان کا ہی ہے لیکن ان کا مجموعی اسکور 470ہوا ہے تو انہیں 84 کی اننگ تو برابر کرنے کے لئے درکار ہوگی،اس لیگ میں ان کا ہائی اسکور 82 رہا ہے لیکن اگر وہ 84 یا 85 کی اننگ کھیل گئے تو یہ ایک اور بڑا سرپرائز ہوگا،ورنہ کم سے کم 30 رنزبناکر انہیں بھی 500 کے کلب میں انٹری دینی چاہئے.اتفاق سے زیادہ اسکور کرنے والوں میں تیسرا نام صہیب مقصود کا ہے جو 363 رنز کے ساتھ فائنل میں اتریں گے.306 رنز بنانے والے شعیب ملک کا چھٹا نمبر ہے تو بیٹنگ میں ملتان کے 2 ستارے ٹاپ 5 میں ہیں،اس شعبہ میں بھی ملتان سلطانز کو پشاور زلمی پر برتری حاصل ہے.
ملتان سلطانز کو خاص الخاص نفسیاتی برتری
پشاور زلمی کو ایک اور برتری و سبقت ضرور حاصل ہے،یہ اس کا 6 ایڈیشن میں چوتھا فائنل ہوگا،اس سے قبل وہ 3 فائنل کھیل چکے ہیں ،ایک بار 2017 میں وہ چیمپئن بنے اور اس کے بعد مسلسل 2 سال 2018 اور 2019میں وہ رنر اپ تھے جبکہ اس کے مقابل سلطانز پہلی بار بڑا میچ یعنی فائنل کھیل رہے ہیں. دوسری جانب ملتان سلطانز کو بھی ایک شعبہ میں خاص الخاص نفسیاتی برتری ہے ،اب تک کھیلے باہمی میچزمیں ملتان آگے ہے،سلطانز کے خلاف پشاور کو برتری کبھی نہیں ملی ہے.پھر آپ کو یاد ہوگا کہ رواں سال پی ایس ایل 6 دو قسطوں میں ہوئی ہے،کراچی میں کھیلے گئے ابتدائی میچزمیں سلطانز 5میں سے ایک میچ جیتے اور 4 میں ہارے تھے لیکن ابو ظہبی میں وہ5 میں سے 4 میچز جیت کر بلندی کی جانب گئے ہیں.13جون کو اسی میدان میں سلطانز نے زلمی کو 8وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ کراچی میں پہلے میچ میں زلمی کامیاب رہے تھے .
ٹاس کا سکہ
ٹاس کا سکہ بھی نہایت اہمیت کا حامل ہوگا،ٹاس جیتنے والی ٹیم شایدفیلڈنگ کو ترجیح دے،یہ اس کے لئے رسکی بھی ہوگا،ٹاس کا سکہ سلطانز کے حق میں جاسکتا ہے اور کوئی بعید نہیں کہ یہ ٹیم پہلے بیٹنگ کرتی دکھائی دے کیونکہ اس کو اپنی بائولنگ پر زیادہ اعتماد ہے اور یہ بعد میں اٹیک کرنا بہتر جانتے ہوں.میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے شروع ہوگا.پی ایس ایل 6 کے نئے سلطان ملتان سلطانز ہونگے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.