پروٹیز بمقابلہ گرین کیپس،ٹی 20میں کس کا غلبہ،7سیریز،17میچز کا احوال،دلچسپ اتفاق،منفرد تفصیلات

رپورٹ : عمران عثمانی

پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین 4ٹی 20میچزکی سیریز کا آغاز کل ہفتہ 10اپریل سے ہورہا ہے.گرین شرٹس کے پاس اس سیریز میں تو ریکارڈ واعزاز حاصل کرنےکے سنہری مواقع موجود ہیں.ٹی 20انٹر نیشنل میں 100ویں فتح منتظر ہے،اسی طرح جنوبی افریقا کے خلاف نہ صرف حساب چکتا کرنے بلکہ برتری کو گولڈن موقع حاصل ہے،دونوں ممالک کے مابین کھیلے گئے اب تک کے 17میچزکے مطابق پاکستان کو صرف ایک میچ کی شکست کا خسارہ ہے،پاکستان کے حصے میں 8 فتوحات آئیں جبکہ جنوبی افریقا 9میچز لے گیا.دوسرا یہ کہ پاکستان ٹی 20 میں پروٹیز کے خلاف کبھی 200 اسکور مکمل نہیں کرسکا،اس کا اب تک کا ہائی مجموعہ 195 رہا ہے،اس سیریز میں اس میں بہتری کا امکان موجود ہے.

ٹی 20 سیریز،انوکھا ریکارڈ ،بڑ ااعزاز پاکستان اور بابر اعظم کا منتظر،تمام ٹیمیں ناکام ہوگئیں

دونوں ممالک کی باہمی سیریز کی تعداد 7ہے.گویا دونوں ٹیمیں 8ویں باہمی سیریز میں مدمقابل ہیں.مزے کی بات یہ ہے کہ یہاں پاکستان کو خسارہ ہے.پاکستان نے صرف 2 سیریز جیتی ہیں.ایک ڈرا کھیلی ہے اور اسے4میں ناکامی ہوئی ہے تو اس سیریز میں حساب ہلکا کرنے کا موقع موجود ہے.جنوبی افریقا میں 4 سیریز ہوئی ہیں.2میں میزبان ملک جیتا ہے،ایک ڈرا ہوئی اور ایک پاکستان نے جیتی جبکہ پاکستان نے دوسری سیریز اپنے ملک میں اس سال کے شروع میں جیتی تھی.عرب امارات میں پاکستان دونوں سیریز میں ناکام گیا ہے.

فروری 2007 میں پاکستان نے جونبی افریقا میں واحد ٹی 20میچ کھیلا جو میزبان ملک نے 10وکٹ سے جیت لیا تھا.یہ ایک قسم کی پہلی سیریز بھی تھی.

دونوں ممالک کے مابین دوسری سیریز اکتوبر 2010میں عرب امارات میں ہوئی.2میچزکی سریز کے دونوں میچز پاکستان ہارگیا.اس طرح ابتدائی دونوں سیریز پروٹیز کے نام تھیں.

مارچ 2013میں پاکستان نے جنوبی افریقا میں 2میچزکی ٹی 20 سیریز جیت لی تھی،ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا اور ایک میچ پاکستان کے حق میں آگیا،یہ جنوبی افریقا میں بھی اور جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کی پہلی ٹی20 سیریز تھی جو اس کے نام رہی.

نومبر 2013میں جنوبی افریقا نے عرب امارات میں پاکستان کے خلاف دونوں میچزجیت کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی.

اسی ماہ پاکستان نے جنوبی افریقا کا ہنگامی دورہ کیا اور نومبر 2013 ہی میں 2میچز کی سیریز 1-1 سے ڈرا رہی.

فروری 2019میں پاکستان نے اب تک جنوبی افریقا کا آخری دورہ کیا جہاں 3میچزکی سیریز تھی اور پاکستان یہ سیریز1-2 سے ہارگیا.

فروری 2021میں جنوبی افریقا نے پاکستان کے دورے میں 3میچزکی ٹی 20 سیریز کھیلی جو پاکستان نے1-2 سے اپنےنام کرلی .

آنے والی سیریز میں پاکستان اگر چاروں میچز جیت بھی لے تو اس کی رینکنگ نمبر 4ہی رہے گی لیکن جنوبی افریقا سے تمام چاروں میچز ہار کر وہ چوتھے سے چھٹے نمبر پر چلاجائے گا لیکن تمام میچزمیں ناکامی کا امکان کم ہے.

پاکستان کرکٹ ٹیم کی آخری 5سالوں میں پروٹیز کے خلاف کارکردگی میں نکھار آیا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ باہمی سیریز میں تو پاکستان جنوبی افریقا سے ہارتا رہا ہے لیکن اس دوران جتنے بھی ورلڈ ٹی 20 ایونٹ میں مقابلے ہوئے،فتح پاکستان کے حصہ میں آئی.گویا بڑے ایونٹ میں جنوبی افریقا پاکستان کے خلاف کبھی بھی جیت نہیں سکا ہے،یہ اپنی جگہ ایک منفرد سی بات ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں