پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ کو بڑا خطرہ لاحق،آج سری لنکا میں بھی ٹیسٹ،متعدد اہم خبریں

پاکستان کرکٹ ٹیم زمبابوے میں کسی ٹیسٹ شکست کی متحمل نہیں ہوسکتی کیونکہ سچی بات یہ ہے کہ ایک ڈرا میچ بھی پاکستان کی رینکنگ دائو پر لگادے گا.آئی سی سی درجہ بندی کے مطابق پاکستان اس وقت90 ریٹنگ کے ساتھ 5ویں،جنوبی افریقا 89 ریٹنگ کے ساتھ چھٹے نمبر کے ساتھ اس کے سر پر موجود ہے.پاکستان چونکہ10ویں نمبر کی ٹیم سے کھیل رہا ہے تو دونوں میچز کی فتوحات اس کی رینکنگ میں صرف ایک پوائنٹ کا اضافہ کریں گی،کسی بھی وجہ سے اگر ایک میچ جیتا اور ایک ڈرا کھیلا جاتا ہے توپاکستان کی بھی ریٹنگ 89 ہوجائے گی لیکن کچھ فرق کے ساتھ اس کا نمبر 5ویں سے چھٹا ہوجائے گا.

پاکستان دونوں میچز ڈرا کھیلتا ہے تو اس کی ریٹنگ 5درجہ نیچے گرے گی اور پوزیشن چھٹی ہوجائےگی.دونوں میچزکی شکست تو پاکستان کو5ویں سے 8ویں نمبر تک لے جائے گی،اس لئے پاکستان کو دونوں میچز جیتنا ہی ضروری ہوگا.

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کہتے ہیں کہ پاکستان زمبابوے میں ایک ٹی 20میچ اس لئے ہارا کہ ہرارے میں ہار کی وجہ وکٹ اور ماحول کا مختلف ہونا تھا،سینئرز کو توجہ کی ضرورت تھی لیکن انہوں نے بھی نہیں توجہ کی،ہمارے کوچنگ اسٹاف کی ذمہ داری تھی کہ وہ بیٹسمینوں کو سمجھاتے .

اپنے آفیشل یو ٹیوب چینل پر عامر نے کہا ہے کہ ہر میچ میں تبدیلیاں اچھی بات نہیں ،یہ ورلڈ ٹی 20 کا سال ہے ،اب اتنے تجربات کی ضرورت نہیں تھی بہر حال دانش عزیز جیسے پلیئرز کو بھر پور مواقع دینا اچھی بات ہے.

پہلا ٹیسٹ آج،پاکستان زمبابوے میں کس ایک بات سے خوفزدہ،فائنل الیون ودیگر تفصیلات

دوسری جانب آج 29 اپریل سے کینڈی میں ایک ٹیسٹ میچ اور شروع ہورہا ہے،بنگلہ دیش اور سری لنکا 2میچزکی سیریز کا آخری ٹیسٹ کھیل رہے ہیں،پہلا میچ ہائی سکورنگ شو تھا،ڈیڈ وکٹ بنانے پر آئی سی سی نے کینڈی کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی جاری کیا ہے،مہمان ٹیم اس میچ میں بھی بہتر کارکردگی کے لئے پرعزم ہے.

کرکٹ کے میدانوں سے اور بھی کئی دلچسپ اور حیرت انگیز خبریں ہیں.5 اہم پلیئرز کے بعد اب 2امپائرز بھی آئی پی ایل 2021 سے اچانک باہر ہوگئے ہیں.ایک کا تعلق آسٹریلیا سے ہے.پال رائفل کے ساتھ ایک اور امپائر نٹن مینون نے ذاتی وجوہ کی بنیاد پربھارت میں جاری لیگ سے اپنے نام واپس لے لئے ہیں.کوروناکی وجہ سے اس سے قبل 5 ملکی وغیر ملکی پلیئرز آئی پی ایل سے باہر ہوچکے ہیں لیگ کامیابی سے جاری ہے.

نیوزی لینڈ کے کھلاڑی آئی پی ایل میں شریک ہیں اور ان کے لئے بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ لیگ کے اختتام پر بھارت سے براہ راست انگلینڈ پہنچیں گے جہاں جون میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلا جائےگا،بھارتی خواتین ٹیم نے بھی انگلینڈ میں جون میں سیریز کھیلنی ہے جبکہ بھارت کے مردوں کی سری لنکا میں شیڈول جولائی کی سیریز خطرات سے دوچار ہوگئی ہے.

آئی سی سی نے سری لنکا کے ایک اور کرکٹر نووان زوئیسا پر 6 سالہ معطلی کی تلوار لٹکادی ہے اور ان پر سنگین نوعیت کے الزامات ہیں.دوسری جانب آئی سی سی اگلے 8 سالہ ایف ٹی پی کی تفصیلات جلد جاری کرنے والی ہے.