پاکستان کی ٹی20میں 100ویں فتح جشن بن گئی ،سنچری بنانے والاپہلا ملک،سیریز بھی جیت لی

عمران عثمانی
Image By Twitter/icc
پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت لی،اپنی 100ویں ٹی 20 انٹر نیشنل فتح کو یادگار بنادیا،پاکستان دنیائے کرکٹ میں 100 ٹی 20 میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے،یہ اس کا 163واں میچ تھا،اس سے زائد کسی نے میچز بھی نہیں کھیلے،پاکستان کی 100ویں کامیابی اس لئے یاد گار بن گئی کہ اس نے سیریز بھی اپنے نام کرلی.حسن علی نے مشکل ہوتے میچ کو آسان کردیا،مڈل آرڈر نے ایک بار پھر دھوکا دیا لیکن غسن علی اور محمد نواز نے آخری لمحات میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے پاکستان کو 7گیندیں قبل 4وکٹ کی جیت دلوادی.حسن علی 7بالز پر 20رنزکے ساتھ ناٹ آئوٹ گئے جبکہ محمدنواز نے 11بالز پر 18کئے.محمد رضوان اور بابر اعظم نے اپنے اسکور کے لئے 30،30 بالز کھیلیں.
165 رنزکے تعاقب میں پاکستان کا جوابی آغاز نہایت شاندار تھا،51رنزکی شراکت ملنے کے بعد حیدر علی15رنزبناکر آئوٹ ہوئے توکپتان بابر اعظم نے رضوان کا بھر پور ساتھ دیا اورا سکور کو 73تک لے گئے،یہاں محمد رضوان 42رنزبناکر چلتے بنے،اس کے بعد حسین طلعت5،آصف علی 7،فہیم اشرف 10رنزبناکر آئوٹ ہوئے تو میچ تھوڑا مشکل سا ہوگیا،اس موقع پر حسن علی اور محمد نواز نے اچھی بیٹنگ کی،پروٹیز بائولرزکی ناتجربہ کاری بھی سامنے آئی،وائیڈ اور نو بالز نے پاکستان کے لئے منزل آسان کردی۔
پاکستان نے 19ویں اوور میں اچھے رنز بٹورے اور 7گیندیں قبل حسن علی نے چھکا لگا کر پاکستان کی جھولی میں فتح دلوادی،پاکستان نے سیریز1-2 سے اپنے نام کی.اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پروٹیز کے ڈیوڈ ملر نے اکیلے 45بالز پر 85کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر ٹوٹل 164 تک پہنچادیا،ایک موقع پر اس کے 106پر 8کھلاڑی آئوٹ ہوگئے تھے.جانی مین میلان نے 27 اوربلجوئن نے16کی اننگ کھیلی.پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے 40رنز دے کر 3وکٹیں لیں،انہوں نے ہی حریف ٹیم کی مڈ ل آرڈر کو فنا کردیا.محمد نواز نے 2اوورز میں 13رنز دے کر2 اور حسن علی نے 4اوورز میں 29رنزدے کر 2وکٹیں لیں،فہیم اشرف 3اوورز میں 29رنز دے کرناکام گئے جبکہ شاہین آفریدی نے بھی 4اوورز میں 28رنز دیئے کوئی وکٹ نہ ملی.پاکستان نے ٹیم میں 3تبدیلیاں کیں،آصف علی،حسن علی اور زاہد محمود کھلائے گئے .محمد نواز پلیئر آف دی میچ قرار پائے،انہوں نے آل رائونڈ پرفارمنس دی.محمد رضوان پلیئر آف دی سیریز قرار پائے،ایک سنچری،ایک ہاف سنچری بنائی.

اپنا تبصرہ بھیجیں