پاکستان ویمنز ٹیم کی پھر فائٹ، عالیہ ریاض کی محنت رائیگاں،سیریز گئی

عمران عثمانی
Image By Twitter /PCB
پاکستان ویمنز ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ایک روزہ میچ بھی ہارگئی. ٹیم نے ایک بار پھر ہدف کا تعاقب کیا.میچ دلچسپ بنایا لیکن ٹیم فنش نہ کرسکی. پروٹیز نے ڈربن میں 3 میچز کی سیریز کا مسلسل دوسرا میچ جیت کر سیریز بھی جیت لی.اب تیسرا میچ کلین سویپ سے بچنے کا فیصلہ کرے گا. ہفتہ کو پاکستانی ٹیم 13 رنز سے ہارگئی. 252 کے جواب میں 8 وکٹ پر 239 تک پہنچ سکی.
253 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں قومی خواتین ٹیم نے آخر میں نہایت ثابت قدمی سے بیٹنگ کی اور کسی لمحے بھی اس کے قدم نہیں ڈگمگائے لیکن شروع میں 17 پر 2 اور 73 پر آدھی ٹیم آوٹ ہونے کے بعد عالیہ ریاض نے چھٹی وکٹ پر 109 رنز کا اضافہ کر کے میچ دلچسپ بنایا .ندا ڈار کے 51 پر آوٹ ہونے کے باوجود عالیہ ریاض کی پیش قدمی جاری رہی اور وہ میچ کو 48 ویں اوور تک سنسنی خیز بنانے میں کامیاب رہیں. یہاں 225 کے مجموعہ پر ان کے آئوٹ ہونے کے بعد امید دم توڑ گئی. عالیہ 81 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں. پاکستان کو 3 اوورز میں 30 رنز درکار تھے لیکن آخری اوور میں 22 رنز مشکل تھے. ایا بونگا خاکا نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں.
جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دعوت ملنے پر پہلے بلے بازی کی اور پہلے میچ کے بر عکس زیادہ اسکور کئے .اولین میچ میں 200 رنز بناکر 3 رنز سے جیتنے والی پروٹیز ٹیم نے 7 وکٹ پر 252 رنز بنائے .اننگ کی خاص بات مریزانے کیپ کے 68 اور لزلی لی کے 47 رنز تھے. ڈیانا بیگ نے 43 رنز دے کر 2 اور نشرا سندھو نے 46 رنز کے عوض 2 وکٹیں اپنے نام کیں .
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلا میچ جیت لیا تھا. پاکستانی خواتین ٹیم کی پرفارمنس میں کچھ بہتری ضرور آئی ہے.غیر ملکی کوچ کی محنت کا اثر واضح ہے .ٹیم پہلا میچ جیت کے قریب آکر ہاری تھی.

اپنا تبصرہ بھیجیں