پاکستان،انگلینڈ کا دوسرا ٹی20 میچ،لیڈز سے خاص بات،آج 3 ون ڈے میچزبھی ساتھ

0 246

رپورٹ : عمران عثمانی
یہ کہنا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں مکمل ناکام ہوگئی ہے،قبل ازوقت بات ہوگی کیونکہ میزبان ٹیم کے پاکستان کو شکار کرنے کے کئی طریقے ہیں،آج اتوار کے دوسرے میچ میں ان میں سے کوئی ایک اپلائی ہوسکتا ہے.پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹی 20میچزکی سیریز کا دوسرا اہم ترین میچ آج لیڈز میں کھیلا جارہا ہے،آج کے میچ سے ہی یہ سوال ہونے لگا ہے کہ کیا پاکستان انگلینڈ کو اس کے ملک میں سیریز ہراسکتا ہے؟کیا میزبان ملک 2018 کے بعد ہوم گرائونڈ میں ٹی 20 سیریز میں ناکام ہوسکتا ہے؟ یہ سوالات اس لئے بھی کہ 3 سالوں میں پاکستان سمیت کئی ممالک نے وہاں قسمت آزمائی کی ہے لیکن سب ناکام رہے ہیں.کرک سین نے گزشتہ میچ کے آغاز سے قبل ایک بات لکھی تھی کہ ٹرینٹ برج سے پاکستان کو ایک خاص مدد حاصل ہے،اس لئے میچ کا نتیجہ حق میں بھی آسکتا ہے اور پھر ایسا ہی ہوا .
لیڈز کا رخ کرتے ہیں
مزید تفصیلات سے قبل لیڈز کا رخ کرتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ کیا وہاں سے بھی پاکستان کو کوئی مدد یا معاونت حاصل ہوسکتی ہے کہ انگلینڈ یہاں بھی شکار کرلیا جائے.ہیڈنگلے لیڈز میں پاکستانی وقت کے مطابق ٹی20کی تیز ترین جنگ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگی.آپ کے لئے شایہ یہ نئی بات ہوگی کہ انگلینڈ کے معروف مقام ہیڈنگلے لیڈز میں پاکستان نے کبھی کوئی ٹی20 انٹر نیشنل میچ نہیں کھیلا ہے ،پاکستان نے انگلینڈ میں متعدد میچزکھیلے ہیں،ورلڈ ٹی 20 کا ٹائٹل بھی جیتا ہے ،انگلینڈ سے باہمی سیریز میں مقابل آیا ہے لیکن اس نے کبھی لیڈز میں کوئی ٹی 20 انٹر نیشنل میچ نہیں کھیلا ہے.اسی طرح انگلینڈ کا بھی یہاں کوئی ٹی 20 انٹر نیشنل میچ نہیں کھیلا ،اس طرح لیڈز میں پہلا ٹی 20 انٹر نیشنل میچ کھیلا جائے گا،جو اپنی جگہ ایک حیرت انگیز بات ہے اور یہ بات دونوں ٹیموں کے لئے یکساں مواقع رکھتی ہے.
اب آتے ہیں آج کے میچ کی جانب،پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلی کامیابی کے ساتھ دھاک تو خوب بٹھادی ہے اور ایسی کہ انگلش کپتان اوئن مورگن یقین کرنے کو تیا ر نہیں ہیں ،یہی وجہ ہے کہ انہوں نے دوسرے میچ کے لئے جوس بٹلر کی سلیکشن بھی کرلی ہے،اس کے علاوہ معین علی کو بھی باہر بٹھا کر عادل رشید کو لینے کا فیصلہ کیا ہے،بیٹنگ اسٹرینتھ میں بھرتی کے بعد بائولنگ میں بھی ورائٹی ڈال دی ہے،اس کے مقابل پاکستانی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے.شاداب خان اور عماد وسیم کے ہوتے ہوئے عثمان قادر کی شرکت مشکل ہوتی جارہی ہے لیکن وننگ کمبی نیشن کی فوری تبدیلی کی بھی نہیں جائے گی تاکہ ٹیم بناکسی پرابلم کے کھیل سکے.ٹیم اسی طرح ہی میدان میں اترے گی جس نے پہلا میچ جیتا تھا.

ہیڈنگلے لیڈز کی پچ اور موسم

ہیڈنگلے لیڈز میں محمکہ موسمیات کے مطابق موسم میچ کے لئے نہایت ہی خوشگوار رہے گا جبکہ کنڈیشن سے سیمرز کو میچ کے آغاز میں مدد ملے گی،اس کے بعد یہ بھی مشکل ہوگی.پچ بیٹنگ کے لئے سازگار ہوگی.یہاں ڈومیسٹک ٹی 20 میچز میں 190سے 200 کے درمیان اسکور بنتے رہے ہیں،چنانچہ پہلے کھیلنے والی ٹیم اس سے بھی آگے جانے کی کوشش کرےگی،سوال یہ ہے کہ ٹاس کس کا ہوگا،اگر گزشتہ میچ کی طرح انگلینڈ ٹاس جیتا تو اوئن مورگن پاکستان کو پہلے کیوں کھلائیں گے جب کہ ان کو پہلے میچ میں یہ فیصلہ مہنگا پڑا تھا جب کہ اگر وہ پہلے کھیلتے ہیں تو کنڈیشن ان کے خلاف بھی جاسکتی ہے،دیکھنا ہو گا کہ بابر اعظم ٹاس جیتنے کی صورت میں کیا کرتے ہیں،غالب گمان یہی ہے کہ وہ بھی پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیں گے.
دوسرا ٹی 20میچ کون جیتے گا
یہ اہم سوال ہے ،انگلینڈ ہرحال میں یہ میچ جیت کر سیریز کی شکست کو ٹالنے اور پھرفائنل میں اپنے حق میں موڑنے کی کوشش کرے گا،اس کے مقابل پاکستان کرکٹ ٹیم اسی میچ میں فل سٹاپ لگا کر قصہ اتوار کی شام تمام کرنےکی کوشش کرے گی.بابر اعظم الیون کے لئے یہ میچ نہایت ہی اہم ہے کیونکہ ہارنے کی صورت میں پہلی فتح کو تکا سمجھا جائے گا.یہ بات طے ہے کہ مورگن الیون دبائو میں ہوگی لیکن پاکستان یہ میچ جیت کر ورلڈ ٹی 20 کےلئے اچھی دھاک بٹھاسکتا ہے.کرک سین کا ماننا ہے کہ دونوں ٹیموں کے لئے اب ففٹی ففٹی چانس ہے.پاکستان کو معمولی برتری مل گئی ہے.ٹیم میچ جیت بھی سکتی ہے.
دوسری جانب آج 18 جولائی کو کولمبو میں ایک اہم ون ڈے سیریز شروع ہورہی ہے،بھارت کی دوسرے درجہ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف کولمبو میں پہلا ایک رو میچ کھیلے گی،یہ میچ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے جو کہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوگا.ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں بھارتی ٹیم کی قیادت شیکھر دھون کر رہے ہیں،کوہلی اپنے صف اول دستہ کے ساتھ انگلینڈ میں موجود ہیں جہاں ٹیسٹ سیریزکی تیاری جاری ہے،سری لنکن ٹیم کے لئے یہ سیریز اس لئے بھی چیلنج ہے کہ وہ بھارت کو اپنے ملک میں 2012 سے ایک روزہ سیریز نہیں ہراسکی ہے تو گزشتہ 9 سال کی پیاس بھجانے کے لئے اسے گولڈن موقع ہے کہ حریف بھارتی ٹیم پوری طاقت کے ساتھ سامنے نہیں آئی ہے،اس سیریزکی فتح سے بھارت پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سے آگے نکل سکتا ہے اور سری لنکا جیتا تو وہ بھی نچلی پوزیشن سے اوپر کی جانب مارچ کرے گا.
زمبابوے اور بنگلہ دیش کھیل رہے ہیں
ایک اور ایک روزہ میچ ہرارے میں میں میزبان زمبابوے اور بنگلہ دیش کھیل رہے ہیں.یہ ایک روزہ سیریز کا دوسرا میچ ہے ،بنگلہ دیشی ٹیم پہلا میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کی پکڑ سے آگےنکل چکی ہے کیونکہ اس کے 60 پوائنٹس ہوچکے ہیں،میزبان سائید ٹیسٹ شکست کے بعد اب محدود اوورز کرکٹ میں بھی مارکھارہی ہے،پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ دوپہر ساڑھے 12 بجے شروع ہوگا.بنگلہ دیش فیورٹ ہے.
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم بھی آج ویسٹ انڈیز میں سیریز کا 5 واں اور آخری ایک روزہ میچ کھیل رہی ہے.یہ میچ پاکستانی ٹائم کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا،دورے میں 3 ٹی 20میچزکی شکست کے بعد 3 ون‌ ڈے میچز میں بھی ناکامی اپنے نام کرنے کے عد پاکستان نے چوتھے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی اور کرک سین نے اس رات یہ لکھا تھا کہ خواتین ٹیم نے ناکامیوں کے بعد بابر اعظم الیون کو فتح کا پیغام دیا ہے اور اگلے دن پاکستان نے انگلینڈ کو ٹی 20 میں ہرادیا تھا.
یہ بھی دیکھیں
پاکستان انگلینڈ میں کامیاب ہوگیا،پہلے ٹی 20 میں باوقار جیت

Leave A Reply

Your email address will not be published.