انگلینڈ کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم بھی ہائی رسک ہوگی؟باہمی دوروں کا مستقبل کیا

عالمی منظر نامہ میں بڑی تیزی سے تبدیلیاں ہورہی ہیں،پس منظر میں بہت کچھ چل رہا ہوتا ہے ،اگر وہ ٹریک پر ہو تو ظاہری طور پر ہر چیز ٹھیک لگتی ہے اور اگر یہی پس منظر دھندلا دھندلا ہوجائے تو پھر ظاہر ی پکچر بڑی ہی خوفناک بن جایا کرتی ہے.ظاہر ی پکچر پس منظر کی پکچر کی عکاسی اس وقت کرتی ہے جب ٹھیک ٹھاک گڑ بڑ ہو اور ان دنوں وہ بڑھ رہی ہے.ایک بات اور بھی ہے اور وہ ہمارے برصغیر کا تو خاصہ ہے.ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور،کھانے کے اور.

پاک بھارت باہمی روابط،باہمی کرکٹ بحالی،انگلینڈ میں محدود اوورز سیریز کی تجویز،اسی طرح آئی پی ایل اور پی ایس ایل ٹیموں کی اوول لندن میں یاترا کے پلان ٹیبل پر موجود ہیں،ان میں کچھ بہتری پیدا بھی ہوئی لیکن گزشتہ ایک عشرے میں ہونے والی کچھ بڑی نقل وحرکت نے بہت سے پلان کو اپنی جگہ پر منجمد کردیا ہے.

گزشتہ ہفتہ کی ایک بات ایسی ہوئی جس کی ظاہری طور پر کوئی پروا نہیں کی گئی تھی ،حالانکہ وہ نہایت ہی اہم بات تھی کہ برطانیہ نے پاکستان کو کورونا کی وجہ سے ریڈ لسٹ ممالک میں شامل کردیا تھا،چنانچہ آج کوئی پاکستانی برطانیہ میں داخل ہی نہیں ہوسکتا.پاکستان میں ظاہری طور پر اس بات کو لائٹ لیا گیا شاید حکام اس کی اصل وجہ جانتے ہوں.

اتوار کی شب کہ جب پوری دنیا میں ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے.انگلینڈ میں تو خیر سے ہفتہ کی دوسری چھٹی ہوتی ہے،وہاں سے ایک اور تشویشناک خبر بریک ہوئی ہےکہ پاکستان دنیا کے ان خطرناک ترین ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے جو بہت ہی ہائی رسک ہیں.پاکستان کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کو فنانس کرنے والے 21 ممالک کی لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے.ایک ایسے وقت میں جب پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لئے کوشاں ہے،اس کے لئے انگلینڈ جیسے ملک کا یہ فیصلہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے.

سوال یہ ہے کہ منظر نامہ اتنا تاریک کیوں ہورہا ہے،پاکستان اور برطانیہ کے تو شروع سے ہی بہترین تعلقات رہے ہیں تو ان میں یہ کیسی ڈرامائی تبدیلیاں ہیں؟کیا پس منظر میں سب اچھا نہیں ہے.کیا بیک ڈور میں کچھ اور ہے.ایسا کیا ہے کہ جس کے ظاہری اثرات پڑنا شروع ہوگئے ہیں.

پاکستان ریڈ لسٹ میں آگیا،پاکستان ہائی رسک ممالک میں آگیا تو کیا پاکستان کرکٹ ٹیم بھی ریڈ لسٹ میں ہوگی؟کیا پاکستان کرکٹ کے حوالہ سے بھی ہائی رسک ملک میں شمار ہوگا؟ پی سی بی نے اگلے ماہ سے پی ایس ایل بائیو سیکیور ببل بنانے کا اعلان کیا ہے جو 23مئی سے کراچی میں لگے گا تو کیا انگلش کھلاڑی ایسے ملک میں داخل ہونگے؟انگلینڈ کی سر زمین جولائی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گی؟انگلش ٹیم پلان کے مطابق اکتوبر میں پاکستان میں ٹی 20سیریز کھیلنےآئے گی؟

یہ تو کرکٹ کے حوالہ سے سوالات ہیں اور اسی طرح ہر فیلڈ سے متعلق پریشانی ہوگی کہ اصل ماجرا کیا ہے.پاکستان کی حکومت اپنی عوام کو اعتماد میں لے اور درست صورتحال بتائے کہ اگر اتنی ہی گڑ بڑ ہے تو اس کو درست کریں اور اگر کچھ اور چل رہا ہے تو اس کی وضاحت کریں کیونکہ پوری دنیا میں بسنے والےپاکستانی پریشان ہوگئے ہیں اور کرکٹ فینز اپنی جگہ سوچنے لگے ہیں کہ اس سے آگے کیا ہوگا اور پھر کیا ہوگا.