پاکستان کا اصل اعزازو ریکارڈ دوسرے ٹی 20 میچ کی فتح سے مشروط

تجزیاتی رپورٹ :عمران عثمانی

پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقا کے خلاف شاندار کامیابی کا سلسلہ جاری ہے لیکن ابھی بہت کچھ باقی ہے کیونکہ پروٹیز کا سابقہ ریکارڈ ہی اتنا شاندار ہے کہ آسانی کے ساتھ سب کچھ حاصل کیا نہیں جاسکتا،یہ بھی اہم بات ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کو تاریخ میں پہلی بار کمزورحریف ٹیم کا سامنا ہے،اس کے اہم کھلاڑی ملکی نمائندگی چھوڑ کر آئی پی ایل کھیلنے بھارت گئے ہیں تو اس کے لئے ضروری ہے کہ ٹیم تمام میچز ہی جیتے تاکہ میزبان ملک اور اس کے کرکٹ مداحوں کو بڑی چوٹ لگے اور انہیں ادراک ہو کہ لیگز زیادہ اہم ہوتی ہیں یا ملک کی نمائندگی.

پاکستان نے 4 میچزکی سیریز کا پہلا میچ تو جیت لیا ہے ،ابھی ایک اور اعزاز اس کا منتظر ہے،اب وہ اعزاز ایسا ہے کہ چاہے سیریز جیت بھی جائیں،وہ کل کا میچ جیتے بغیر حاصل ہی نہیں سکتا.اس لئے اگر پاکستان کل کا میچ ہارگیا اور سیریز کم سے کم 1-3 سے جیت بھی گیا تو بھی وہ اعزاز حاصل نہیں ہوگا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ قومی ٹیم یہ سیریز نہ بھی جیت سکے اور 2-2 سے برابر کھیل جائے لیکن کل کامیچ ضرور جیتے تو وہ منفرد اعزاز حاصل ہوجائے گا.

پاکستان جنوبی افریقا کے خلاف کونسا اعزاز حاصل کرسکتا ہے کہ جس کے لئے 12 اپریل کا میچ جیتنا لازمی ہے .وہ یہ کہ قومی کرکٹ ٹیم پروٹیز کے خلاف کبھی بھی مسلسل 3 ٹی 20 میچز نہیں جیت سکی،اسے اس بار یہ اعزاز حاصل ہوسکتا ہے.پاکستان اس وقت تک جنوبی افریقا کے خلاف مسلسل 2میچز جیت چکا ہے،ایک میچ 14 فروری 2021 کو لاہور میں جیتا تھا اور دوسرا میچ 10اپریل 2021 کو جوہانسبرگ میں جیتا ہے.پاکستان اس سے پہلے بھی جنوبی افریقا کے خلاف مسلسل 2 ٹی 20 میچز جیت چکا ہے جیسے18 جون2009 اور 10مئی 2010کو 2میچز اوپرتلے جیتے.6فروری 2019 اور 11فروری2021 کو مسلسل 2 میچز جیتے لیکن پاکستان مسلسل 3فتوحات نام نہیں کرسکا ہے جبکہ اس کے مقابلہ میں پروٹیز نے13 نومبر 2013 سے 20نومبر 2013 تک مسلسل 3میچز پاکستان کے خلاف جیتنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے.

جنوبی افریقا کے خلاف کسی شکست کے بغیر مسلسل 3 فتوحات کا موقع پاکستان کو پہلے بھی ایک بار حاصل ہوا مگر ٹیم ناکام رہی ہے مگر اس بار یہ موقع ایسے حالات میں آیا ہے کہ بابر اعظم الیون 3 کیا مسلسل 5 فتوحات کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کرسکتی ہے مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ ٹیم اس سیریز کے باقی 3میچزجیتے یا کم سے کم کل کا میچ ضرور اپنے نام کرے.

پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ایک اور حساب بھی برابر کردیا ہے .10 سال بعد اسے موقع ملا ہے کہ وہ بھی مجموعی مقابلوں میں ایک بار پھر سبقت حاصل کرے .ابھی تو حساب کتاب برابر ہوا ہے .