قومی کرکٹ ٹیم ہرارے اترگئی،زمبابوے سے 14 ٹی 20میچز،پاکستان کبھی ہارا

رپورٹ: عمران عثمانی

پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا سے زمبابوے پہنچ گئی،کھلاڑی جوہانسبرگ سے ہرارے کے لئے روانہ ہوئے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات گئے ہرارے پہنچ گئے،اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس،بیٹنگ کوچ یونس خان اور ہیڈ کوچ مصباح نے میڈیا سے بات چیت کی.

پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جنوبی افریقا میں اوپر تلے 2 سیریز جیتنے پر جشن بھی منایا اور کیک کاٹ کر خوشی منائی،قومی ٹیم کی کل کی فتح ماضی کا حصہ بنی اور اب زمبابوے کے ملک میں نئی سیریز ہے،ٹیسٹ کھلاڑی لاہور سے روانہ ہوکر ٹیم کو جوائن کریں گے.

پاکستانی ٹیم کی اگلی حریف کمزور زمبابوین ٹیم ہے جس نے ہفتہ کو اپنے کھلاڑیوں کا اعلان بھی کردیاہے.زمبابوے میں پہلے ٹی 20سیریز ہوگی تو جنوبی افریقا میں 4میچزکی پریکٹس قومی کرکٹرز کو زمبابوےمیں مزید فائدہ دے گی.شیڈول کے مطابق پہلا ٹی 20 میچ 21اپریل کو کھیلا جائے گا.دوسرا 23 اور تیسرا میچ 25 مارچ کو ہوگا.تمام ٹی 20میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2بجے شروع ہونگے .3میچزکی سیریز کے بعد پاکستان اور زمبابوے 2ٹیسٹ میچزکی سیریز کھیلیں گے.پہلا ٹیسٹ 29 اپریل اور دوسرا و آخری ٹیسٹ 7مئی سے کھیلا جائے گا.

پاکستان اور زمبابوے کی ٹی 20کرکٹ تاریخ کی اہم ترین بات یہ ہے کہ قومی ٹیم اس حریف کے خلاف کبھی بھی 200 کا مجموعہ سیٹ نہیں کرسکی لیکن اس کے باوجود کبھی ہاری نہیں ہے بلکہ اس بات کو کچھ اس طرح لیتے ہیں کہ زمبابوے ٹیم پاکستان کے خلاف 14بڑی کاوشوں کے باوجود کبھی کامیاب ہوہی نہیں سکی.تمام 14میچز پاکستان نے جیتے ہیں.تمام 5باہمی سیریز بھی پاکستان کے حصہ میں آئی ہیں،اس کے ساتھ 2 اور سیریز 3ملکی کپ و دیگر ٹائٹل کے ساتھ ہوئی ،ان میں بھی پاکستان نے زمبابوے کو شکست دی تھی.زمبابوے میں بھی پاکستان ہمیشہ فاتح رہا ہے.

پاکستان نےزمبابوے میں اب تک 8 ٹی 20 انٹر نیشنل میچز کھیلے ہیں،تمام میں پاکستان ہی فاتح رہا ہے.بابر اعظم کے لئے سیریز سے زیادہ اہم بات یہ ہونی چاہئے کہ وہ ہلکے پھلکے اسٹائل میں زمبابوے سے سنگل میچ بھی نہ ہاریں.