محمد عباس کی طوفانی بائولنگ،ہیٹ ٹرک سمیت 5وکٹیں،بین سٹوکس پھر آئوٹ

رپورٹ : عمران عثمانی

پاکستانی پیسر محمد عباس اس وقت نیشنل اسکواڈ سے باہر ہیں اور زمبابوے جیسے ملک میں بھی ٹیسٹ میچز کے لئے سلیکٹ نہیں ہیں لیکن انہوں نے انگلش کائونٹی میں ایک کارنامہ سر انجام دے کر ایک بار پھر اپنی جانب توجہ مبذول کروائی ہے اور سچی بات یہ بھی ہے کہ گزشتہ 2 سال سے وہ قومی کرکٹ ٹیم کے لئے سود مند ثابت نہیں ہوپارہے تھے.

گزشتہ سال انگلینڈ میں ان کی اسپیڈ گرتی گئی،پھر یہی حال نیوزی لینڈ کے دورے میں ہوا اور پھر ہوم گرائونڈ میں بھی وہ مایوس کن پرفارمنس کا مظہر بنے رہے لیکن جمعہ کے روز انہوں نے ہیٹ ٹرک کرلی.انہوں نے انگلش کائونٹی میچ میں یہ کارنامہ سر انجام دیا .

ہمپشائر کائونٹی کے لئے کھیلنے والے دائیں ہاتھ کے پیسر نے مڈل سیکس کے خلاف ہیٹ ٹرک کرلی.سائوتھمپٹن میں جاری میچ کے دوسرے دن ہمپشائر ٹیم پہلی اننگ میں 319رنزبناکر آئوٹ ہوگئی،اس کے بعد جب مڈل سیکس نے اننگ شروع کی تو اس کو شروع میں ہی بڑا جھٹکا لگ گیا محمدعباس مڈل سیکس کے بلے بازوں پر جھپٹ پڑے،انہوں نے شروع میں ہی اٹیک کردیا ااور دھڑا دھڑ وکٹیں گرائیں.شروع ہی میں ہیٹ ٹرک کرلی،اسی پر بس نہیں کیا بلکہ اپنے ابتدائی 3اوورز میں صرف 3اوورز میں صرف 3 رنز دے کر 5وکٹیں اپنے نام کرلیں اور دلچسپ بات یہ تھی کہ مڈل سیکس کے 5کھلاڑی ہی آئوٹ ہوئے تھے اور اس کا اسکور صرف14 تھا.

دوسری جانب انگلینڈ سے ہی اس کے اپنے کیمپ کے لئے افسوسناک خبر یہ ہے کہ بین سٹوکس نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے بھی باہر ہوگئے ہیں،آئی پی ایل کا پہلا میچ کھیل کر اپنی انگلی ٹروانے والے بین سٹوکس 4دن قبل پوری لیگ سے بوریا بستر گول کرواگئے تھے اور اب انجری کی نوعیت اتنی سخت نکلی ہے کہ وہ آئی پی ایل کی انجری کی وجہ سے اپنے ملک میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل سکیں گے.ای سی بی نے اس صورتحال پر سر پکڑا ہوا ہے.