کوہلی کی 4سال میں بڑی تنزلی،بابر اعظم کے پاس کون سا سنہری موقع،7 اہم ترین خبریں

بدھ کا دن انٹر نیشنل کرکٹ کونسل اور دنیائے کرکٹ کے صف اول کے کھلاڑیوں پر بڑا ہی بھاری رہا ہے.عجب اتفاق تھا کہ آئی سی سی کی ٹاپ لیڈر شپ سنگین الزامات کے باعث جبری رخصتی پر گئی اور دوسری جانب دنیا جن کو آج کے کلاسیکل بیٹسمین کہتی ہے،وہ بھی تنزلی کا شکار ہوگئے.آئی سی سی چیف ایگزیکٹو مانو سواہنی کے حوالہ سے ہم پہلے ہی خبر دے چکے ہیں جبکہ یہاں ویرات کوہلی اور بابر اعظم کی تنزلی اور اوپر کے درجہ سے نچلے درجہ پر گرنے کا ذکر کرتے ہیں.آئی سی سی نے ایک ہی روز اوپر تلے 2فارمیٹ کی رینکنگ جاری کی ہے،ٹی 20 درجہ بندی میں بابر اعظم ایک درجہ یا ایک نمبر نیچے آئے ہیں.

پہلے ذکر کرتے ہیں ٹیسٹ درجہ بندی کا،بھارت کے کپتان ویرات کوہلی کے لئے انگلینڈ سیریز بھی بری رہی ،وہ طویل عرصہ سے آئوٹ آف فارم ہیں،چنانچہ ناکامی کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ وہ پلیئرز رینکنگ میں کھسکتے ہوئے 5ویں نمبر پر چلے گئے ہیں،ایک وقت تھا ان کا اور اسٹیون اسمتھ کا نمبر ون پوزیشن کے لئے جھگڑا رہتا تھا اور کئی سال یہ اوپر تلے آتے رہے ہیں لیکن کوہلی 2017 کے بعد پہلی بار گزشتہ 4 سال کی بد ترین پوزیشن پر ہیں لیکن ایسی بات بھی نہیں ہے کہ وہ ٹاپ 10 سے باہر نکل گئے ہوں بلکہ وہ اب بھی 5ویں نمبر پر ہیں.کین ولیمسن پہلے اور سٹیون اسمتھ دوسرے نمبر پر ہیں .مزے کی بات یہ ہے کہ کوہلی کے بعد اگلا نمبر پاکستان کے بابر اعظم کا ہے،کوہلی کی ریٹنگ 814 اور بابر کی 760ہے.سوال یہ ہے کہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم بھارتی ہم منصب ویرات کوہلی کو پچھاڑ سکتے ہیں،اس کا جواب یہ ہے کہ وہ عین یہ کام کرسکتے ہیں،اس کے لئے ضروری ہے کہ کوہلی اس سال ایک سیریز میں ناکام ہوں جبکہ بابر اعظم پورا سال کامیاب ہوں،اگر ایسا ہوا تو یہ اپنی نوعیت کی بڑی خبر ہوگی.

دوسری جانب بابر اعظم کے حالات بھی کچھ زیادہ اچھے نہیں ہیں.ٹی 20 فارمیٹ میں طویل عرصہ نمبر ون رہنے والے بابر دن بدن نیچے کی جانب جارہے ہیں،پہلے نمبر ون سے نمبر 2 اور پھر نمبر 3 ہوئے تو اب نئی درجہ بندی میں اب چوتھے نمبر پر آگئے ہیں،اس فارمیٹ میں کوہلی ان سے نیچے ہی ہیں جن کا نمبر چھٹا ہے.چنانچہ بابر اعظم کے لئے ٹی 20 رینکنگ میں ویرات کوہلی سے اوپر رہنا ایک چیلنج ہوگا اور ٹیسٹ رینکنگ میں ان سے اوپر جانا دوسر اچیلنج،اگر ایک روز ایسا ہوگیا تو دنیا بابر اعظم کو ویرات کوہلی سے زیادہ نہ سہی،کم سے کم برابر عزت دے گی.

آئی سی سی چیف کے پائوں سے زمین نکل گئی، 2 اپشنز،وجوہات جانئے

بدھ کے روز ابو ظہبی میں زمبابوے نے افغان اسپنرز کا رعب ہوا میں اڑادیا ہے،سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن اس نے 3وکٹ پر 307رنزبناکر اس میچ میں بھی اپنے ناقابل شکست رہنے کا پیغام دے دیا ہے،راشد خان ہوں یا کوئی اور ،سب کے سب فیل ہوئے اور فلاپ ہوئے ہیں.اننگ کی خاص بات افغان کپتان اصغر افغان کی ناقابل شکست سنچری ہے،وہ 106پر کھیل رہے ہیں.

آج ہی کے دن نارتھ سائونڈ میں سری لنکا نےویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کا آغاز کردیا ہے.ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ زیادہ مفید نہیں رہا،مہمان ٹیم 49اوورز میں 232 پر ڈھیر ہوگئی.گونا تھیلاکا،کرونا رتنے اور بندرا ہاف سنچریز بنانے میں کامیاب رہے.جیسن ہولڈر اورجیسن محمد نے 2،2کھلاڑی آئوٹ کئے ہیں.جس وقت یہ خبر پوسٹ کی جارہی تھی،اس وقت اننگ کا وقفہ تھا،ویسٹ انڈین ٹیم پاکستانی وقت کے مطابق رات 11بجے اپنی جوابی اننگ شروع کرنے والی ہے.

نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ہوم گرائونڈ پر شروع ہونے والی ایک روزہ سیریز کے لئے نئے کپتان کا اعلان کردیا ہے،بدھ کی شام اعلان کردہ 13 رکنی اسکواڈ کے مطابق ڈیون کونوے،ول ینگ اورڈیرل مچل کو شامل کیا گیا ہے،اہم بات یہ نہیں بلکہ ایک اور ہے اور وہ یہ ہے کہ کیوی ٹیم کی قیادت کا ہما ٹام لیتھم کے سر بیٹھا ہے ،کین ولیمسن سے کپتانی چھینی نہیں گئی ہے بلکہ وہ زخمی ہونے کے باعث سیریز سے باہر بیٹھے ہوئے ہیں،بنگلہ دیش ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود ہے،بظاہر ایک بڑی اور ایک چھوٹی ٹیم کا مقابلہ ہے،دیکھنا ہوگا کہ کیا کوئی غیر متوقع نتیجہ بھی سامنے آتا ہے یا نہیں.

جوں جوں بھارت کی آئی پی ایل لیگ کا وقت قریب آرہا ہے،کوروناکے ڈر اور ایک لمبی سیریز کی تھکاوٹ کے خوف سے کھلاڑی آگے پیچھے ہونا شروع ہوگئے ہیں،آسٹریلیا کے جوش فلپ نے رائل چیلنجرز بنگلور کو صاف جواب دے دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کسی حال میں بھی دستیاب نہ ہیں.فرنچائز نے بھی دیر نہیں کی ہے اور فوری طور پر نیوزی لینڈکا رخ کیا ہے جہاں انہیں وکٹ کیپر بیٹسمینفن ایلن کی خدمات حاصل ہوگئی ہیں،ایک طرف یہ عالم ہے تو دوسری جانب انگلش کائونٹیز بھی اپنے رواں سال سیزن کے لئے غیر ملکی پلیئرز سے رابطے میں ہیں اور اس کے لئے ڈرہم کائونٹی نے بڑی کامیابی اپنے نام کی ہے اور آسٹریلیا کے صف اول کے کرکٹر کیمرون بین کرافٹ کو دوبارہ حاصل کرلیا ہے.