کینٹ کائونٹی کا محمد عامر سے معاہدہ ختم،مورگن سمیت 3 انگلش پلیئرزپکڑے گئے

پاکستان کرکٹ ٹیم سے زبردستی ریٹائرمنٹ لینے والے پیسر محمد عامر کا انگلش کائونٹی کرکٹ معاہدے کا پہلا حصہ منسوخ ہوگیا ہے،لیفٹ ہینڈ پیسر عامر نے انگلینڈ کے ٹی 20 بلاسٹ کے لئے کینٹ کائونٹی سے معاہدہ کیا تھا،پاکستان ٹیم منیجمنٹ سے ناراض ہوکر ریٹائرمنٹ لینے والے محمد عامر کا پرابلم یہ تھا کہ ان کا مصباح اور وقار سے اختلاف تھا،اس کے بعد انہوں نے سال بھر کی لیگز پر توجہ مرکوز کرلی تھی لیکن اس ماہ انہیں ایک نقصان ہوا ہے.

موجودہ مسئلہ ایسا تھا کہ اس میں عامر کا بھی کوئی قصور نہیں ہے کیونکہ پی ایس ایل 6 التوا کے بعد جون میں شیڈول کی گئی تھی اور پھر یہ کراچی سے عرب امارات منتقل ہوگئی ہے جس کا آج سے آغاز ہورہا ہے اور عامر اس کے لئے کراچی کنگز کے کیمپ میں موجود ہیں ،لیگ 25 جون تک جائے گی،اب اس سے قبل انہیں انگلینڈ جانا تھا اور کینٹ کائونٹی جوائن کرکے ٹی 20 بلاسٹ کھیلنا تھا لیکن اب ان کی کائونٹی نے عامر کی مصروفیت اور اپنے ملک کی پاکستان کے بارے میں سفری پابندی کے باعث عامر سے معاہدہ ختم کردیا ہے.کینٹ نے ان کی جگہ ایڈم ملن سے معاہدہ کرلیا ہے.

محمدعامر کا انگلینڈ کے نئے ایونٹ 100 بالز کے لئے نئی کائونٹی سرے سے معاہدہ ہے لیکن اب اس پر بھی سیاہ بادل چھائے ہیں،پاکستانی ٹیم تو انگلینڈ کی خاص اجازت پر اس ماہ کے آخر میں انگلینڈ جاسکے گی لیکن عامرسمیت دیگر پلیئرز کے لئے کائونٹیز کو حکومت کی اجازت درکار ہوگی.

دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ میں نسل پرستی کے حوالہ سے ایک اور بھاری دن گزرا ہے.اولی رابنسن کو سخت ٹویٹ پر معطل کئے جانے کے بعد ایک اور سینئر کے ایسے ہی جرم کا انکشاف ہوا تھا جس کی تحقیقات ای سی بی نے جاری کر رکھی ہیں لیکن اب انگلش ورلڈ کپ ونر کپتان اوئن مورگن ،جوس بٹلر اور جیمز اینڈرسن کے بھی کچھ ٹویٹس سامنے آئے ہیں ،ان پلیئرز کے یہ ٹویٹس 2017 اور 2018کے ہیں،اس طرح انگلینڈ بورڈ پر اب ان کے خلاف بھی کارروائی کا دبائو آگیا ہے جب کہ ایک اور سینئر پلیئر کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ کپتان سمیت 3 سینئرز کا یہ نیا ڈرامہ سامنے آیا ہے.

انگلینڈ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ لارڈ ز ٹیسٹ کے ختم ہوتے ہی اولی رابنسن کو 2012کے ٹویٹس پر معطل کردیا تھا لیکن اس فیصلہ کو برطانوی وزیر اعظم سمیت اکثریتی افراد نے پسند نہیں کیا تھا اور اب اوئن مورگن اور جوس بٹلر جیسے پلیئرز کا اس میں آنا اور سینئر بائولر جمی اینڈرسن کا ایک حد تک ایسے ٹویٹس میں شامل ہونا ای سی بی کے لئے بڑا مسئلہ بن گیا ہے.

ادھر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کی انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے.منگل کو انجری کی وجہ سے وہ ٹریننگ نہیں کرسکے ،میچ کل جمعرات 10 جون سے شروع ہونا ہے.

ویسٹ انڈیز کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لئے اسکواڈ کا اعلان کیا ہے تو سری لنکا نے دورہ انگلینڈ کے لئے بھاری بھرکم 24 رکنی اسکواڈ میں اینجلیو میتھیوز سمیت کئی سینئرز کو جگہ نہیں دی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں