آئی پی ایل کی سزا،انگلینڈ کے 11 پلیئرز نکال دیئے گئے،ہیڈ کوچ پاکستان سیریز سے آئوٹ،تماشائیوں کی اجازت

رپورٹ : عمران عثمانی

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا بڑا اقدام،بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے والی اپنی پوری الیون سائیڈ کو بائیو سیکیور ببل میں داخلہ سے روک دیا،نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز سے بھی نکال دیا ہے،معاملہ صرف یہاں تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ پاکستان سمیت ایک اور ٹیم کے خلاف سیریز سے اپنے ہیڈکوچ کم چیف سلیکٹر کو بھی باہر بٹھانے کا اعلان کردیا ہے،اس طرح انگلش کرکٹ سیزن اپنے ڈرامائی موڑ پر جارہا ہے جو پہلے ہی بہت مصروف ہے.تماشائی گرائونڈ آسکیں گے.

اوپر دی گئی خبریں سنسنی خیزی یا توجہ کے لئے نہیں ہیں بلکہ حقائق سے پر ہیں،بھارت میں کوروناکی وجہ سے ملتوی ہونے والی آئی پی ایل میں انگلینڈ کے 11 ٹاپ پلیئرز شریک تھے،جن میں محدود اوور زٹیم کے ورلڈ چیمپئن کپتان اوئن مورگن بھی شامل ہیں.ان کے علاوہ متعدد ایسے پلیئرز بھی ہیں جو ٹیسٹ اسکواڈ کامستقل حصہ ہوتے ہیں لیکن ای سی بی نے 2جون سے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی 2میچزکی ٹیسٹ سیریزمیں انہیں کھلانے سے انکار کردیا ہے اور انہیں اس وقت بتایا گیا جب ان میں سے بیشتر کھلاڑی واپس لندن پہنچنے کے بعد 10روزہ سخت ترین قرنطینہ بھی مکمل کرچکے ہیں.

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اس کی وجہ بظاہر یہ بتائی ہے کہ پلیئرز طویل عرصہ سے بائیو سیکیور ببل لائف کا حصہ بنے رہے ہیں اور اگلا سیزن بھی مصروف ترین ہے،اس لئے انہیں آرام کی ضرورت ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ پلیئرز اس صورت میں بھی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوتے جب آئی پی ایل مکمل ہوجاتی،یہ اس لئے کہ انگلینڈ بورڈ ایسے پلیئرز کو فوری اپنے بائیو سیکیور ببل کاحصہ بنانا نہیں چاہتا جو بھارت جیسے متاثرہ ملک سے واپس آرہے ہوں.اس لئے سابقہ پلان کے مطابق پلیئرزکے جلد بھارت سے فارغ ہونے کے باوجود انہیں نہ صرف ٹیسٹ سیریز بلکہ اس کے لئے قائم بائیو سیکیور ببل سے بھی آئوٹ کردیا گیا ہے.

دوسری جانب انگلینڈ کے ہیڈ کو چ سلور ووڈ جو کہ اس وقت چیف سیلکٹر کا اضافی عہدہ بھی رکھتےہیں،ان کو نہ صرف پاکستان بلکہ سری لنکا کے خلاف ہونے والی ہوم سیریز سے ریلیز رنے کا اعلان کیا گیا ہے.چنانچہ جون،جولائی میں سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز سے وہ آئوٹ ہونگے،یہ معمولی بات نہیں ہے کیونکہ دونوں ٹیموں نے انگلینڈ کے خلاف 6ون ڈے میچز کھیلنے ہیں اور انگلینڈ اتنے زیادہ میچز میں اپنے ہیڈ کوچ کے بغیر ایکشن میں ہوگا.پال کالنگ ووڈ انکی جگہ لیں گے.

ادھر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے 21 جون سے 30 ہزار تماشائیوں والے تمام گرائونڈز میں کرکٹ فینز کی اجازت دے دی ہے.اس طرح سری لنکا،پاکستان اور بھارت کے خلاف سیریز میں ہائوس فل ہونگے .بورڈ بڑے خسارے سے باہر نکل آئے گا.