ہوم آف کرکٹ میں بھارتی پہلے دن کے لارڈ ،بہتر اسکور،انگلش بائولرز بے بس
رپورٹ : عمران عثمانی
لارڈز میں بھارت کا نیا روپ،انگلش ٹیم سہم کر رہ گئی،ان فٹ ہونے کے باوجود جمی اینڈرسن کو کھلایا گیا لیکن پھر بھی مطلوبہ مقاصد نہ ملے کیونکہ ان کے ساتھ دینے والے تمام بائولرز کا شو فلاپ رہا،بھارت نے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر 3 وکٹ پر 276 رنز بنالئے ہیں،اننگ کی خاص بات کے ایل راہول کی ناقابل شکست سنچری تھی اور اور روہت شرما کی بدقسمتی کہ وہ سنچری نہ کرسکے لیکن اپنی ٹیم کے لئے 126رنزکی شراکت بنوانے میں اہم کردار ادا کرگئے.
ٹاس کے بعد غلط فیصلہ
انگلش ٹیم منیجمنٹ نے زخمی جمی اینڈرسن کو کھلادیا لیکن سام کرن کو کھلانے کا فیصلہ غلط رہا،اگر ان کی جگہ ثاقب محمود کو ڈالا جاتا تو زیادہ فائدہ ہوتا،اسی طرح ٹاس کے بعد فیلڈنگ کا اعلان غلط رہا.میزبان ٹیم نے 3 تبدیلیاں کیں اور حسیب حمید کو کھلایا جن کی طویل عرصہ بعد بطور بیٹسمین واپسی ہوئی ہے،بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی اور شردول ٹھاکر کی جگہ ایشانت شرما آئے.اسی طرح انگلش ٹیم نے 2 ریویو لئے اور دونوں غلط گئے،اس طرح یہ بھی خوب مذاق بنا.
لارڈز میں پہلے سناٹا،پھر مایوسی
جمعرات کو لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں اس وقت سنا ٹا چھا گیا جب میچ کے آغاز سے قبل بارش ہونے لگی اور اس کی وجہ سے ٹاس بھی 20 منٹ کی تاخیر کا شکار ہوا ،انگلینڈ نے ٹاس جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،یہ فیصلہ نہایت ہی غلط ثابت ہوا.کرک سین نے اپنے 2 آرٹیکلز میں لکھا تھا کہ لندن میں موسم ایسا ہےاور یہ کہ کنڈیشنز اسپنرز کے لئے بھی معاون ہوسکتی ہیں تو ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کو ترجیح دے تو زیادہ فائدہ ہوگا لیکن جوئے روٹ یہاں میزبان قائد ہونے کے باوجود روایتی غلطی کر گئے اور نتیجہ میں بھارتی بیٹنگ لائن ان کے سامنے دیوار بن گئی،ویسے بھی سٹورٹ براڈ کے ان فٹ ہونے اور جوفرا آرچر اور بین سٹوکس کے نہ ہونے سے انگلش پیس اٹیک کمزور ہوچکا ہے،ایسے میں جمی اینڈرسن کو بھی مجبوری میں کھلایا گیا،سام کرن ،مارک ووڈ اور اولی رابنسن ان کے معان نہ بن سکے ،یہی وجہ ہے کہ بھارت نے 126 رنز کا بڑا آغاز لے لیا.انگلش فینز کو مایوسی ہوئی.
پہلی کامیابی بڑی تاخیر سے
انگلینڈ کو پہلی کامیابی جمی اینڈرسن نے ہی لے کردی جب انہوں نے روہت شرما کو 83 کے انفرادی اسکور پربولڈ کردیا،اس بار شرما نے 145 بالیں کھیلیں اور 57 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور بنایا،یہی وجہ ہے کہ بھارت کا اسکور تھوڑا اچھا بن گیا.انگلینڈ کو دوسری کامیابی 24 رنزکےا ضافہ سے اس وقت مل گئی جب چتشور پجارا9رنز بناکر جونی بیئر سٹو کو کیچ دے گئے،بائولر اس بار بھی جمی اینڈرسن تھے.بھارت کی 2 وکٹیں 150 پر جاچکی تھیں اور انگلش کیمپ کو یقین تھا کہ ان کے بائولرز اس کا فائدہ اٹھالیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا.ویرات کوہلی اس بار بڑے موڈ کے ساتھ آئے اور کے ایل راہول کو بھر پور سپورٹ ومدد ملی،نتیجہ میں انہوں نے اپنی چھٹی سنچری مکمل کرلی.
کوہلی کے آتے ہی تیز رنز
کے ایل راہول کی سنچری کے ساتھ ساتھ ویرات کوہلی نے آتے ہی اسکور کی رفتار بڑھادی،دونوں نے تیسری وکٹ پر 100رنزکی شراکت29 اوورز ایک بال پر مکمل کی،اس کے ساتھ ہی بھارت کے 250 رنز مکمل ہوگئے.انگلینڈ نے 80اوورز بعد نئی بال بھی لی مگر اسے کوئی فائدہ نہ ہوا.جمی اینڈرسن کو بھی واپس لایا گیا،دونوں سیٹ بیٹسمین کسی دبا ئو میں نہیں آرہے تھے،انگلش تماشائیوں کو سانپ سونگھ گیا تھا. ایسے میں اختتامی لمحات میں اولی رابنسن نے کوہلی کو شکار کرکے نئی سنسنی پھیلادی،بھارتی کپتان آف اسٹمپ سے باہر جاتی بال کو کھیلنے کی کوشش میں پہلی سلپ میں کھڑے اپنے ہم منصب جوئے روٹ کو کیچ دے گئے کوہلی نے 103 بالوں پر 42 رنز کئے اس طرح بھارت کی تیسری وکٹ کی 117 رنزکی شراکت ٹوٹ گئی،نئے بیٹسمین اجنکا رہانے آئے ،انہوں نے بھی دفاعی انداز اپنایا.امپائرز نے جس وقت کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا تو 90 اوورز پورے ہوگئے تھے.بھارت کا اسکور 3 وکٹ پر 276تھا.اوپنر کے ایل راہول 127رنز پر ناٹ آئوٹ تھے،انہوں نے 248بالیں کھیلیں اور 12چوکے لگائے،ایک چھکا بھی ساتھ تھا،ان کے ساتھ اجنکا رہانے 22بالز کھیل کر ایک پر ناٹ آئوٹ آئے.
انگلش ٹیم کی بائولنگ کا احوال
ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا مطلب نئی پچ اور نئے بال سے اضافی مدد لینا ہوتا ہے لیکن انگلش بائولرز نکمے ثابت ہوئے ہیں اور پہلےسیشن میں کوئی وکٹ نہ ڑاسکے،بھارت نے پہلے 100رنزکی شراکت 198 بالز پر بغیر کسی مدد کے مکمل کی،انگلش بائولرز کو پہلی کامیابی دن کے آدھے اوورز کے بعد 44 ویں اوور میں ملی.نتیجہ میں جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن سب سے زیادہ 23 اوورز اور 47 رنز دے کرایک وکٹ لےسکے.سام کرن کو18 اوورز میں 58 اور مارک ووڈ کو16اوورز میں 66 رنز پڑے اور ناکام گئے جبکہ معین علی13 اوورز میں 40رنز دے کر بھی وکٹ نہ لے سکے ،اس طرح پورا انگلش بائولنگ ڈیپارٹمنٹ ناکامی کی تصویر بنا رہا.جمی اینڈرسن سب سے کامیاب رہے اور20 اوورز میں 52رنز کے عوض 2 وکٹ اپنے نام کر گئے.
لارڈز کے تاریخی میدان میں بھارت نئے روپ میں
بھارت کا ہوم آف کرکٹ میں ٹیسٹ ریکارڈ نہایت ہی خراب ہے لیکن بات یہ ہے کہ اس وقت تاریخ کی کمزور انگلش ٹیم اس کے سامنے ہے،اس کے پیس اٹیک میں جان ہے اور نہ دم،اسپنرمعین علی کو بھی مدد نہیں ملی،نتیجہ میں بھارت نے ہوم آف کرکٹ میں اپنی تاریخ کے 19 ویں ٹیسٹ میں تیسری فتح کی بنیاد پہلے ہی روز رکھ دی ہے اور اگر یہی حالات رہے تو انگلش ٹیم سامنا نہیں کرسکے گی.
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2 کےحوالہ سے یہ پہلی سیریز ہے اور پہلا ٹیسٹ ڈرا رہا تھا.5میچزکی سیریز کے اس دوسرے مقابلہ میں اگر انگلینڈ ہار گیا تو اس کے لئے کم بیک کرنا مشکل ہوگا،اگلے میچز میں بارش کے امکانات بھی بدستور موجود ہیں،اس لئے کسی بھی میچ کا نتیجہ مخالف ٹیم کے گلے پڑسکتا ہے.ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے حوالہ سے یہ بات طے ہے کہ اس بار کئی سیریز کے نتائج مختلف آئیں گے اور کئی ٹیموں کے لئے راہ ہموار ہوگی.پاکستان جیسی ٹیموں کو اس بار اپنی سیریز اپنے گرائونڈز میں ملیں گی.
یہ بھی اسی سے متعلق ہے
لارڈز ٹیسٹ شروع،ڈرامائی تبدیلیاں،ٹاس بھی ہوگیا