ویسٹ انڈیز میں غیر ملکی ٹیمیں اورٹی 20 کرکٹ،پاکستان کا ناقابل یقین ریکارڈ
تحقیق و تحریر : حافظ محمد عمران عثمانی
پاکستان کرکٹ ٹیم غیر ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں ویسٹ انڈیز میں پہلا کامیاب دن گزارنے میں کامیاب ہوگئی ہے،کامیابی اس معنی میں ہے کہ تمام اسکواڈ ممبران کے کووڈ ٹیسٹ منفی آگئے ہیں اور اس طرح ٹیم اب ٹریننگ کے لئے آزاد ہوگی اور یہ آزادی اس لئے بھی ضروری ہے کہ انٹر نیشنل میچزکے آغاز میں زیادہ وقت نہیں ہے،دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹی 20 میچ 27 جولائی کو کھیلا جائے گا.5 ٹی 20میچزکی سیریز کے بعد گرین کیپس اور کالی آندھی کے مابین 2 میچزکی ٹیسٹ سیریز ہوگی اور یہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2 کا حصہ ہوگی.
قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ میں شکست کے بعد اب پوری قوم کی نگاہیں دورہ ویسٹ انڈیز پر مرکوز ہیں،ان کو یہ خوف کھائے جارہا ہے کہ اگر قومی کھلاڑی یہاں بھی ہار گئے تو پھر کیا ہوگا .ورلڈ ٹی20میں کیا بنے گا جس کے آغاز میں اب 3 ماہ سے بھی کم کا وقت بچا ہے،کرک سین نے دورہ انگلینڈ کے حوالہ سے پاکستانی ٹیم کے سابقہ ریکارڈز و نتائج کی روشنی میں دونوں سیریز کی پیش گوئی کی تھی جو حرف بحرف سچ ثابت ہوئی ہیں،اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے اب دورہ ویسٹ انڈیز کے حوالہ سے بھی جائزہ لیتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ پاکستان کے ویسٹ انڈین سر زمین پر کیا چانسز ہیں.
اوور آل ٹی 20میچزکی تاریخ
تمام غیر ملکی ٹیموں کی کیریبین میدانوں میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے اوور آل ٹی 20میچزکی تاریخ دیکھی جائے تو کرکٹ فینز کے لئے اطمینان بخش خبر یہ ہے کہ پاکستان کا ویسٹ انڈیز میں ٹی 20 وننگ ریکارڈ تمام ٹیموں سے اونچا،اچھا اور بہتر ہے،یہ بڑی حیرانگی کی بات ہوگی کیونکہ ہر کوئی سوچے گا کہ حال ہی میں آسٹریلیا کو وہاں ٹی20 سیریز میں شکست ہوئی ہے اور اس سے فوری قبل کھیلی گئی جنوبی افریقا سیریز میں بھی پروٹیز بمشکل فتحیاب ہوسکے ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان آگے ہے،یہ تو جنوبی افریقا کی چند روز قبل 5ویں و آخری میچ کی فتح نے اسے پاکستان کی صف میں لاکھڑا کیا ہے،ورنہ تن تنہا پاکستان سب سے آگے تھا.
ویسٹ انڈین میدانوں میں غیر ملکی ٹیموں کی ٹی20 پرفارمنس
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے لئے جزائر غرب الھند ٹی 20 فارمیٹ میں ڈرائونا مقام ثابت ہوئے ہیں،یہ ٹیمیں وہاں ناکامی کی عملی تصویر بنی ہیں،اتفاق سے ان 2 بڑی ٹیموں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سب سے زیادہ ٹی 20 انٹر نیشنل میچز کھیلے اور سب سے ہی زیادہ بار ناکامی کی عملی تصویر بنی ہیں.ذیل میں تمام ٹیموں کی ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے ٹی 20 میچزکی کارکردگی پیش خدمت ہے.
آسٹریلیا سے ویسٹ انڈئیزمیں اب تک سب سے آگے رہتے ہوئے 9 ٹی 20میچزکھیلے اور صرف 3 جیتے جب کہ 6 میں ناکامی ہوئی.
انگلینڈ نے 8 میچز کھیل کر4 میچز جیتے اور 4ہی میں ناکامی لکھوائی،اس کا ریکارڈ ففٹی ففٹی ہوا.
پاکستان نے سب 7 میچز کھیل کر 5 میں کامیابی اپنے نام کی اور صرف 2 میں اسے شکست ہوئی،فتوحات میں پہلا نمبر ہے.
جنوبی افریقا نے بھی 7میچزمیں 5جیتے اور 2 ہارے ہیں لیکن متعدد ایوریج باب میں وہ پاکستان سے پیچھے ہے.
بھارت جیسی ٹیم کا ریکارڈ بھی اچھا نہیں ہے.4میچزمیں سے 2 جیتے ہیں اور 2 ہارے ہیں،گویا برتری نہیں ہے.
سری لنکا کا بھی یہی ریکارڈ ہے جو بھارت کا ہے،اسی طرح نیوزی لینڈ ہے کہ 2 میں سے 1-1 کے ساتھ حساب برابر ہے.
ویسٹ انڈیز میں غیر ملکی ٹیموں کی اوور آل پرفارمنس
اوپر جو ہم نے میچزکا ذکر کیا ہے ،وہ وہ میچز ہیں جو غیر ملکی ٹیموں نے ویسٹ انڈیز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے،ان میں باہمی سیریز ہیں یا وہ ایونٹ کہ جن میں ٹیموں کا ویسٹ انڈیز سے ٹاکرا ہوا،اب اس حوالہ سے دیکھتے ہیں کہ میدان ویسٹ انڈیز کے ہوں اور غیر ملکی ٹیموں کا ویسٹ انڈیز سمیت کسی بھی اور ٹیم سے کسی بھی نوعیت کے ایونٹ میں ٹاکرا ہوا ہو تو وہاں کس کا غلبہ ہے.خود ویسٹ انڈیز نے 56 میچز میں سے 29 جیتے اور25 ہارے ہیں.انگلینڈ نے 14میں سے 9میچز جیتے اور 4 ہارے ہیں .آسٹریلیانے 15میں سے 8 جیتے اور 7 ہارے ہیں .پاکستان نے 13میں سے 7 جیتے اور 6 ہارے ہیں.جنوبی افریقا نے 12 میں سے 7 میچز جیتے اور 5 ہارے ہیں .بھارت کا یہاں بھی 8میچزمیں 4-4 سے برابری پر کام ختم ہے تو اس تناظرمیں دیکھاجائے تو پاکستان کا فتوحات میں تیسرا نمبر ہے ،اہم بات یہ ہے کہ پاکستان کی آنے والی سیریز میزبان ٹیم ہی کے خلاف ہے تو اس میں پاکستان تمام ٹیموں سے اوپرہے،گویا یہ ریکارڈ پاکستان کو فیورٹ قرار دیتا ہے.
پاکستان ویسٹ انڈیز کی باہمی ٹی 20 سیریز کی تاریخ
پاکستان کا ایک اور ریکارڈ بھی بہت اچھا ہے،27 جولائی سے 5میچزکی جو سیریز شروع ہوگی،وہ ویسٹ انڈیز میں دونوں ممالک کی مجموعی طور پر چوتھی باہمی سیریز ہوگی،پاکستانی شائقین کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ ان کی ٹیم کا اس چیپٹر میں بھی پلہ بھاری ہیں.2 سیریز پاکستان نے جیتی ہیں اور ایک میں اسے شکست ہوئی لیکن 2011 کی یہ سیریز اکلوتے میچ کی تھی جو ویسٹ انڈیز نے جیت کر ٹرافی لی تھی ،پاکستان نے 2013 میں 2 میچز کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو کلین سویپ کیا تھا اور پھر 2017کی اب تک کی آخری سیریز میں فتح نام کی تھی.4میچزکی سیریز میں گرین کیپس 1-3 سے کامیاب ہوئی.5میچزکی سیریز ویسٹ انڈیز میں پہلی بار دونوں ممالک کھیلیں گے.
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مجموعی ٹی20 میچز،سیریز کا احوال
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آپس کے مجموعی میچزکے جائزے کا مطلب یہ ہوگا کہ دنیا میں کہیں بھی اور کسی بھی نوعیت کے حوالہ سے جو ٹی 20 میچزہوئے ہیں ،ان میں کون آگے ہے .ان دونوں ممالک کی ٹی 20 تاریخ 2011سے 2018 کے مابین ہے اور یہ دیگر ٹیموں کے مقابلہ میں نہایت ہی مختصر ہے،اس کے باوجود پاکستانی ٹیم کو کلین سبقت حاصل ہے.اس نے 14 میچز میں سے11 اپنے نام کئے ہیں اور صرف 3میچزمیں ویسٹ انڈیز کو جیت کی اجازت دی ہے.سیریز کی بات کی جائے تو پاکستان نے 5میں سے 4 سیریز اپنے نام کی ہیں اور ویسٹ انڈیز کو سنگل میچ کی سیریز ملی ہے،جس کا ذکر اوپر کیا جاچکا ہے.
آج کی پاکستانی ٹیم،آج کی پرفارمنس،کیا نتیجہ ہوگا
ریکارڈز اپنی جگہ ،آج کی کرکٹ دیکھی جائے تو میزبان ٹیم نے حال ہی میں 10 ٹی 20میچزکھیلے ہیں،جنوبی افریقا سے اسے سخت مقابلہ کے بعد شکست ہوئی ہے لیکن آسٹریلیا کو 5میچزکی سیریز میں ویسٹ انڈیز نے باندھ باندھ کر مارا ہے ،ادھر پاکستانی ٹیم انگلینڈ میں ٹی 20 سیریز ہار کر وہاں پہنچی ہے،ٹیم میں شکست و ریخت کا اتار چڑھائو ہے.کیا پاکستان ویسٹ انڈیز میں جیتے گا،سیریز کا نتیجہ کیا ہوگا،حتمی تفصیلات کے لئے میرے اگلے کالم کا انتظار کریں.
یہ بھی پڑھیں
کرکٹ پھر بدل گئی،100بالز کے نئے فارمیٹ کی آج شروعات،اگلا منظرنامہ کیا ہوگا