گیانا میں آج پھر بارش کا ڈر،چوتھے ٹی 20 میچ کا ممکنہ نتیجہ کیا ہوسکتا

0 233

رپورٹ : عمران عثمانی
لیں جی ،وہ دن آگیا ہے کہ جب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے مابین 4 میچزکی ٹی 20 سیریز کا آخری میچ آج منگل 3 اگست کو گیانا میں کھیلا جائے گا،میچ جیتنے یاہارنے کی بات سے قبل اہم بحث یہ ہے کہ 2میچزکی طرح کہیں یہ میچ تو بارش کی نذر نہیں ہوجائے گا.گیانا میں گزشتہ میچ صرف ٹاس کی حد تک ہی گیا اور اس کے بعد بادلوں کا بسیرا اور بارش کا کھیل دیکھنے والا تھا.پروویڈنس کرکٹ گرائونڈ کسی ندی نالے منظر پیش کر رہا تھا.منگل 3 اگست کو کیا ہوگا.
کرک سین سیریز کے دوسرے میچ سے لکھ رہا ہے کہ گیانامیں محکمہ موسمیات نے اس پورے ہفتہ بارش کی پیش گوئی کی ہے اور اب تازہ ترین اطلاعات یہ ہیں کہ میچ کی دوسری اننگ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے.اس طرح فی اننگ کے اوورزکم ہوسکتے ہیں.ٹاس جیتنے والی ٹیم اب فیلڈنگ کو ترجیح دے گی کہ ایک طے شدہ ہدف سامنے ہو اور حالات کے مطابق اسکور سیٹ کرنے میں سہولت رہے .خلاصہ یہ ہے کہ میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے،گہرے بادلوں کا بسیرا بھی خوب رہے گا.
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے لئے اہم بات
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے لئے اہم بات یہ ہے کہ وہ ہوم گرائونڈ میں گزشتہ سال سے ٹی20 سیریز کا اچھا ریکارڈ رکھتی ہے.اس سال تو اس نے آسٹریلیا کو واضح انداز میں ہرادیا ہے ،پاکستان سے سیریز جیتنے کا خواب اب خواب ہی رہے گا کیونکہ اس کے پاس اس کا چانس ہی نہیں ہے.3میچزمیں سے 2 بارش کی نذر ہوگئے ہیں اور ایک میں گرین کیپس فاتح بنے تھے،تو ویسٹ انڈیز کے پاس ممکنہ راستہ یہ ہے کہ وہ آج کا میچ جیت کر سیریز برابر کردے اور پاکستان کا خوب توڑدے.
دوسری جانب پاکستانی ٹیم جسے انگلینڈ میں شکست ہوگئی تھی،وہ اس دورے میں یہ ٹی 20 سیریز جیتنے کا متمنی ہے،اس لئے بھی کہ ٹیم منیجمنٹ پر سے دبائو کم ہوگا اور اس لئے بھی کہ ورلڈ ٹی 20کے لئے درست ڈائریکشن کا اندازا کیا جائے گا.سیریز کے دوسرے میچ کو دیکھا جائے تو پاکستان کا مڈل آرڈر ایک بار پھر فلاپ تھا اور یہ بیماری طویل عرصہ سے چلی آرہی ہے اور اس بار اس میں کافی تجربات کئے گئے ہیں،پہلے صہیب مقصود کو کھلایا گیا،پھر اعظم خان کا تجربہ ہوا،اعظم خان کے ان فٹ ہونے کے بعد ایک بار پھر صہیب مقصود کو لایا گیا.اعظم خان سیریزکے دوسرے میچ سے قبل سر پر بال لگنے سے زخمی ہوگئے تھے اور انہیں 2میچزکے لئے باہر کیا گیا تھا.
پی سی بی پریس ریلز
پاکستانی وقت کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب پی سی بی نے ایک پریس ریلز جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی میڈیکل پینل نے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو فٹ قرار دے دیا ہے اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے اور آخری ٹی20انٹرنیشنل میچ کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے.پی سی بی کی جانب سے اس خبر کو بطور خاص جاری کرنے کا یہ مطلب سمجھ آتا ہے کہ اعظم خان کو آج کے میچ میں لازمی کھلایا جائے گا.اس طرح صہیب مقصود اب باہر ہونگے جن کو زمانہ نے3 بڑے مواقع دیئے لیکن وہ کچھ بھی نہیں کرسکے اور ناکام ہوگئے ہیں.
اعظم خان کے ساتھ حارث رئوف بھی ٹیم کا حصہ ہونگے،اس کا مطلب یہ ہے کہ باقی تمام وہی کھلاڑی کھیلیں گے جنہوں نےدوسرا میچ جیتا تھا.شاہین آفریدی کو آرام دیا گیا ہے .ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم میں بھی ایک تبدیلی ممکن ہے لیکن اس کا فیصلہ ٹاس سے قبل ہوگا.وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار نہیں ہوگی،اس لئے بیٹسمینوں کو سنبھل کر جانا ہوگا.بابر اعظم کے لئے یہ میچ بھی اہم ہوگا،اس کی اچھی اننگ ان کی ٹی 20 رینکنگ کو بہتر کردے گی.
فیورٹ ویسٹ انڈیز ہی ہے
پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں فیورٹ ویسٹ انڈیز ہی ہے لیکن گزشتہ میچ کو دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ اگر پاکستان نے اپنی خامیوں پر قابو نہیں پایا تو نتیجہ الٹ سکتا ہے اور بڑی خامی یہی ہے کہ ٹیم اڑھائی پلیئرزپر چل رہی ہے،مڈل آرڈر میں کوئی بھی ذمہ داری نبھانے کو تیار نہیں ہے،اس لئے ضروری ہے کہ فخر،حفیظ ،اعظم یا صہیب میں سے کوئی ایک ضرور چلے ورنہ 10اوورز میں 120 کے اچھے آغاز کے باوجود ٹیم 160سے پہلے باہر ہوگی،گزشتہ میچ کی مثال سامنے ہے کہ جب آخری 4 اوورز میں پاکستان نے 23سے 24 رنزکے اندر 6 وکٹیں گنوادی تھیں اور بڑے ٹوٹل کا موقع بھی ہاتھ سے نکل گیا تھا.
پاکستانی ٹیم منیجمنٹ نئے پلیئرز کو آزمانے یا انہیں حوصلہ دینے میں نہایت ہی بخل سے کام لیتی ہے اور اس کا خیال یہ ہوتا ہے کہ اگر میچ ہارگئے تو کیا سے کیا ہوجائے گا لیکن وہ یہ نہیں سوچتے کہ کسی بھی بیک اپ پلیئر کا ریڈی ہونا اور دستیاب ہونا کتنا ضروری ہوتا ہے اس کے لئے کوئی بھی رسک لینے کو تیار نہیں ہے،ٹیم میں اٹیکنگ کھیل کی کمی ہے اور تھوڑی دیر کے لئے بھارت،انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے پلیئرز کو ذہن میں لائیں جو کسی بھی وقت ،کسی بھی اوور میں چھکوں کی برسات کرکے میچ چھیننے کی صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ ہماری ٹیم اب بھی 157 کرکے رینگ رینگ کر جیتنے کی کوشش کرتی ہے.
پاکستانی ٹیم اگر آج کے میچ میں پہلے کھیلی اور بارش نے مداخلت کردی تو پھرجیتنے کا امکان کم ہوگا اور اگر بارش نہ ہوئی تو ٹیم کو پہلے ہی بیٹنگ کرتے ہوئے اچھے اسکور کی بنیاد رکھنی ہوگی لیکن بات یہ ہے کہ موسم کا کسے علم،کہ کس لمحہ کیا ہوجائے،اس لئے ہر کپتان تاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا ہی پلان کرے گا.ٹاس کا سکہ بابر اعظم کے حق میں جاسکتا ہے،جب اننگزکے اوورز کم ہوجائیں تو پھر فیورٹ کو فیورٹ نہیں مانا جاتا،حالات جس کے لئے موزوں ہوجائیں اور ہوائیں جس کے حق میں چل پڑیں،وہی ٹیم فاتح بن جاتی ہے.پاکستان کے لئے 4میچزکی سیریز کو0-2 سے جیتنا ایک اچھا شگون ہوگا اور اگر یہ میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تو بھی سیریز ہاتھ میں ہے لیکن اگر ویسٹ انڈیز نے کامیابی اپنے نام کرلی تو سیریز 1-1پر ختم ہوگی اور یہ شاید کسی کو اچھا نہ لگے مگر ایسا ہوسکتا ہے.دیکھنا ہوگا کہ مصباح کی پٹاری سے گیم پلان کیا نکلتا ہے.
آج کے ایک اور میچ کے حوالہ سے یہ دیکھیں
بنگلہ دیش کےلئے تاریخ رقم کرنے کا بڑا موقع،آسٹریلیاسے پہلا ٹی20 آج

Leave A Reply

Your email address will not be published.