کرکٹ پھر بدل گئی،100بالز کے نئے فارمیٹ کی آج شروعات،اگلا منظرنامہ کیا ہوگا
عمران عثمانی کا خصوصی تجزیہ
کرکٹ بدل گئی ہے،ترجیحات تبدیل ہوگئی ہیں،سب سے بڑھ کر یہ کہ کھلانے والوں کے مقاصد اور ہوگئے ہیں،چنانچہ کھیلنے والوں کی منزل و معراج بھی کچھ اور ہوگئی ہے،جتنی تیز ی سے یہ تبدیلی گزشتہ 15 برسوں میں ہوئی ہے،اس کی مثال نہیں ملتی،اسی طرح اگلے 15 سال نہیں بلکہ اس سے بھی کم عرصہ میں اور بھی بہت کچھ تبدیل ہوگا،تبدیلی کا یہ عمل آگے بڑھے گا اور پیسے کی ریل پیل،میڈیا کی رنگینی،سیکنڈز میں پوری دنیا میں مشہوری کے نشہ سے وہ کچھ بدلے گا جس کا عام فرد ابھی تصور نہیں کرسکتا.
کرکٹ کا پہلا فارمیٹ،ٹیسٹ کرکٹ
ابھی کل ہی کی بات ہے،کہا جاتا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہی اصل کھیل ہے.1877 میں پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ اور آسٹریلیا نے کھیلا تھا ،ایک صدی سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی یہی سناجاتا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے بغیر کچھ نہیں ہے اور یہ کہ 5 روزہ کھیل ہی میں پلیئر کی طاقت،صلاحیت اور اعصابی کارکردگی کا علم ہوتا ہے مگر یہ بات بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلی کا عمل بھی کب سے شروع ہوگیا تھا،6 روزہ ٹیسٹ میچ کو 5 دن میں بدلا گیا،پھر درمیان میں رکھے جانے والے ایک روز کے وقفہ کو ختم کیا گیا اور گزشتہ 4 سال سے مزید تبدیلی کی کوششیں جاری ہیں،اس کی بنیادی وجہ ایک روزہ کرکٹ بنی جب 1971 میں بارش کے باعث ناکارہ ہونے والے ٹیسٹ میچ کو ایک روزہ میچ میں بدلاگیا،میلبورن میں ہونے والے میچ کی اننگز کو اوورز کی تعداد تک محدود کئے جانے کا تجربہ اتنا پسند آیا کہ اس کے 4 برس بعد پہلا ورلڈ کپ کھلادیا گیا.کرکٹ منتظمین کے لئے یہ تبدیلی اور تیزی نت نئے نشہ کی طرح تھی،ڈالرز کی برسات شروع ہورہی تھی اور کرکٹ فینزکی دلچسپی سے کھیل کو نیا رنگ مل گیا تھا،چنانچہ پھر آئی سی سی سمیت تمام کرکٹ ممالک نے اس سے خوب لطف اٹھایا اور کمایا بھی ٹھیک ٹھاک. رواں صدی شروع ہوئی تویہ سب بھی کم محسوس ہونے لگا،ٹی 20کرکٹ کا نیا تجربہ کیا گیا اور 15 سال میں آج اس کے بھی 6 ورلڈ کپ کھیلے جاچکے ہیں.ہر ملک ٹی 20 لیگ سے رونق لگارہا ہے اور اپنی جانب سے راتوں رات امیر بننے کی کوشش کر رہا ہے.
ٹی 20 کے ساتھ ٹی 10 لیگز کا بھی آغاز
اسی عرصہ میں ٹی 10 لیگز کا انعقاد بھی ہونے لگا،آپ دیکھیں کہ 20 اوورز کی اننگ اور 40 اوورز کا میچ بھی وقت کا ضیاع لگنے لگا .کہاں 5 دن میں ٹیسٹ میچ مکمل ہوتا تھا،نتیجہ کی بھی ضمانت نہیں تھی،کہاں ایک دن کا کھیل تھا،ون ڈے کرکٹ کا نتیجہ 8 گھنٹے میں سامنے ہوتا تھا اور اب کہاں 40 اوورز کا میچ تھا،4 گھنٹے کا تیز ترین شو مکمل لیکن شاید فٹبال جیسے کھیل کو دیکھ کر کرکٹ منتظمین بھی 2 باتیں سوچ چکے تھے،پہلی یہ کہ فینزکے پاس وقت کم ہے اور آرگنائزرز بھی فٹبال جیسے کھیل کی طرح اسے بناکر کم وقت میں زیادہ کمانا چاہتے تھے،اسی لئے20 کرکٹ شروع کی گئی،پھر یو اے ای حکام کو لگا کہ یہ بھی وقت کا ضیاع ہے،انہوں نے گزشتہ چند سالوں سے ٹی 10 لیگ شروع کی ہے،اننگ 10 اوورز کی اور میچ 20 اوورز کا اور نتیجہ 90 منٹ میں سامنے،یہ ہو بہو فٹبال کے کھیل کی کاپی ہے،اسے ابھی وہ سند نہیں ملی جو ٹیسٹ،ون ڈے اور ٹی 20 کو ملی ہے،جلد ہی اسے بھی اصل درجہ مل جائے گا.
آج 2021 میں کرکٹ کے ایک نئے فارمیٹ کا آغاز
آپ نے یہ بھی جان لیا کہ ٹیسٹ کرکٹ کب شروع ہوئی،پھر ایک روزہ کرکٹ کیسے ہوئی اور پھرٹی20 اور ٹی 10 لیگز وکھیل کیسے شروع ہوا جو ٹی10 کی شکل میں اولمپکس کا بھی حصہ بننے جارہاہے،ابھی یہ کچھ کم تو نہیں تھا لیکن اب 2021 میں ایک نئے فارمیٹ کا آغٍاز ہونے جارہا ہے،اتفاق سے یہ آج 22جولائی 2021 کو شروع ہوگا،اسے ہر حال میں مقبولیت بھی ملےگی اور یہ آگے جاکر کئی ممالک کی زینت بنے گا.دی ہنڈرڈ کے نام سے انگلینڈ میں آج سے شہروں کے نام پربننے والی ٹیموں کا تیز ترین شو ہورہا ہے،کرکٹ تاریخ میں اس سے قبل 100 بالز اننگزکا میچ کبھی نہیں کھیلا گیا.دی ہنڈرڈ کا مطلب 200 بالز کا میچ ہوگا،ہر ٹیم 100 بال کی اننگ کھیلے گی،گویا ٹی 20 کے میچ کی 120 بال فی اننگ سے تھوڑا مختصر میچ ہوگا،ٹی 20 کرکٹ کے مقابلہ میں پورےمیچ میں 40 گیندیں کم ہوگی.ای سی بی نے اسے گزشتہ سال شروع کرنا تھا لیکن کوروناکی وجہ سے یہ نہ ہوسکا،اس سال اس کی شروعات آج ہی ہورہی ہیں،اس میں کئی غیر ملکی پلیئرز بھی شامل ہیں.اس حوالہ سے خواتین ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں،وہ بھی اسی فارمیٹ کا مکمل ایونٹ کھیل رہی ہیں اور انہوں نے ایک روز قبل اس کھیل کا عملی تعارف بھی کروادیا ہے.اوول ویمنز ٹیم نے مانچسٹر ٹیم کو اولین میچ میں ہرادیا ہے.
دی 100 کیا ہے،اس کے اصول اور اس کا مختصر تعارف
دی ہنڈرڈ ایونٹ کا اولین ایڈیشن انگلینڈ سے شروع ہونے جارہا ہے،جیسا کہ ذکر ہوچکا ہے کہ اس میں فی اننگ 100 بالز کی ہونگی.اس ایونٹ میں انگلینڈ کے 8 شہروں کی ٹیمیں شریک ہونگی.سدرن بریو،اوول انوینکبلیس،ویلش فائر،لندن سپرٹ،برمنگھم فونیکس،ٹرینٹ راکٹس،مانچسٹر اوریجنل اور ناردرن سپر چارجرز کے ناموں سے ٹیمیں ایکشن میں ہونگی.ایونٹ کی ہر اننگ 100بالز کی ہوگی،عام کرکٹ میں 6 بالز کے اوور کے بعد اینڈ تبدیل ہوتا ہے لیکن اس فارمیٹ میں 10 بالز کے بعد اینڈ تبدیل ہوگا،گویا ایک اننگ میں امپائرز،فیلڈرز اور بیٹسمینوں کو 10 بار اینڈ تبدیل کرنا ہوگا جس کا مطلب یہ ہوا کہ وقت بچے گا،اسی طرح ہر بائولر20 بالز سے زیادہ نہیں کرسکے گا ،یہ بائولرز پر منحصر ہوگا کہ وہ 5 بال کا اوور کرتے ہیں یا مسلسل 10 بالز کا اوور کریں،پاور پلے 25 بالز کاہوگا،جس میں 2 فیلڈرز ہی سرکل سے باہر کھڑے ہوسکیں گے.
کرکٹ کا یہ نیا ایونٹ اپنی مثال آپ ہوگا،نئے فارمیٹ کی وجہ سے تاثر نیا ہوگا،فینز کے لئے نیا کھیل ہوگا،براڈ کاسٹرز کو بھی نئی مہم جوئی کا موقع ہوگا،میزبانوں کے لئے بھی بہت کچھ سمیٹنے کے لئے گا،آئی سی سی سمیت سب ممالک کی نگاہیں اس پر مرکوز ہونگی اور اسے اس انداز میں کامیاب کرنا ہوگا کہ یہ بھارتی آئی پی ایل لیگ کی طرح انفرادیت کا درجہ پالے اور اسے بھی وہ خاص مقام ملے تاکہ کرکٹ کے اس نئے فارمیٹ کی شاندار شروعات ہوسکیں.
کرکٹ میں اگلی متوقع تبدیلیاں
اب یہ تو واضح ہوگیا ہے کہ کرکٹ کی برادری کھیل کو مختصر کرنے پرلگی ہے،کوشش اس بات پرہے کہ میچ کا دورانیہ کم سے کم ہو،وقت بچے گا تو فیصلہ جلد ہوجائے گا،پلیئرز جلد فارغ ہونگے،نئی سیریز یا ایونٹ کا آغاز جلد ہوگا.اسی طرح کرکٹ کی مقبولیت میں اور اضافہ ہوگا،اس کے لئے آنے والے وقت میں مزید تبدیلیاں ہوسکتی ہیں،دیکھا جائے تو اب فی اننگ 17 اوورز سے کم پر چلی جائے گی،میرا جہاں تک خیال ہے کہ اسے 80سے 90 بالز فی اننگ تک لایا جائے گا.میچ کو 120سے 140 منٹ تک لانے کی کوشش کی جائے گی،اسی طرح ٹیسٹ کرکٹ کا ایک دن آخر کم ہوگا،اس میں بھی فی اننگ 120 اوورز تک لانے کی کوشش ہوگی اور دن کے اوورز 90کی بجائے 110تک کرنے پر زور ہوگا.ون ڈے کرکٹ کے اوورز بھی اب 50 شاید ہی رہ پائیں،اسے بھی کم کرکے 40اوورز تک لایا جاسکتا ہے تو نت نئی تبدیلیاں یہ واضح کرتی ہیں کہ فلم تو ابھی شروع ہوئی ہے،بہت کچھ تبدیل ہوجائے گا.
آج کے نئے کرکٹ میچ
مانچسٹر اوریجنلنلز بمقابلہ اوول انوینکبلیس،اوول لندن میں پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 10 بجے.