انگلش کرکٹ پر پھر کورونا کا حملہ،بھارتی کھلاڑی لپیٹ میں ،پاکستان سیریز پر اثرات
انگلینڈ میں کورونا وائرس کرکٹرز کو جکڑنے لگا ہے،اس طرح ڈومیسٹک ایونٹ سمیت انٹر نیشنل کرکٹ سیریز بھی متاثر ہوسکتی ہیں.بھارتی کرکٹ ٹیم بھی اس کی لپیٹ میں آگئی ہے اور اس کے بعد انگلش بورڈ و بھارتی کرکٹ حکام میں متعدد روابط ہوئے ہیں،5 میچزکی ٹیسٹ سیریز کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے.پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی 20 سیریز پر بھی کورونا کا حملہ ہوسکتا ہے لیکن یہاں بھی دونوں ممالک کے بورڈز سیریز مکمل کرنے پر متفق ہیں.
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب برطانیہ سے ایک سنسنی خیز اطلاع ملی ہے کہ انگلینڈ میں موجود بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد اس کھلاڑی کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے،اس کے ساتھ رابطہ میں رہنے والے کوچنگ اسٹاف ممبران کے لئے بھی تنہائی کے کمرے کھول دیئے گئے ہیں .اس طرح گزشتہ 45 دن سے انگلینڈ میں موجود بھارتی کرکٹ ٹیم بھی کورونا کی لپیٹ میں آرہی ہے اور یہ تھوڑی خطرناک بات ہے.
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کو کورونا کیوں ہوا
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آغاز میں 40دن کا وقفہ تھا،اس لئے بھارتی بورڈ نے اپنے پلیئرز کو بائیو سیکیور ببل سے نکل کر انگلینڈ میں اپنی مرضی سے چھٹیاں گزارنے کی اجازت دے دی تھی،کھلاڑی اپنے دوستوں،فیملیز و دیگر افراد کے ساتھ اپنی مرضی سے اپنے طے کردہ مقام پر وقت گزار رہے تھے،انہیں 15 جولائی کو واپس بائیو سیکیور ببل آنا تھا اور پھر 4 اگست سے شروع ہونے والی 5 ٹیسٹ میچزکی سیریزکی تیاری کرنی تھی لیکن بائیو سیکیور ببل میں آنے سے قبل تمام اسٹاف ممبران کا کورونا ٹیسٹ کلیئر کرنا ضروری تھا،نتیجہ میں ایک پلیئر کا ٹیسٹ مثبت ہے اور اس کے ساتھ رابطہ میں آنے والے اسٹاف ممبران بھی اب 3 روزہ قید میں چلے گئے ہیں.یہ صورتحال مہمان ٹیم کے لئے پریشانی اور میزبان بورڈ کے لئے بھی خطرے سے خالی نہیں ہے،اسی سلسلہ میں دونوں بورڈز کے مابین متعدد بار رابطہ ہوا ہے اور صورتحال کو مل جل کر حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے.
انگلینڈ کرکٹ اور انگلش بائیو سیکیور ببل غیر محفوظ
اس میں تو کوئی شک ہی نہیں ہے کہ انگلش کرکٹ کا اس سال کا بائیو سیکیور ببل غیر محفوظ ثابت ہوا ہے،اس کا اندازا اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چند دن قبل پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے آغاز سے 48 گھنٹے پہلے انگلینڈ کے 3 کرکٹرز 4 اسٹاف ممبران سمیت 7 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا،نتیجہ میں پوری انگلش ٹیم تبدیل ہوگئی اور متاثرہ ٹیم کو مکمل آئی سولیشن میں بھیج دیا گیا،یہی نہیں بلکہ اسی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف آخری میچ کھیلا تھا جس کے دوران یہ ٹیسٹ مثبت آئے تھے تو سری لنکن ٹیم جب وطن واپس آئی تو وہاں پہنچنے پر اس کے بیٹنگ کوچ سمیت 3 افراد کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آگئے،نتیجہ میں سر ی لنکا،بھارت کی سیریز پر اثر پڑا اور جو مقابلے 13جولائی سے کھیلے جانے تھے،وہ اب 18جولائی تک موخر ہوچکے ہیں.
انگلینڈ کا ایک ڈومیسٹک ایونٹ بھی مشکوک
انگلینڈ میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کا مشہور ایونٹ رائل لندن ون ڈے کپ کا انعقاد بھی مشکوک ہورہا ہے کیونکہ لندن میں حالات اچھے نہیں ہیں،اسی طرح 21 جولائی سے 100 بالز کا ایونٹ بھی شروع ہونا ہے تو اس کے حوالہ سے بھی بوجھ ہوگا تو ای سی بی اور کائونٹی حکام مسسلسل اس ایونٹ کے التوا پر غور کر رہے ہیں،بنیادی وجہ کوروناکے اثرات ہیں ،اس کی وجہ سے کرکٹرز کی نقل و حرکت میں تیزی ممکن نہیں ہے.
پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز پر ممکنہ اثرات
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی 20 سیریز کا آغاز کل 16 جولائی سے ہورہا ہے،کہنے کو تو 5دن میں 3 ٹی 20میچز ہوجائیں گے لیکن انگلینڈ کے نئے اعلان کردہ اسکواڈ اور پاکستان کے ٹی 20 اسکواڈ ز کو ایک کلیئرنس لینی ہے جو اگلے چند گھنٹو ں میں متوقع ہے،اگر یہ ٹیسٹ کلیئر ہوگئے تو پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز کامیابی سے مکمل ہوجائے گی لیکن اگر اس میں ایسا ویسا کچھ ہوگیا تو ایک نیا امتحان شروع ہوجائے گا.پاکستان کے تمام کھلاڑی تو پہلے ہی بائیو سیکیور ببل میں ہیں لیکن انگلش پلیئرز سے قریبی تعلق کے بعد کچھ بھی ممکن ہے.
انگلینڈ بھارت ٹیسٹ سیریز کا مستقبل
بھارتی کرکٹر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود بھی دونوں ممالک کی 5 میچزکی ٹیسٹ سیریز پر فی الحال کوئی خطرہ منڈلا نہیں رہا ہے لیکن آنے والے دنوں میں دیگر بھارتی کرکٹرز وکوچنگ اسٹاف کے ٹیسٹ اہم کردار ادا کریں گے،بھارت کا ڈرہم میں کائونٹی پریکٹس میچ بھی شیڈول ہے.انگلینڈ میں گزشتہ چن دن سے تماشائیوں کو بھی گرائونڈ میں آنے کی اجازت ملی ہے ،ظاہری فاصلوں کی شرط ختم ہوگئی ہے،اس لئے بھی بائیو سیکیور ببل زیادہ محفوظ نہیں رہے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ اس بار کچھ بھی ہوجائے ،کوئی سیریز ختم نہیں کی جائے گی،اسے متبادل پلیئرز کے ساتھ پورا کیا جائے گا اور شیڈول میں معمولی ردو بدل بھی کرنا پڑا تو اس سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا.
بھارتی کرکٹر کے کورونا ٹیسٹ کے مثبت آنے کی خبر ابتدائی طور پر مخفی رکھی گئی تھی اور منگل و بدھ کا دن خاموشی سے گزارا گیا تھا لیکن جب ایک سے زائد افراد نہ صرف غائب ہوں بلکہ وہ کمروں میں بند ہوں تو بات چھپائے نہیں چھپتی ہے.ویسے بھی انگلینڈ بھارت ٹیسٹ سیریز اس لئے اہم ہے کہ اس سیریز سے انگلینڈ کے مالی معاملات مشروط ہیں اور ساتھ میں یہاں سے دوسری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز ہونا ہے.کرک سین اس کے پوائنٹس سسٹم میں تبدیلی اور نئے قوانین کے بارے میں 15دن قبل تفصیلات فراہم کرچکا ہے،اس لئے بدھ کو جب اس حوالہ سے وہی خبریں دوبارہ چلیں تو کرک سین نے ان کو چلانے سے گریز کیا تھا.
انگلینڈ کا انٹر نیشنل کرکٹ سیزن
انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کامیابی سے کھیل لی،ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی میزبانی بھی کرلی.سری لنکا کے خلاف ٹی 20 اور ون ڈے جب کہ پاکستان کے خلاف ونڈے سیریز کھیل لی،اب ایک اعتبار سے اس کا سیزن آخری مراحل میں ہے،پاکستان سے 3 ٹی 20 میچزکے بعد آخری حصہ میں بھارت سے 5 ٹیسٹ میچزکھیلے جانے ہیں ،امکان ہے کہ یہ سیزن کامیابی سے اپنے اختتام کو پہنچے گا.
یہ بھی دیکھیں:
اور اب ٹی20سیریز،3 تشویشناک پہلو،ایک اور شکست پکی؟