بری خبر کے بعد بڑی خبر،پاک انگلینڈ سیریز نشر ہوگی،اہم تفصیلات

پاکستان کرکٹ بورڈ اور ملکی نشریاتی ادارے نے پاک انگلینڈ سیریز سمیت تمام کرکٹ سیریز کو ٹیلی کاسٹ کرنے کے لئے ہاتھ پائوں چلانا شروع کردیئے ہیں،کوشش کی جارہی ہےکہ معاملات جلد از جلد طے ہوجائیں تاکہ اگلے انگلینڈ میں شیڈول کرکٹ سیریز براہ راست ٹیلی کاسٹ کی جاسکے اور اس کے لئے رابطے بڑھادیئے گئے ہیں.

کرکٹ فینز کے لئے بری خبر،پاک انگلینڈ سیریز دیکھ نہیں سکیں گے

منگل کو پاکستان کی وفاقی کابینہ نے پی ٹی وی کو بھارتی کمپنی سے معاہدے سے منع کردیا تھا جس کے پاس جنوبی ایشیائی کرکٹ مقابلے ٹیلی کاسٹ کرنے کے رائٹس تھے،پاکستان نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ کسی بھی بھارتی کمپنی سے کسی قسم کا لین دین نہیں کرے گا اور اس کے لئے اس نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سابقہ پوزیشن بحال کرے.

پاکستان کے اس فیصلے کے بعد کرکٹ فینز پریشان ہوگئے ہیں کہ وہ پاکستان اور انگلینڈ کی سنسنی خیز سیریز سمیت متعدد اہم مقابلوں سے محروم ہوجائیں گے اور حکومتی اعلان کے مطابق یہ میچز براہ راست دیکھ ہی نہیں سکیں گے.

منگل اور بدھ کی درمیانی شب کرک سین ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی اور پی ٹی وی حکام کے لئے یہ متوقع فیصلہ تھا اوروہ اس کے لئے پہلے ہی تیار تھے،چنانچہ انٹر نیشنل کرکٹ سیریز کو ٹیلی کاسٹ کرنے کے لئے پلان بی پر کام کر رہے ہیں ،جلد ہی اس کی تفصیلات سامنے آجائیں گی.

تحقیق کے مطابق پاکستان بھارت سے براہ راست اس معاملہ پر کوئی ڈیل نہیں کرے گا لیکن ایسا راستہ منتخب کیا گیا ہےکہ براہ راست معاہدے بھی نہ ہوں،بھارت تک پیغام بھی پہنچ جائے اور پاکستانی فینز آنے والی کرکٹ سیریز بھی دیکھ سکیں.اس کے لئے تھرڈ پارٹی سمیت دیگر ممالک و ادارے اس معاملہ میں شامل ہوگئے ہیں .عام الفاظ میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ ٹی وی رائٹس کی مد میں پاکستان سے جانے والا ریونیو تیسرے ہاتھ سے جائے گا،عالمی سطح پر پاکستان کا ایک سخت پیغام جاری ہوگا.

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 25 جون کو انگلینڈ روانہ ہونا ہے جہاں 8جولائی سے 20جولائی کے درمیان 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20میچز کھیلے جائیں گے،اس کے بعد پاکستان نے ویسٹ انڈیز جانا ہے جہاں 27 جولائی سے ٹی 20 سیریز شروع ہوگی.

اپنا تبصرہ بھیجیں