پاکستان اور بھارت کو ویسٹ انڈیز سے مات،74 دن میں 2درجن میچز،بہت کچھ اور

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بھی اچانک میدان مارلیا ہے،کووڈ کے دور میں کیریبین پریمیئر لیگ کے ساتھ انٹر نیشنل کرکٹ کا دھماکے دار سیزن،120دن کے اندر یہ سب کچھ کامیابی سے ہوگیا تو ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پاکستان،بھارت،سری لنکا،بنگلہ دیش حتیٰ کہ نیوزی لینڈ،جنوبی افریقا اور آسٹریلیا سے بھی آگے نکل جائے گی اور یہ کوئی معمولی بات نہیں ہوگی،اس لئے پاکستان نے انٹر نیشنل کرکٹ کے ساتھ پی ایس ایل 6کا میلہ سجایا لیکن 14میچز کے بعد ہی کورونا نے اسے نگل لیا،اسی طرح بھارت نے انٹر نیشنل کرکٹ کے ساتھ آئی پی ایل کے لئے میدان آباد کئے مگر آدھے میچز سےقبل ہی کہانی لپیٹنی پڑی.آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کا انٹر نیشنل دورہ منسوخ کیا.انگلینڈ بھی جنوبی افریقا کا دورہ ادھورا چھوڑ گیا،اسی طرح اور بھی بہت کچھ ویرانی ہوئی ،کہیں تو میچز ہی کم اسٹیج کئے گئے لیکن ویسٹ انڈیز جس کی تینوں فارمیٹ میں رینکنگ آخری نمبرز پر ہے،اس نے ایک دھواں دھار،ماردھاڑ اور مصروف ترین کرکٹ سیزن ترتیب دے دیا ہے اور مزے کی بات یہ ہے کہ اس کی تکمیل کے فوری بعد سی پی ایل شروع ہوجائے گی.

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 10 جون سے 24 اگست تک دنیا کی ٹاپ 3 ٹیموں کے خلاف 22 انٹر نیشنل میچز کھیلے گی جس میں سب سے زیادہ 15 ٹی 20 انٹر نیشنل میچز ہونگے جو اس سال کے ورلڈ ٹی 20 کی تیاری کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے.

آپ انداز ا کریں کہ ویسٹ انڈیز کا ٹی 20 ٹیمز رینکنگ میں 10 واں نمبر ہے لیکن اسے پاکستان آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے خلاف 15ٹی 20 میچز مل گئے ہیں.ون ڈے رینکنگ میں 8ویں درجہ پر موجود کیریبین سائیڈ کو 3ایک روزہ میچز بھی کھیلنے ہیں،اسی طرح چھٹے نمبر پر ٹیسٹ رینکنگ میں کھڑی ٹیم کو 2 ممالک کے خلاف 4ٹیسٹ میچز بھی کھیلنے ہیں ،یہ سب کچھ 74 دن میں مکمل ہوگا اور اس کے فوری بعد سی پی ایل شروع ہوگی جو ایک ماہ سے کم وقت میں مکمل ہوجائےگی تو100دن سے بھی کم وقت میں ویسٹ انڈیز ایک مثالی سیزن دیکھے گا.

سب سے قبل جون میں جنوبی افریقا ٹیم پہنچے گی.10 اور 18جون سے 2 ٹیسٹ میچز سینٹ لوشیا میں ویسٹ انڈیز ٹیم کھیلے گی.اس کے بعد26 جون،27 جون،29جون اور یکم اور 3جولائی کو دونوں ٹیمیں 5ٹی 20میچز کھیلیں گی.

آسٹریلیا کے دورے کا آغاز9جولائی کے پہلے ٹی 20میچ سے ہوگا،پھر10جولائی،12 اور 14 اور 16جولائی کو باقی 4میچز ہونگے،یہ 5 ٹی 20میچزکی سیریزسینٹ لوشیا میں ہوگی جبکہ 20 جولائی،پھر 22 اور پھر 24 جولائی کو 3 ایک روزہ میچز بارباڈوس میں ہونگے،یہ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہونگے.

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کا شیڈول پہلے ہی شائع کیا جاچکا ہے کہ5 ٹی 20میچز27جولائی،28،پھر 31جولائی،یکم اور 3اگست کو ہونگے اور 2 ٹیسٹ میچز 12 اور 20اگست کو شروع ہونگے.28 اگست سے سی پی ایل کھیلی جائے گی.

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے میدان مارلیا ہے،تمام انٹر نیشنل میچز کے بعد سی پی ایل کی تکمیل اس کے کامیاب ترین سیزن کی نوید ہوگی جس سے فی الحال پاکستان اور بھارت محروم ہوگئے ہیں.ویسٹ انڈیز کی ٹکرکا شیڈول صرف انگلینڈ نے ترتیب دیا ہے جو نہایت ہی متاثر کن ہے.