اور اب ٹی20سیریز،3 تشویشناک پہلو،ایک اور شکست پکی؟

0 209

رپورٹ: عمران عثمانی
ایک روزہ اور ٹیسٹ کرکٹ کے برعکس اگر پاکستان کرکٹ ٹیم کے بارے میں یہ سوال کیا جائے کہ ٹی20 کرکٹ میں اس کا انگلینڈ میں ریکارڈ کیسا ہے تو جواب سے بظاہر ایک خوشگوار حیرت ہوگی اور یہ بنتی بھی اس لئے ہے کہ سالہا سال سے چلی تاریخ وریکارڈز بھی اپنا اثر رکھتے ہیں ،اسی لئے تو پاکستان اس بار انگلینڈ کی بی ٹیم ہونے کے باوجود ایک روزہ سیریز نہیں جیت سکا کیونکہ وہ 47 سال پہلے ہی جیت سکا تھاا ور اس کے بعد سے مسلسل ناکامی کی جانب ہی اس کا سفر رہا ہے،پھر کیا اے اور کیا بی ٹیم،ٹیم نے روایت کے مطابق چونکہ ہارنا تھا،ہارگئی.اب اگر اسی بات کو حرف آخر مان لیا جائے تو پھر انگلش سرزمین پر پاکستان کا ٹی 20 ریکارڈ نہایت ہی اچھا ہے.2009 کا ورلڈ ٹی 20 بھی انگلینڈ میں جیتا گیا تھا.پاکستان نے مختلف ممالک کے خلاف انگلینڈ کی مشکل ترین وکٹوں پر 17 ٹی 20میچزمیں سے 10 جیتے اور صرف 6 ہارے ہیں،ایک میچ بے نتیجہ رہا تھا.یہاں تک تو خوش آئند بات ہے لیکن یہ حقئیقی نہیں ہے.
ایک اور بات نہایت تسلی بخش
ایک اور بات بھی نہایت ہی تسلی بخش ہے کہ پاکستان نے انگلش سرزمین پر تاریخ کا پہلا ٹی20 میچ بھی جیتا تھا اور اب تک کا آخری میچ بھی اپنےنام کیا ہے.پاکستان نے انگلینڈ میں اپنی تاریخ کاپہلا ٹی 20انٹر نیشنل میچ28 اگست 2006 کو انگلینڈ ہی کے خلاف برسٹل میں کھیلا جو 5 وکٹ سے جیت لیا اور اب تک کا آخری ٹی20 میچ گزشتہ سال یکم ستمبرکومانچسٹر میں کھیلا اور سخت مقابلہ کے بعد 5 رنز سے جیت لیا،اس طرح پاکستان 5و کٹ سے 5رنزکی فتح تک آخری میچ میں انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست رہا.
تشویشناک بات بھی ہے
تشویشناک بات یہ ہے کہ پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف ٹی20 کا اوور آل ریکارڈ بہت خراب ہے،اب حساب لگالیں کہ پاکستان انگلینڈ سے 18میچز کھیلا ہے اور صرف5 میچز ہی جیت سکا ہے اور اس سے ڈبل بلکہ اس سے بھی زیادہ 11 میچز میں ناکام رہا ہے،ایک میچ ٹائی اور ایک بے نتیجہ رہا،پاکستان انگلینڈ کے خلاف 18 میچزکو کوششوں میں ایک بار بھی 200 اسکور مکمل نہیں کرسکا ہے.اب یہ ریکارڈ یہ چغلی کھاتا ہے کہ گرین کیپس اپنے پسندیدہ فارمیٹ میں بھی انگلینڈ کے خلاف زیر عتاب رہے ہیں.
اور خوفناک بات بھی دیکھیں
ایک اور خوفناک بات بھی ہے کہ پاکستان انگلش سرزمین پر انگلینڈ کے خلاف اس فارمیٹ میں بہت پیچھے ہیں،اس نے میزبان ملک کے خلاف اس کے دیس میں 9میچز کھیلے ہیں لیکن اسے صرف 3میں فتح ملی ہے.انگلینڈ نے اس کے مقابلہ میں پاکستان کو 5بار مارا ہے.ایک میچ بے نتیجہ رہا ہے.اب چونکہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کی ٹی 20میچزمیں انگلینڈ کے خلاف صرف 3ہی بار جیتی ہے تو ذرا دیکھتے ہیں کہ یہ واقعات کب ہوئے.
اوور آل ریکارڈ خراب
پاکستان نے انگلینڈ میں اب تک حاصل کی گئی 3فتوحات میں سے میزبان ٹیم کے خلاف پہلی جیت 28 اگست 2006 کو برسٹل میں حاصل کی لیکن پھر دوسر ی فتح کے لئے اسے 10 سال انتظار کرنا پڑا،جب 3 مسلسل ناکامیوں کے بعد پاکستان نے پلٹا کھایا اور 7ستمبر 2006 کو مانچسٹر میں 9وکٹ سے جیت لے لی اور پھر وہی سلسلہ ہوا،تیسری اور اب تک کی آخری جیت کے لئےپھر 3میچز اور 5 سال کا انتظار کرنا پڑا اور آخریکم ستمبر 2020کو انگلینڈ کو مانچسٹر میں ہرادیا.اب آپ نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف اوور آل ریکارڈ خراب ہے،انگلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 میچزکا ریکارڈ تشویشناک ہے تو تاریخ کی کس بات سے مدد لی جائے کہ پاکستان کی فتح کی حتمی پیش گوئی کی جاسکے،چلیں اس کے لئے پاکستان انگلینڈ کی باہمی ٹی 20 سیریز کو دیکھتے ہیں.
تسلسل کے ساتھ اچھے میچز نہیں
معاملہ یہ ہے کہ قومی ٹیم نے انگلینڈ میں ٹی20 کی باہمی سیریز میں تسلسل کے ساتھ اچھے میچز نہیں رکھے،مثال کے طور پر 2006 کی سیریز کے لئے واحد میچ تھا جو پاکستان جیتا،چنانچہ یہ ادھوری سیریز پاکستان کے نام رہی،اسی طرح2010 میں جو دوسری سیریز کھیلی گئی وہ 2میچزکی تھی،اس میں انگلینڈ نے 0-2 سے کامیابی اپنے نام کرکے گزشتہ حساب صاف کردیا.2016میں اتفاق سے ٹی 20 کے لئے اکلوتا میچ رکھا گیا ،اس میں پاکستان فاتح رہا،اس طرح یہ سیریز گرین کیپس کے حصہ میں آئی .2019 کی اگلی سیریز میں بھی ایک میچ تھا،اس بار انگلینڈ کامیاب رہا جبکہ 2020میں پاکستان نے انگلینڈ میں پہلی بار 3میچزکی ٹی 20 سیریز کھیلی اور یہ ڈرا رہی،دونوں ٹیموں نے ایک ایک فتح نام کی جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا.اس طرح یہ کل ملا کر 5 سیریز بنتی ہیں،ان میں 2 میں پاکستان کامیا ب ہوا جب کہ 2 ہی میں انگلینڈ آگے رہا،ایک سیریز برابری پر ختم ہوئی ہے.اس حساب سے دیکھا جائےتو مقابلہ کی ٹکر بنتی ہے لیکن اس میں بھی نوٹ کرنے والی اہم بات یہ ہے کہ پاکستان نے اکلوتے میچ والی سیریز یا حصہ جیتا ہے جبکہ ایک سے زائد میچز والے معاملات میں وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکا ہے.
یاد کرنے اور کڑھنے کے لئے اتنا ہی کافی
ویسے یاد کرنے اور کڑھنے کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اوور آل جو 8 ٹی 20 سیریز کھیلی ہیں،ان میں بھی اندھیرا ہی رہا ہے ،پاکستان کی وہی 2 واحد ٹی 20 میچزوالی 2 ہی سیریز ہیں،ہماری تباہ کن حالت یہ رہی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی 3 ٹی 20 سیریز میں سے پاکستان 2 میں ناکام ہوا اور ایک ڈرا کرسکا،چنانچہ اپنے ہوم گرائونڈ (متحدہ عرب امارات )میں بھی پاکستان کبھی بھی انگلینڈ کو نہیں ہراسکا ہے.
کوئی امکان ہے؟
اب سوال یہ ہے کہ پاک انگلینڈ سیریز کو کن اعدادوشمار کی روشنی میں دیکھ کر کہا جائے کہ پاکستان کے لئے کوئی امکان ہے؟اس آرٹیکل کے آغاز میں جو بات لکھی تھی کہ انگلینڈ میں پاکستان کے اوور آل ٹی20 میچز کا ریکارڈ اچھا ہے لیکن وہ انگلینڈ نہیں بلکہ دیگر ٹیموں کے خلاف ہے،اس میں 2009 کا ورلڈ ٹی 20 اہم تھا جس میں پاکستان کامیاب رہا تھا.اس کے علاوہ انگلینڈ کے خلاف مجموعی مقابلوں سے لے کر انگلش سر زمین پر کھیلے گئے ہیڈ ٹو ہیڈ میچز،سیریز وریکارڈز کو دیکھا جائے تو پاکستان مغلوب اور انگلینڈ غالب ہے ،اس لئے آنے والی سیریز میں بھی اوئن مورگن الیون فیورٹ ہوگی.یہ چونکہ ورلڈ ٹی 20 کا سال ہے اوراگر پاکستانی ٹیم حسب سابق انگلینڈ میں اچھا پرفارم نہیں کرسکی تو بڑا ہی شور اٹھے گا اور کئی نوکریاں خطرے میں چلی جائیں گی لیکن اگرپاکستان نے ٹی 20سیریز جیت لی تو پھر ایک روزہ سیریز کا غم غلط ہوجائے گا اور دنیا قومی ٹیم کو ورلڈ ٹی 20کے لئے ڈارک ہارس قرار دے دے گی.
یہ بھی پڑھیں
ٹی 20 سیریز،فاتح بین سٹوکس فارغ،انگلش کپتان سمیت بگ گن کی آمد

Leave A Reply

Your email address will not be published.