بھارت کی ایک ٹیم کا انگلینڈ میں داخلہ بند،پاکستان کا شیڈول بھی تبدیل،مزید حیران کن فیصلے

رپورٹ : عمران عثمانی

پاکستان کے دورہ انگلینڈ میں ایک بڑی تبدیلی ہوگئی،یہی نہیں بلکہ بھارت،سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے اس سال کے انگلینڈ کے دوروں میں تبدیلی ہوئی ہے.کورونا نے حالات تبدیل کردیئے ہیں اور ایک ٹیم کی سیریز بھی منسوخ کردی گئی ہے اور دوسری سیریز بچانے کے لئے ایک ٹیم کو بڑےا سکواڈ کے ساتھ لندن یاترا کی اجازت مل گئی ہے.

اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس سال جون کےآخر میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جہاں ٹی 20 اورایک روزہ میچزکھیلے جانے ہیں.کیا وہ میچز کم زیادہ ہوگئے یا ختم ہونے جارہے ہیں.آخر ایسی کیا تبدیلی ہونے جارہی ہے؟

کرک سین آپ کے علم میں لارہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو آفیشل انداز میں آگاہ کردیا گیا ہے کہ اس کے انگلینڈ میں سیریز سے قبل مختلف کائونٹیز کے خلاف کائونٹی پریکٹس میچز ختم کردیئے گئے ہیں.اس طرح پاکستانی ٹیم کے شیڈول میچز میں تبدیلی ہوگئی ہے اور اس کے پریکٹس میچز بھی ختم ہوگئے ہیں،پاکستان کا اسکواڈ اب انٹرا اسکواڈ میچز کھیلے گا اور گزشتہ سال کی طرح آپس میں پریکٹس کرے گا اور یہی نیا شیڈول سری لنکا،بھارت اور نیوزی لینڈ کو دیا گیا ہے.تینوں ممالک کے میچز ختم کردیئے گئے ہیں.یہ ممالک بھی اب انٹرا اسکواڈ میچز کھیلیں گے.

دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھارت کی ایک ٹیم کو اپنے ملک آنے ست روک دیا ہے،واقعہ یہ ہے کہ اس سال بھارت کی اے ٹیم نے بھی اپنی نیشنل ٹیم کے ساتھ انگلینڈ جانا تھا لیکن بھارتی اے ٹیم کا دورہ بھارت ختم کردیا گیا ہے اور اب صرف بھارت کی نیشنل ٹیم کو انگلینڈ کی کلیئرنس ملے گی،جس نے وہاں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنا ہے اور اس کے بعد اگست میں 5 ٹیسٹ میچزکی سیریز ہوگی.بھارت کے اپنی اے ٹیم کے ساتھ شیڈول تمام پریکٹس میچزبھی ختم کردیئے گئے ہیں اور اس کو بھی کائونٹی ٹیموں سے میچز نہیں ملیں‌گے ،بھارتی ٹیم بھی انٹرا اسکواڈ میچزمیں ایکشن میں ہوگی.

نیوزی لینڈ جس نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل سے قبل انگلینڈ میں میزبان ٹیم کے ساتھ 2 ٹیسٹ میچزکھیلنے ہیں،اس کے بھی تمام پریکٹس میچز ختم ہوگئے ہیں،اسی طرح سری لنکن ٹیم بھی پاکستان کی طرح وہاں محدود اوورز کی جو سیریز کھیلے گی،اسے بھی مقامی ٹیموں کے ساتھ گھلنے کی اجازت نہیں ہوگی.

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے ملک میں کوروناکے بدلتے حالات اور اپنی حکومت کی جانب سے ملنے والی گائیڈ لائن کی روشنی میں یہ فیصلے کئے ہیں،ای سی بی تو اپنا سیزن مکمل طور پر بچا چکا ہے ،اب مزید کچھ نہ ہوا تو پھر یہ تمام میچز ہونگے.انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے اس سال اپنے ملک میں 7 ٹیسٹ میچز اور ایک درجن سے زائد محدود اوورز کے انٹر نیشنل میچز کھیلنے ہیں.بھارتی اسکواڈ کو بھی جمبو اسکواڈ ساتھ لانے کی اجازت ملی ہے،اس حوالہ سے کرک سین پہلے ہی ممکنہ پلان بتاچکا ہے کہ آئی پی ایل فرنچائزز اور 100بالز ایونٹ کی ٹیوں میں کیا کچھ چل رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی 2 اور پلان بھی موجود ہیں ،اب بھارتی اسکواڈ کی جمبو سائز میں وہاں جانے سے ان منصوبوں کی بہر حال تصدیق ہی ہوتی ہے.