پاکستانی کھلاڑیوں کی اپنے خدمت گزار کے لئے بڑی مثال،دل جیت لئے

عمران عثمانی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے زمبابوے میں اعلیٰ اخلاق واقدار کی نئی مثال قائم کردی.ہرارے میں پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز ایک ایسی شخصیت کے لئے تقریب سجالی جو عام دنوں میں کہیں بھی ممکن نہیں ہوتی ہے.پھر یہی نہیں بلکہ کپتان بابر اعظم نے کیپ پہنا کر بے پناہ عزت افزائی کی جسے بے حد پسند کیا جارہا ہے.

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ویڈیو کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے ڈریسنگ روم کے ایڈنٹنٹ کی سالگرہ منالی.پاکستان جس نے ہرارے میں زمبابوے کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتا تھا،اس نے میچ کے بعد اپنے ڈریسنگ روم کے خادم یا خدمت گزار یا اٹینڈنٹ مطلب جو بھی ٹائٹل دے لیں،اس کی سالگرہ منائی.

پاکستانی ٹیم کے خدمت گزار کوڈا کی ہفتہ کو سالگرہ تھی،میچ کے بعد قومی کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ ان کی سالگرہ منائی،اس موقع پر قومی کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ ایسے چھیڑچھاڑ کی جیسا کہ کسی قریبی دوست کے ساتھ کی جاتی ہے،محبت واپنائیت کی بے مثال جھلکیاں دکھائی دیں،جس وقت کوڈا کیک کاٹ رہے تھے تو چند پاکستانی پلیئرز نے آگے پیچھے جاکر انہیں پیچھے سے چھیڑا جس سے وہ نہ صرف ہل کر رہ گئے بلکہ بے پناہ مسکرائے،اسی دوران پاکستانی کپتان بابر اعظم نے انہیں کیپ پہنادی،اس پر کوڈا خوشی سے پھولے نہیں سمارہے تھے.

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ایک رکن نے کیک اٹھاکر کوڈا کے منہ میں ڈالا اور اانہیں مبارکباد پیش کی،اس کے بعد کوڈا نے بھی قومی کھلاڑیوں کو کیک کھلایا،اس موقع پر شور شرابہ اور جشن کا سمان تھا،پاکستانی ٹیم نے ایسے ہی یہ سالگرہ تقریب منائی جیسا کہ ان میں سے ہی کسی کی ہو.

قومی کرکٹ ٹیم کا یہ روپ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے خوشی کا اظہار کیا ہے اورکھلاڑیوں کے لئے تعریفی کلمات کہے ہیں اور ساتھ میں خود بھی خوشی کا اظہار کیا ہے.