پاکستان کے 3 کھلاڑی وژڈن آل ٹائم ٹی 20 ورلڈ کپ الیون میں شامل،آئی سی سی کوجواب مل گیا

عمران عثمانی
Image By AP/scmp
کمال اتفاق ہے اور کیا ہی بات ہے۔
ایسا کیوں نہ کہا جائے کیونکہ کرکٹ کے سب سے معتبر ادارے وژڈن نے آل ٹائم ٹی 20ورلڈ کپ الیون کا چنائو کرلیا ہے،ایک نہیں ،2 نہیں بلکہ 3پاکستانی کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیا گیا ہے،اس میں ووٹنگ تھی اور نہ ہی کسی کی رائے بلکہ سیدھی سادھی ایک ہی بات دیکھی گئی تھی اور وہ تھی پرفارمنس۔
یہی پرفارمنس کرکٹ کے سب سے معتبر ادارے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کو کیوں نہیں دکھائی دی جب اس نے 2 ماہ قبل دہائی کے بہترین کرکٹرزکا انتخاب کیا تھا اور کمال اتفاق یہ تھا کہ پاکستان کے کسی بھی پلیئر کو کسی بھی فارمیٹ کے قابل سمجھا نہیں گیا تھا،اس پر پہلے بھی بہت لے دے ہوچکی ہے لیکن آج وژڈن نے ایک بار پھر آئی سی سی کے دہائی کے متنازعہ کرکٹرز کے انتخاب کی یاد تازہ کردی اور ساتھ ہی اپنی سلیکشن سے واضح پیغام دیا ہے کہ اصل میرٹ یہ ہے اور اصل انتخاب اس طرح ہوتا ہے۔
وژڈن نےبھی ایک دہائی بلکہ 13 سالہ کرکٹ پرفارمنس کو بنیاد بنایا ہے اور پاکستان کے 3کھلاڑی اس آل ٹائم ٹی 20ورلڈ کپ الیون میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
2007سے 2016تک 6ورلڈ ٹی 20کپ کھیلے جاچکے ہیں،ان میں پاکستان بھی ایک بار چیمپئن بنا ہے ۔ویسٹ انڈیز نے 2 بار اور انگلینڈ،بھارت اور سری لنکا نے بھی ایک ایک بار ٹرافی لہرائی ہے۔
وژڈن نے ان تمام ایونٹس کی کارکردگی کو بنیاد بناکرآل ٹائم ورلڈ کپ ٹی 20الیون کا انتخاب کیا ہے اور یہ انتخاب اس لئے بھی سمجھ میں آتا ہے کہ یہ سال ورلڈ ٹی 20 کا ہے،اس حوالہ سے اس کا ذکر بھی بنتا تھا اور انتخاب بھی بنتا تھا۔
وژڈن آل ٹائم ٹی20ورلڈ کپ میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کانام ہے،انہوں نےلیڈنگ وکٹ ٹیکر کے طور پر تمام ایونٹس میں شرک کر رکھی ہے،کمال کارکردگی ہےکہ34میچزمیں39وکٹیں لیں اور پھر546رنزبھی بنائے ہیں ،2009ورلڈ کپ میں پاکستان کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے ٹرافی جیتی،آفریدی نے سیمی فائنل اور فائنل میں ہاف سنچریز کی تھیں۔
وژڈن نے عمر گل کانام بھی نہیں چھوڑا جنہوں نے24میچزمیں 35وکٹیں لیں،پاکستان کے لئے ابتدائی 2ورلڈ ٹی 20کے فائنل کھیلے ،پھر نیوزی لینڈ کے خلاف 2009کے ایونٹ میں 6رنزکے عوض اڑائی گئی 5وکٹیں ان کی بہترین صلاحیت کامظہر بھی تھیں۔پاکستان کے تیسرے کھلاڑی سعید اجمل لئے گئے ہیں23میچز میں 36وکٹیں شاندار کارکردگی تھی،2009کےایونٹ میں انہوں نے مسلسل 3میچز میں 4،4کھلاڑی آئوٹ کئے تھے۔
پاکستان کے ان 3کھلاڑیوں کے علاوہ کرس گیل،مہیلا جے وردھنے،ویرات کوہلی،کیون پیٹرسن،مارلن سموئلز،مائیک ہسی،ایم ایس دھونی اور لاستھ ملنگا شامل کئے گئے ہیں۔
وژڈن ٹیم نے دہائی سے بڑھ کر 6ٹی 20ورلڈ کپ کارکردگی کی بنیاد پر پلیئرز کا انتخاب کیا ہے،شاہد خان آفریدی نے تمام کے تمام 6ٹورنامنٹس کھیلے ہیں،پاکستان کے 3پلیئرز کا انتخاب واقعی قابل ذکر وقابل فخر بات ہے،قومی ٹیم کو اس اعزاز کو سامنے رکھ کر رواں سیزن کھیلنا ہوگا اور آئی سی سی کے انتخاب سے محروم رہنے والوں کے لئے کوئی پریشانی کی بات نہیں ہوگی کہ دنیا اب بھی کارکردگی کو یاد رکھتی ہے.