آئی پی ایل میں آج 187 رنزبھی بہت،دونوں غیر ملکی کپتان ناکام،نائٹ رائیڈرزجیت گئے

رپورٹ : عمران عثمانی

آئی پی ایل 2021 میں اتوار کا دن 188 تو کیا 187 اسکور کے لئے بھی کافی ثابت ہوا،ایک روز قبل بننے والے 188 رنز فتح کی علامت نہیں بن سکے تھے لیکن اتوار کی رات چنائی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لئے اس سے بھی ایک رن کم 187 فتح کی بنیاد بن گئے کیونکہ انہوں نے بعد میں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم سن رائزرز حیدر آباد کا سورج رات کی تاریکی میں گم گردیا،اور جوابی اننگ کو177تک محدود کر کے میچ جیت لیا.دوسری دلچسپ بات یہ ہوئی کہ دونوں ٹیمیں غیر ملکی کپتانوں کے زیر سایہ تھیں.ایک طرف انگلینڈ کے کپتان تھے تو دوسری جانب آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تھے اور دونوں ہی ذاتی طور پر ناکام ہوگئے.وارنر اپنی ٹیم کے لئے 3رنزکر سکے جبکہ فاتح سائیڈ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان اوئن مورگن 2 رنزکرکے بہر حال میچ پاکٹ میں لے گئے.

ہفتہ کو جوہانسبرگ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف 188 رنزکئے تھے اور ٹیم ہارگئی تھی،اسی طرح اسی روز آئی پی ایل میں دھونی کی ٹیم چنائی سپر کنگز نے بھی 188 کئے تھے لیکن وہ بھی دہلی کیپیٹلز سے شکست کھاگئے تھے.

سن رائزرز حیدر آباد کے کپتان آسٹریلوی ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر اپنے حریف انگلش کپتان اوئن مورگن کو بیٹنگ کی دعوت دی،ان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اسکور بورڈ پر6وکٹ پر 187 کا مجموعہ سجایا،اننگ کی خاص بات اوپنر نتش رانا کے 80رنز تھے،ان کے علاوہ راہول تریپاتھی نے 53رنزبنائے جبکہ کپتان مورگن صرف 2 ہی کرسکے.محمد نبی اور راشد خان نے 2،2 وکٹیں لیں.

جواب میں جس نے ایک موقع پر 13ویں اوور میں 2وکٹ پر 100 اسکور بنالئے تھے،اس کے بعد سیٹ نہ ہوسکی اور5وکٹ ہاتھ میں رکھنے کے باوجود بھی 187 کے قریب نہ پہنچ سکی اور 10 رنز کی کمی پر اننگ ختم کرنے پر مجبور ہوگئی،ٹیم کا اسکور 5وکٹ پر 177 رہا،منیش پانڈیا 61اور جونی بیئرسٹو 55 کی اننگز کھیل سکے.پردیش کرشنا نے 2 وکٹیں لیں.