چوتھا ٹیسٹ،بھارت اوول میں 50 سال سے ناکام،پاکستان بہت آگے.دلچسپ حقائق

0 250

تحقیق : عمران عثمانی
یہ کہنا بڑا آسان ہوتا ہے کہ فلاں ٹیم مضبوط ہے.انگلینڈ میں انگلینڈ کو ہرادے گی.آٹے دال کا بھائو اسے ہی معلوم ہوتا ہے جو وہاں اپنا ٹھیہ لگاتا ہے.سپر پڑتی ہو تو خسارہ ہی خسارہ دکھائی دیتا ہے.اس سے قبل سب ٹھیک ہوتا ہے.ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023 کی بڑی اہم سیریز جاری ہے.مقابلہ انگلینڈ اور بھارت میں ہے.3میچزکے بعد سیریز 1-1سے برا بر ہے.ابھی اگر انگلینڈ کو بین سٹوکس اور جوفرا آرچر کی خدمات مہیا ہوتیں تو نتیجہ یہ نہیں ہوتا.اگلا معرکہ اوول کے تاریخی مقام پر ہے.
اوول میں بھارت کا ریکارڈ کیا
اوول میں بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 2 ستمبر سے میدان میں اترے گی.کوئی یہ سوال کرے کہ اوول میں بھارت کا ریکارڈ کیا ہے تو سوال کی اہمیت کو موجودہ حالات میں مت تولیں .جواب تلاش کریں.تلاشی میں کامیابی پر آپ دنگ رہ جائیں گے.بھارتی کرکٹ ٹیم نے اوول میں پہلا ٹیسٹ 1936 میں کھیلا تھا.آخری میچ 2018 میں ہوا.اب تک کل ملا کر 85 سال ہوئے.قریب صدی کے اس عرصہ میں بھارت کی اوول میں اکلوتی جیت ہے.13میچز کھیلے.ایک جیتا.5 ہارے اور7میچز ڈرا رہے.کیا یہ ریکارڈ یاد رکھنے کا ہے ؟کسی کو یاد کروانے کا ہے.
اوول میں پاکستان اور بھارت کا موازنہ
ہمارے ہاں طرح طرح کے تجزیے ہوتے ہیں.آج کی دنیا میں بہت کچھ بولا جاتا ہے.کبھی یہی سب آسٹریلیا کے بارے میں کہا جاتا تھا.اب اسی اوول میں پاکستان اور بھارت کے ٹیسٹ میچز کا موازنہ کرتے ہیں.دیکھتے ہیں کہ پاکستان کی اوول میں بھارت کے مقابل کیا کارکردگی رہی ہے.اوول میں پاکستان کی تاریخ بھارت سے چھوٹی اور پلڑا بھاری ہے.1954 میں پہلا ٹیسٹ کھیلا.20016 میں آخری ٹیسٹ کھیلا گیا.اب تک کے وقت کا حساب کریں تو یہ 67 سال بنتے ہیں.بھارت کے 85 سال کے مقابلہ میں کہیں کم ہیں.
گرین کیپس بلیو کیپس سے آگے
گرین کیپس نے اس عرصہ میں 10 ٹیسٹ میچز کھیلے.5 جیتے اور اس سے کم 3 ہارے.2 میچز ڈرا کھیلے.اب یہ قومی ٹیم کا ریکارڈ ہے.روایتی حریف بھارت سے کہیں بہتر ہے.اس کی 13میچزمیں ایک جیت ہے.پاکستان کی 10میں آدھے میچز میں فتح ہے.صرف 3 میں ناکامی ہے.پھر ایک اور بات بھی ہوئی ہے.پاکستان نے یہاں ہر شعبہ میں پرفارم کیا ہے.بیٹنگ کی بات کریں تو بڑا مجموعہ 708رنزکا ہے جو بھارت کے664 سے زیادہ ہے.ہزیمت میں بھی بھارت سے بہتر سٹیج ہے.وہ 94 پر گرے ہیں.پاکستانی ٹیم 133 سے کم پر راضی نہیں ہوئی.
بات رسوائی کی ہے
پاکستان اوول میں 2006 کے بعد سے نہیں ہارا.اس کے بعد اب تک 2میچز ہوئے.جیت لئے.2016 کا ٹیسٹ بھی پاکستان کے نام تھا.ادھر بھارت کا حال یہ ہے .اوول میں جیتے اسے نصف صدی بیت گئی.جی ہاں ! بھارتی ٹیم 1971 کے دورے میں اوول ٹیسٹ جیتی تھی.کبھی اس سے قبل وہاں اپنا پرچم لہرایا تھا نہ اس کے بعد.بات بہت پرانی ہے.بات رسوائی کی ہے.ایسا نہیں ہے کہ اوول میں اسے انٹری نہیں ملی.50 سالہ پرانی فتح کے بعد سے 8 بار وہ یہاں اترے.8 ٹیسٹ میچز کے لئے بڑے پلیئرزکی بڑی ٹیمیں آئی ہیں.کامیابی نہیں مل سکی.
رواں صدی میں بھارت کی ناکامیاں
رواں صدی میں بھارت کو 5 ابرل وہاں کھیلنے کا موقع ملا.مجال ہے کہ ٹیم فتح کاذائقہ چکھ پائی ہو.پھر ایک اور خراب بات ہے.2011سے 2018 کے درمیان 3 دوروں میں تین ٹیسٹ کھیلے.شکست کی ہیٹ ٹرک ہوئی.خیر انگلینڈ نے بھی لگتا ہے کہ مسلسل 3بار ہراکر پرانا زخم بھرا یا یوں کہہ لیں کہ کوئی بھڑاس نکالی.یہ بات اس لئے بھی درست لگتی ہے کہ انگلینڈ یہاں بھارت کو 1959 کے بعد ٹیسٹ ہرا نہیں پایا تھا.آسان لفظوں میں کہہ لیں کہ 1959 کے اوول ٹیسٹ کی فتح کے بعد جو 1971 کی شکست تھی اس کے بعد سے 2011 تک وہ بھی ناکام تھا.اس دوران تمام 5میچز ڈرا رہے.
پاکستان کے لئے ہوم،بھارت کے لئے ناقابل تسخیر قلعہ
اوول میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ آپ کے سامنے آگئی.پاکستان کے ریکارڈز پڑھ لئے.بھارت کے بھی دیکھ لئے.نتیجہ کے طور پر یہی رزلٹ نکلتا ہے کہ اوول کا قلعہ بھارت کے لئے ناقابل تسخیر بنا ہوا ہے.پاکستان کا تو اپنا ہی بن گیا ہے.ایسے جیسے لاہور ہو.ان نتائج کے سامنے اوول بھارت کے لئے بازو کیوں کھولے گا.بھارت آسانی سے کیسے جیت پائے گا.وہاں کی وکٹ بھی 2 رنگی ہوتی ہے.بیٹنگ پر مہربان ہوتو تو ڈبل سنچریز بن جاتی ہیں.میچ ڈرا ہوجاتا ہے.گھمانے پر آئے تو اسپن ٹریک بن جاتا ہے.سوئنگ پر آئےتو 10 وکٹیں ایک ہی بائولر کے زیر ہاتھ ہوتی ہیں.
ڈبل سنچری کا بھی امکان
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2 کی سیریز جاری ہے.5میچوں میں سے چوتھا میچ 2ستمبر 2021 کو اوول میں شروع ہوگا.اہم بات یہ ہے کہ موسم بھی کلیئر ہوگا.شائقین کو مکمل انٹرٹینمنٹ ملے گی.یہاں بیٹ اور بال کی ایک اور جنگ ہوگی.ویرات کوہلی طویل عرصہ سے سنچری نہیں کرسکے ہیں.اسی طرح کہیں چھپر پھاڑ کر ڈبل سنچری کی جانب نہ چلے جائیں.ادھر جوئے روٹ مسلسل 3 سنچریز بناچکے ہیں.یہاں آکر وہ بھی ڈبل سنچری کا منہ دیکھ سکتے ہیں.کلینڈر ایئر میں محمد یوسف کا ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں.کرک سین سب سے پہلے اس پر بھی اپنی سٹوری دے چکا ہے.
شکست کے بعد تبدیلی پکی
لیڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد اب بھارتی ٹیم مین تبدیلیاں متوقع ہیں.اسپنر سے اٹیک ہوگا.ایشانت شرما باہر بیٹھیں گے.روی چندرن ایشون آئیں گے.آپ کو یاد ہوگا کہ یہاں یاسر شاہ اپنی گگلی مار کر کامیاب ہوتے ہیں.ایشون بھی کچھ کرسکتے ہیں.ویرات کو ہلی بظاہر پر سکون ہیں.اس شکست کو روٹین کا معاملہ کہتے ہیں.جوئے روٹ اب پرجوش ہیں.سیزن کے شروع میں نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز ہاری جاچکی ہے.یہاں ناکامی ہضم نہیں ہوگی.
انگلینڈ کا اپنے ہوم گرائونڈ مین ریکارڈ
پاکستان کا اوول آل ریکارڈ بھی انگلینڈ میں بہتر ہے.اس کا ذکر اس سیریز کے آغاز میں کیا جاچکا ہے.چونکہ سیریز انگلینڈ اور بھارت کی ہے.اس لئے پاکستان کو تذکرہ کہیں نہیں ہے.ویسے انگلینڈ یہاں ٹیسٹ میچزکی سنچری مکمل کرچکا.102 میں سے 43 بار کامیاب ہوا.22 میں شکست ہوئی.37 میچز اس نے ڈرا کھیلے.
غیر ملکی ٹیموں میں پاکستان اوول کا بادشاہ
ایک بات اور بھی دیکھے جانے لائق ہے.غیر ملکی ٹیموں میں بھارت کا تو خراب ترین ریکارڈ سامنے ہے.اس سے بھی خراب ریکارڈ ہیں.آسٹریلیا یہاں 38میچزمیں سے صرف 7 ہی جیت سکا ہے.ویسٹ انڈیز کی 16 میں 6 فتوحات ہیں.نیوزی لینڈ 9میں سے ایک اور جنوبی افریقا 15میچزمیں سے ایک جیتا ہے.سری لنکا نے واحد میچ کھیلا.اپنےنام کیا.
غیر ملکی ٹیموں میں پاکستان اوول کا بادشاہ ہے.
کہانی یہ بھی دلچسپی اور توجہ والی ہے
پی سی بی بھارت اور مصباح راہول ڈریوڈ سے سیکھیں،کرکٹرزکے مشورے

Leave A Reply

Your email address will not be published.