پی ایس ایل 6،محمد عامر کراچی کنگز کے بنیادی پیسر،ٹاپ وکٹ ٹیکر کا اسٹیکر مشن ہوگا

عمران عثمانی

پاکستان سپر لیگ 6 کا وقت بھی آن پہنچا،پی سی بی شیڈول جاری کرچکا ہے جبکہ ایونٹ میں شریک فرنچائزز اپنے اپنے تیر بھی سجاچکی ہیں۔پاکستان کرکٹ کی شان اور اٹھان پی ایس ایل اب غیر ملکی پلیئرزاور عالمی کرکٹ کے لئے ایک پروقار ایونٹ بن چکا ہے۔کراچی کنگز جو اس بار دفاعی چیمپئن ہے،اس کے لئے بڑا مسئلہ یہ ہوا ہے کہ اس کی بادشاہت کا وقت سب سے کم رہا۔کورونا کی وجہ سے نومبر میں گزشتہ ایونٹ مکمل ہوا اور اب 40دن بعد اگلا ایونٹ سر پر ہے۔اس طرح3 ماہ اور 4دن کےبعد اسے اپنے اعزاز کے دفاع کا چیلنج درپیش ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ 6میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کانیا اسکواڈ کیسا ہے اور کیا تبدیلی ہوئی ہے اور آنے والے وقت میں اس سے کیا توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں؟
دانش عزیز،ذیشان ملک،قاسم اکرم،نور احمدکے ساتھ محمد نبی،کیڈوک والٹن اور ڈین کرسٹین نئی پک ہیں۔پرانے دستے میں بھی بڑے بڑے ترکش تھے جن کو برقرار رکھا گیا ہے۔بابر اعظم،شرجیل خان،کولن انگرام اور محمد عامر نمایاں ستارے ہیں۔عماد وسیم نے گزشتہ سال کامیاب کپتانی کی ہے۔
کراچی کنگز کا مکمل دستہ کچھ یوں بنتا ہے۔
بابر اعظم،محمد عامر،کولن انگرام،عماد وسیم،عامر یامین،شرجیل خان،وقاص مقصود،ارشد اقبال،محمد نبی،ڈین کرسٹین،کیڈوک والٹن،جوئے کلارک،دانش عزیز،محمد الیاس،ذیشان ملک ،قاسم اکرم اور نور احمد شامل ہیں۔پلاٹینیم کیٹیگری کا خانہ ابھی خالی ہے،یہاںکوئی گولڈن انٹری ہوسکتی ہے۔
کراچی کنگز کا بائولنگ اٹیک کمزور محسوس ہوتا ہے،ایسا لگ رہا ہے کہ عماد وسیم کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم اسپنرز پرزیادہ بھروسہ کرے گی۔ان کھلاڑیوں میں سے اگر حتمی 11 رکنی ٹیم منتخب کی جائے تو پیس اٹیک میںعامر کے علاوہ کوئی زیادہ مشہور و معروف نہیں ۔
چند ہفتے قبل پاکستان کی ٹیم منیجمنٹ سے اختلافات کی بنیاد پر ریٹائرمنٹ لینے والے محمد عامر اس ٹیم کے بنیادی پیسر ہونگے،اتفاق سےان کے لئے اگر میدان صاف ہے تو ساتھ میں ان پر بڑی ذمہ داری بھی ہوگی کہ وہ اپنے قدو کاٹھ جیسے بائولرکا ساتھ نہ ہونے کے باوجود اپنی پرفارمنس اچھی کریں،پی ایس ایل 6کے ٹاپ وکٹ ٹیکر کو ہدف بنالیں اور پھر اپنی تمام تر صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرتے ہوئے مخالفین کی بھی تعریف پر مجبور کردیں۔ان کے پاس چیلنجنگ اور گولڈن موقع ہے۔
بیٹنگ لائن مضبوط ہے،پھر بابر اعظم کا ساتھ بھی حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں