پاکستان،نیوزی لینڈ ون ڈے سیریز،18 برس سے کیا محرومی،سری لنکا سے آج ایک پوزیشن چھننے کا بھی خطرہ
تجزیاتی رپورٹ:عمران عثمانی
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان3 ایک روزہ میچزکی سیریز سے شروع ہورہی ہے۔یہ سیریز ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے اور اس وقت ٹیموں کی پوزیشن اچھی نہیں ہے۔پاکستان اب تک 9 میچز کھیل کر 40 پوائنٹس کے ساتھ 5 ویں نمبر پر ہے اور اس کی یہ پوزیشن آج چھن سکتی ہے۔یہ نتیجہ اس لئے ہوگا کہ سری لنکا جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ون ڈے جیت لے،یہ آج ہفتہ 4ستمبر 2021 کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔میزبان ٹیم نے پہلا میچ بھی جیتا تھا۔یہ میچ جیتنے کی صورت میں وہ 8 سال بعد پروٹیز سے کوئی ایک روزہ سیریز جیتے گا۔ساتھ ہی 42 پوائنٹس کے ساتھ وہ پاکستان کی جگہ 5ویں نمبر پر ہوگا۔کولمبو میں آج بارش کی پیش گوئی بھی ہے۔ساتھ میں پروٹیز جو 11ویں نمبر پر ہیں۔وہ سیریز بچانے اور پوزیشن بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کا لیگ میں سٹیٹس
پاکستانی ٹیم کا ذکر ہوچکا کہ اس کا نمبر 5 ہے۔اب نیوزی لینڈ کا جائزہ لیں تو وہ اب تک 3 میچزہی کھیلا ہے۔تینوں میں کامیاب رہا ہے۔30 پوائنٹس کے ساتھ اس کا 9 واں نمبر ہے۔اس کے پاس بہت سے چانسز باقی ہیں۔اب یہ بھی جائزہ لیتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم اس سیریز سے کس مقام تک آسکتی ہے۔کلین سویپ کی صورت میں گرین کیپس70 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہونگے۔نیوزی لینڈ 3 میچ نہیں جیت سکتا۔جیت بھی جائے تو اس کا نمبرتیسرا یا چوتھا ہوسکتا ہے۔پاکستان کی ہوم سیریز ہے۔حریف ٹیم کمزور ہے۔اس لئے جیتنا ہی ضروری ہوگا۔
باہمی ایک روزہ میچزکا ریکارڈ
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے اب تک کے ایک روزہ میچز کی تاریخ دیکھی جائے تو گرین کیپس کو بلیک کیپس پر بر تری ہے۔107 ون ڈے میچزمیں سے پاکستان 55 اور نیوزی لینڈ 48 میں فتحیاب ہوا۔ایک میچ ٹائی ہوا۔2 کا کوئی نتیجہ بھی نہیں نکلا۔کیوی ٹیم کا پاکستان میں ایک روزہ ریکارڈ پہلے ہی خراب ہے۔اب تک اس نے22 ون ڈے میچزکھیلے ہیں۔صرف 4 میں اسے فتح ملی جب کہ 18میں ناکامی اس کا مقدر بنی ہے۔ایک اور دلچسپ بات بھی ہے۔پاکستانی سر زمین پر کیویز کی 3 کامیابیاں پاکستان کے خلاف ہیں۔ ایک فتح یو اے ای کے خلاف ورلڈ کپ میں تھی۔ایک ناکامی جنوبی افریقا کے خلاف ہوئی۔
پاکستانی سر زمین کا ریکارڈ
نیوزی لینڈ پاکستان کو پاکستان میں16 اکتوبر 1976 کو ہراچکا ہے۔یہ پاکستانی سر زمین پر دونوں ممالک کا پہلا میچ تھا جو سیالکوٹ میں کھیلا گیا۔اگلی کامیابی اس نے 2 دسمبر 1984 کو اسی سیالکوٹ میں اپنے نام کی۔پھر پاکستان کے خلاف 8دسمبر 1996 کو کراچی میں جیتا تھا۔ کیویز نے آخری ون ڈے میچ راولپنڈی میں 7 دسمبر 2003 کو کھیلا تھا۔یہ 17 ایک روزہ میچز بنتے ہیں۔کیویزمیزبان پاکستان کے خلاف صرف 3میچز جیتے ہیں جب کہ 17 میں اسے ناکامی ہوئی ہے۔
دونوں ممالک کے مابین پاکستان میں جو 6 سیریز ہوئی ہیں۔ان میں پاکستان نے 5 جیتی ہیں۔کیویز 1976 میں ایک میچ جیت کر سیریز لے گئے تھے۔اس کے بعد ناکامی ان کا مقدر بنی۔اس اعتبار سے بابر اعظم الیون کے لئے یہ ریکارڈ قائم رکھنا بھی نہایت ہی ضروری ہے۔کیویز ویسے بھی کمزور ہیں۔اکثر نئے کھلاڑی ہیں۔گرین کیپس کو بلیک کیپس کے خلاف ویسے بھی ایک ریکارڈ بنانے کا موقع ملے گا۔
پاکستان اپنی ہوم سیریز میں 18 برس سے کیسے ناکام
ایک اور دلچسپ بات بھی ہے ۔2003کے بعد کیویز نے پاکستان کے خلاف کبھی باہمی سیریز یہاں نہیں کھیلی۔متحدہ عرب امارات کو مرکز بنالیا۔ویسے وہاں ان کا ریکارڈ کچھ بہتر ہے۔اس سے قبل اور اس کے بعد کے تمام 20 میچز میں سے کیویز نے پاکستان کے خلاف 6 جیتے ہیں۔14میں مار کھائی ہے۔نیوزی لینڈ نے ایک اعزاز رکھا ہے کہ اس نے پاکستان کو وہاں باہمی سیریز پر ہاتھ صاف کرنے نہیں دیا۔2009 اور 2014 کی دونوں سیریز میں بلیک کیپس فارح رہے۔2018کی آخری سیریز ڈرا رہی۔کہنے کو یہ پاکستان کی ہوم سیریز تھیں،۔ایک اعتبار سے پاکستان 18 برس بعد اپنی ہوم سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف جیتے گا،اگر جیتا تو۔
پاک نیوزی لینڈ ایک روزہ سیریز کا شیڈول
پہلا ایک روزہ میچ،17 ستمبر
دوسرا ایک روزہ میچ،19ستمبر
تیسرا ایک روزہ میچ،21 ستمبر
تینوں میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونگے۔