ویسٹ انڈیز کا فولادی آغاز،پاکستان کے لئے خطرہ ؟280مزید رنز،9وکٹیں باقی،نتیجہ کیا

0 267

رپورٹ وتجزیہ : عمران عثمانی
کنگسٹن جمیکا میں پاکستان نے جو سوچا،آخر کرلیا.نتیجہ میں ویسٹ انڈیز بھی مزاحمت پر اتر آیا ہے.کرک سین نے لکھا تھا کہ پاکستان ویسٹ انڈیز کو ایک راستہ دکھاگیا ہے.دوسری اننگ میں تیز کھیل کر اس نے بتادیا ہے کہ کائونٹر اٹیک بھی کیا جاسکتا ہے.چنانچہ ویسٹ انڈیز ٹیم اسی راستے پر ہے.پیر کے روز اس نے 329 رنزکے ہدف کے تعاقب میں کیا بااعتماد آغاز کیا.دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کے خاتمہ پر اس نے 49 رنز بنالئے تھے اور صرف ایک نقصان اٹھایاتھا.منگل کو آخری روز اسے جیت کے لئے مزید 280 رنزکی ضرورت ہے.پاکستان کو 9وکٹیں درکار ہیں.میچ میں دلچسپی کا پورا سماں موجود ہے.
ویسٹ انڈیز کی بااعتماد پیش قدمی
دن کے پہلے حصہ میں جس ٹیم کی کمر ٹوٹی ہو.7 وکٹیں گری ہوں.محض 113 اور مجموعی طور پر 150 پر اننگ تمام ہوئی ہوتو مطلب کیا ہوگا.حوصلے ٹوٹ گئے ہونگے.ذلت ہوگی کیونکہ 150سے زائد 152 کا خسارہ سر پر پڑا تھا.پھر کہانی آگے بڑھی تو بائولرز کو بھی مار پڑی،سب نے ساڑھے 6 کی اوسط سے اسکور بنوائے.پاکستان کو بڑے ہدف کا موقع دیا اور 329 رنز کے لئے اس کے بیٹسمینوں کو پھر درمیان میں کھڑا ہونا پڑے تو ذرا سوچیں کہ اعصابی حالت کیا ہوگی.نتیجہ اس کے الٹ نکلا.
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی نیندیں اڑادیں
میزبان ٹیم نے چوتھی اننگ چوتھے روز کے آخری وقت میں شروع کی تو پاکستانی بائولرز کی رال ٹپک رہی تھی.کم سے کم 3 شکار سامنے لگ رہے تھے.ویسٹ انڈین اوپنرز نے کمال کردیا.پاکستانی پیسرز کو گھماکر رکھ دیا.ایسی باعتماد اننگ شروع کی.نہ شاہین کارگر تھے اور نہ عباس.حتیٰ کہ کوئی اور بھی خطرناک نہیں رہا.یہ بھی بھلا ہو.ویسٹ انڈین اوپنر کیرون پاول کا.جو اپنی حماقت سے رن آئوٹ ہوگئے.بڑے آرام سے اسکور مکمل کر رہے تھے.بیٹ آدھی کریز سے بھی آگے اندر تھا لیکن فضا میں تھا.شاہین آفریدی کی تھرو وکٹ کیپر پکڑ نہ سکے.انہوں نے الٹا وکٹوں کے آگے سے پکڑنے کی کوشش کی،گیند ان سے نہیں رکی.ان کے ہاتھوں سے لگتی جب وکٹوں کو لگی تو پاول فضا میں معلق تھے.تھرڈ امپائرسے رن آئوٹ کا سرٹیفیکٹ لیا اور مایوسی کے عالم میں باہر آگئے.
ویسٹ انڈیز کا اسکور اس وقت13 اوورز میں 34 تھا.پاول23 کرنے میں کامیاب ہوئے.پاکستانی بائولرز کو یہ حادثاتی کامیابی بھی ملی.6 اوورز بھی باقی ملے.کوئی بھی کارگر نہیں تھا.کپتان کریگ بریتھویٹ اور ناٹ واچ مین الزاری جوزف دیوار چین بنے رہے.نتیجہ میں ویسٹ انڈیز نے دن کا اختتام 49رنز ایک وکٹ پر کیا.بریتھویٹ 17پر کھیل رہے تھے.پاکستان کا کوئی بائولر وکٹ نہیں لے سکا.
ویسٹ انڈیز کا اگلا مشن
ویسٹ انڈین ٹیم کو آج میچ کے آخری روز جیت کے لئے مزید280 رنز درکار ہیں.پاکستان کو 9کھلاڑی آئوٹ کرنے ہیں.90اوورز کا کھیل باقی ہے.کس کے لئے پریشانی ہے.بظاہر پاکستانی کیمپ مطمئن ہے.یہ ٹیسٹ میچ ہے.ایک اچھا سیشن کسی بھی ٹیم کو اعتماد دے جائے گا.پاکستان کو جلد کامیابی ملی تو ٹیم آدھے دن میں لڑھک جائے گی.ویسٹ انڈیز کو پہلے سیشن مین پارٹنر شپ مل گئی تو 80سے 100 اسکور اور بن جائیں گے.اسے لگے گا کہ ہر سیشن میں اتنے اسکور بناکر میچ جیتا جاسکتا ہے.پاکستان نے دونوں اننگز ڈکلیئر کی ہیں.وہ اس ہزیمت کو سہہ نہیں سکےگا.اس لئے اسے جیت کی جانب جانا ہوگا.
ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا کلنک کا ٹیکاکیسے
کرک سین نے ہمیشہ اس بائولنگ لائن کو کمزورلکھا ہے اور یہ سچ بھی ہے،اوسط درجہ کی اسپیڈ اور ورائٹی ہے.اصل امتحان ان بائولرز کا ہوگا جو پہلی اننگ میں 150پر آئوٹ کرکے کچھ نمایاں ہوئے ہیں.اصل امتحان اب ہوگا.کسی بھی وجہ سے یہ کامیاب نہیں ہوئے تو اس میچ کے بعد اس پوری بائولنگ لائن کا ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا کلنک کا ٹیکا ہوگا.یہ الفاظ سخت ضرور ہیں.کسی وجہ سے لکھے گئے ہیں،میزبان ٹیم کا کیمپ ایک پلان کرچکا ہے.اسے کائونٹر کرنا تھنک ٹینک کا کام ہے اور پرفارم کرنا ان بائولرز کا.جواز باقی نہیں بچے گا.
برتری کے بعد پاکستان کی دھوں دھار بیٹنگ
پاکستان نے پہلی اننگ میں 152 رنزکی اہم سبقت لی.اس کے بعد جب دوسری اننگ شروع کی تو ویسا ہی کھیلا جس کی پیش گوئی کی جاچکی تھی اور یہ ضروری بھی تھا.اوپنرز نے 7 اوورز میں ففٹی شراکت بنالی.پاکستان کو 70رنزکا تیز آغاز ملا.پہلا نقصان عابد علی کا ہوا جو 29 رنزکرنے میں کامیاب ہوسکے.90کے مجموعہ پر عمران بٹ 37 کر کے گئے.اس کے بعد پاکستان کی وکٹیں وقفہ وقفہ سے گریں.اسکور بننے میں سستی نہیں ہوئی.اظہر علی باز نہیں آئے.22رنزکے لئے 30 بالیں کھیل گئے.بابر اعظم نے 33،حسن علی نے 17 کی اننگز کھیلیں.فہیم اشرف 9 باکر گئے تو محمد رضوان 10پر ناٹ آئوٹ آئے.
پاکستان نے 27 اوورز اور 2 گیندیں کھیلیں.6 وکٹ پر 176 اسکور بنائے.اننگ ڈکلیئر کردی.اس طرح اس کی مجموعی برتری 328 رنزکی ہوئی.ویسٹ انڈیز کو ایک پورا دن اور ایک سیشن اضافی کے قریب کا وقت دیا.میزبان ٹیم کے الزارتی جوزف اور جیسن ہولڈر نے 2،2 آئوٹ کئے.بیٹنگ کے بعد ویسٹ انڈیز کی یہ بائولنگ میں بھی ناکامی کی پکچر تھی.پاکستانی کھلاڑی قریب ساڑھے 6کی اوسط سے اسکور کرگئے.وقت کے حساب سے یہ مہمان ٹیم کی اہم کامیابی تھی.
اس سے پہلے کیا ہوا
چوتھے دن کا آغاز ویسٹ انڈیز نے 39 رنز 3 وکٹ سے کیا.پانچویں وکٹ پر 60رنزکی شراکت ملنے،4 وکٹ پر 105کے ہوتے ہوئے ٹیم گڑ بڑاگئی.کھانے کے وقفہ کے تھوڑی دیربعد صرف 152 پر ڈھیر ہوگئی.اس کا ظاہر سہرا تو شاہین آفریدی کے سرجاتا ہے.انہوں نے 51رنزمیں 6وکٹیں لیں.محمد عباس کا کردار نظر انداز نہیں ہوسکتا.انہوں نے ہی مڈل آرڈر میں اہم وقت پر حریف ٹیم کی کمر توڑی .اوپر تلے 3 وکٹیں لیں جس کا پاکستان کی پوری ٹیم کو فائدہ ہوا.
ایک دن میں 14 وکٹیں گر گئیں،اچھا اسکور بنا
یہ ٹیسٹ خراب موسم،خطرناک پچ کی وجہ سے مشہور ہورہا تھا.چوتھا دن عجب رہا.دن بھر میں کل ملاکر 14 وکٹیں گریں.336رنزبنے.یہ ایک ناقابل یقین بات تھی.پہلے ویسٹ انڈیز نے 7وکٹوں کے عوض 113 رنزبنائے.پھر پاکستان نے 6 وکٹ دے کر 176 کئے.پھر ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 49 رنز بنالئے تو یہ دن بھر کے کھیل میں مار دھاڑ بھی تھی.وکٹوں کا لٹانا بھی تھا اور سب کے لئے بہت کچھ تھا.
کنگسٹن جمیکا میں آخری دن موسم کا موڈ
چونکہ میچ دلچسپ ہوگیا ہے.ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگ میں کامیاب پیش قدمی کی ہے.اب تک 19اوورز میں 1 وکٹ پر 49رنزکئے ہیں.وہ 29 اوورز کھیل کر ایک سیشن تو آرام سے گزار سکتے ہیں،ایسے میں انہیں موسم سے مدد مل گئی تو ان کے حوصلے فولاد بن جائیں گے ،پھر کوئی فواد کام نہیں آئے گا.محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اگست بروز منگل کنگسٹن جمیکا میں موسم صاف رہنے کی پیش گوئی ہے.رات کی بارش گرائونڈ نہ خراب کردے.ویسے دن بھر سورج چمکے گا.
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پہلی سیریز ہے.ٹیم ایک میچ ہارچکی ہے.شکست یا ڈرا میچ سیریز سے بھی محروم کرے گا.پوائنٹس ٹیبل پر بھی کہنے کو کچھ نہیں ہوگا.طویل فارمیٹ کرکٹ میں ملک سے باہر ایک اور شکست رقم ہوجائے گی.ویسٹ انڈیز سے 21 برس بعد پہلی سیریز کی ناکامی کا بڑا لیبل بھی لگے.
یہ خبر بھی اسی سے متعلق ہے
شاہین آفریدی کی پہلی بار 6 وکٹیں،ویسٹ انڈیز آئوٹ،پاکستان کی جارحانہ ففٹی مکمل

Leave A Reply

Your email address will not be published.