لارڈز ٹیسٹ میں جوئے روٹ کا ’’روٹ‘‘،بھارتی ٹیم ٹھس،انگلینڈکی برتری

0 200

لارڈز ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا،انگلینڈ نے بھارت کو ایسا جواب دیا ہے کہ جس کی گونج پوری دنیا میں سنی گئی ہے،جوئے روٹ کا روٹ لگ گیا،بھاتی بائولرز اس روٹ پردوڑتے رہے اور دوڑتے ہی رہے یہاں تک کہ انگلینڈ نے ناقابل یقین انداز میں سبقت حاصل کر لی ہے۔ہفتہ 14 اگست کا دن انگلش کپتان کے نام رہا،جنہوں نے تن تنہا بھارت کے منہ سے میچ چھین کر واپس ہوم آف کرکٹ میں رکھ دیا ہے۔روٹ نے تنہا 180رنزکی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور انگلش ٹیم اس کی وجہ سے 391رنزبنانے میں کامیاب رہی۔اس طرح اسے 27رنزکی سبقت بھی مل گئی۔

پہلا سیشن انگلینڈ کے نام

ہفتہ کو میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے 119 رنز 3 وکٹ سے اننگ شروع کی تو پہلا چیلنج شروع کا گھنٹہ گزارنا تھا،پھر بھارت کی بڑی برتری کو لوٹانا تھا جب کہ جوئے روٹ کے علاوہ انگلش کیمپ میں کوئی مستند بیٹسمین نہیں تھا۔ایک روز قبل کے ناٹ آئوٹ بیٹسمین جونی بیئر سٹو نے بھر پور ساتھ دیا،نتیجہ میں انگلینڈ نے پہلا پورا سیشن بغیر نقصان کے گزار کر اسکور 3 وکٹ پر 216 کردیا،بھارت یہاں سے بیک فٹ پر چلا گیا تھا۔جونی بیرسٹو اور جوئے روٹ کی 121 رنزکی شراکت کھانے کے وقفہ کے کچھ دیر بعد ٹوٹی جب بیئرسٹو 57 رنزبناکر محمد سراج کا شکار بنے،ان کا کیچ ویرات کوہلی نے پکڑا۔بھارت کو یہ نیا بریک تھرو بھی فائدہ دے نہیں سکا کیونکہ اسے اگلی کامیابی کے لئے 12 اوورز میں 229سے 283 رنز تک انگلینڈ کا ناقابل تکلیف سفر برداشت کرنا پڑا۔اس اسکور پر جوس بٹلر 23 رنزبناکر ایشانت شرما کا شکار بنے۔
بھارتی کامیابیاں بے اثر
بھارت کو یہ کامیابی بھی زیادہ فائدہ نہیں دے سکی کیونکہ معین علی نے آکر جوئے روٹ کا بھر پور ساتھ دیا جو 200 بالز پر اپنی سنچری مکمل کرچکے تھے،یہ ان کی اس سیریز میں مسلسل دوسری سنچری ہے۔جس وقت معین علی27 رنزبناکر شرما کا شکار بنے تو انگلینڈ تسلی بخش حالت میں تھا۔341 اسکور پر چھٹا نقصان کوئی بڑی بات نہیں تھی لیکن اگلی ہی بال پر سام کرن کو ایشانت شرما نے اڑا کر سنسنی پھیلادی۔بھارت کو اب یقین ہوگیا تھا کہ روٹھی وکٹیں ملنا شروع ہوگئی ہیں،اس کی یہ خوش فہمی کچھ یوں رہی کہ 357 کے مجموعہ پراولی رابنسن بھی 6 رنز بناکر چلتے بنے،انگلینڈ ابھی 7رنزکے خسارے میں تھا،8 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے تھے اور جوئے روٹ دوسرے اینڈ پر دیوار بنے موجود تھے۔
جوئے روٹ ڈبل سنچری کی جانب
جوئے روٹ کا عزم ڈبل سنچری کا تھا،انہیں ایک شراکت درکار تھی،مارک ووڈموجود تھے،انہوں نے اپنی موجودگی میں بھارت کے 364 رنزپورے کروادیئے اور انگلینڈ نے سبقت کی جانب مارچ شروع کردیا ،بھارت کو 9ویں کامیابی 371 کے اسکور پر ملی جب مارک ووڈ بدقسمتی سے رن آئوٹ ہوگئے،وہ صرف 5 رنزبناسکے۔بھارت کو 10ویں وآخری وکٹ کی کامیابی کے لئے ناکوں چنے چبانے پڑے،اس دوران جوئے روٹ نے ایک اوور میں چوکے بھی مارے لیکن آخر کار جمی اینڈرسن محمد شامی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔اس طرح جوئے روٹ نے 180رنزکی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔انگلش ٹیم پہلی اننگ میں 391رنزبناکر آئوٹ ہوئی،انگلینڈ کی آخری 5 وکٹیں آخری سیشن میں گریں ،اس اعتبار سے یہ بھارت کے لئے اچھا وقت گزرا لیکن برتری کے خواب دیکھنے والی ویرات کوہلی الیون الٹا 27رنز کے خسارے کا شکار ہوگئی۔
بھارتی گیند بازی کا چارٹ
بھارت کی جانب سے محمد سراج کامیاب ترین بائولر رہے جنہوں نے 94 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں جب کہ ایشانت شرما نے 96رنز کے عوض 3 اور محمد شامی نے95رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔
لارڈز ٹیسٹ اب کس طرف
انگلش اننگ کے خاتمہ پر امپائرز نے دن کے ختم ہونے کا اعلان کردیا۔بھارتی ٹیم نے پہلی اننگ میں 364 رنز بنائے تھے،اتوار کو میچ کا چوتھا روز ہوگا جس میں انگلش بائولرز تروتازہ ہوکر میدان میں اترین گے،اگر بھارتی بیٹسمینوں نے جم کر دن گزارا تو میچ ڈرا کی جانب جائے گا اور اگر انگلش بائولرز نے جلد وکٹیں لے لیں تو سنسنی خیز نتیجہ منتظر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیئے
لارڈز میں بھارت کی اننگ اچانک تمام،خوش فہمیاں دورمگر انگلینڈ کے بھی 3 آئوٹ

Leave A Reply

Your email address will not be published.