آسٹریلوی کپتان اپنی ہی عوام کے پائوں پڑگئے،اسپنر کا 100وں ٹیسٹ،گالے میں مسلسل چوتھا صفر

عمران عثمانی
Image By Twitter
کرکٹ کا میدان پھر گرم ہوگیا ہے،گالے میں انگلینڈ اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ شروع ہوگیا ہے جبکہ گابا برسبین میں بھارت اور آسٹریلیا ٹیسٹ کے آغاز میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں،ایسے میں روایتی باتیں اوربیانات عروج پر ہیں۔
سڈنی ٹیسٹ کے دوران کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلوی عوام کا جو امیج ابھرا ہے،اس سے میزبان ملک کے حوالہ سے اچھا تاثر نہیں گیا ہے،اس لئے آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین نے برسبین کرائوڈ سے ایک درخواست کی ہے کہ وہ ٹیسٹ میچ کے دوران بھارتی کرکٹرز کے ساتھ وہ رویہ نہ اختیار کریں جو سڈنی کے لوگوں نے اختیار کیا تھا،ٹم پین نے برسبین کے کرکٹ فینز سے اپیل کی ہے کہ وہ میچ کے دوران بھارتی کرکٹرز کو عزت دیں اور ان کے ساتھ ایک باوقار رویہ اختیار کریںـ۔
ٹم پین نے یہ اچھاکیا ہے لیکن انہوں نے اپنے سمیت تمام کھلاڑیوں کے لئے بھی کوئی چارج شیٹ بناکر فیصلہ کیا ہے یا نہیں کیونکہ سڈنی ٹیسٹ میں پین اور ان کے کھلاڑیوں نے بھی منفی رویہ اختیار کیا ہے جس کی طرف معروف ادارے وژڈن کو بھی انگلی اٹھانی پڑی ہے،بے ایمانی سے لیکر زبانی حملوں تک میں میزبان کھلاڑی ماضی کی طر ح پیش پیش ہیں۔عوام تو ان کی اپیل سن لیں گے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا میزبان ملک کے کھلاڑی بھی اعلیٰ سپرٹ کا مظاہرہ کریں گے،یہ دیکھنے کی بات اس وقت ہوگی کہ جب بھارت میچ جیتنے کی پوزیشن میں آئے گا اور آسٹریلیا کو لگے گا کہ ان کا کام تمام ہونے والا ہے۔
جمعہ سے شروع ہونے والا گابا ٹیسٹ آسٹریلین اسپنر نیتھن لائن کا 100واں ٹیسٹ میچ ہوگا،ایک زمانہ تھا کہ جب اسپنرز ایشیا کی پہچان ہوا کرتے تھے لیکن پاکستان اور سری لنکا کےکیمپ نے اس پر توجہ چھوڑ دی ہے اور اب آسٹریلیا جیسے ممالک مسلسل ایسے کھلاڑی سامنے لارہے ہیں کہ جو 100 ٹیسٹ میچز کا سنگ میل عبور کر رہے ہیں،اس سےقبل شین وارن 145 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں۔
غیر ایشیائی اسپنر کی تاریخ دیکھی جائے تو شین وارن کی 145 میچزمیں708 ٹیسٹ وکٹ کے بعد نیتھن لائن ایشیا سے ہٹ کر دنیا کے دوسرے ٹاپ وکٹ ٹیکر اسپن بائولر ہیں،انہوں نے 99 میچز میں396 وکٹیں حاصل کی ہیں،نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری نے 112 میچز کھیل کر 361 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
برسبین ٹیسٹ میں نیتھن لائن اپنی 400 ٹیسٹ وکٹیں بھی مکمل کر سکتے ہیں،انہیں یہ سنگ میل عبور کرنے کے لئے صرف 4 شکار کی ضرورت ہوگی۔
گالے ٹیسٹ شروع ہوگیا ہے،سری لنکن کپتان عین میچ سے قبل سائیڈ سے باہر ہوگئے ،کرونارتنے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے،ان کی جگہ دینش چندی مل قیادت کر رہے ہیں ،جنہوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔مہمان ٹیم نے وکٹ کی کنڈیشن دیکھتے ہوئے 2 اسپنرز کھلادیئے ہیں۔جیک لیچ اور ڈوم بیس ایکشن میں ہونگے،ڈان لورینس کو انگلینڈ نے ٹیسٹ کیپ دے دی ہے۔جیمز اینڈرسن کو آرام دیا گیا ہے جبکہ سٹورٹ براڈ کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
توقعات کے عین مطابق سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن آغاز سے ہی اسے مشکلات پیش آئی ہیں۔16رنزپر 2 اور25 پر تیسری وکٹ گر گئی۔ٹیسٹ میں واپسی کرنے والے متیھیوز اور کپتان چندی مل نے لنچ تک مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دی ،اننگ کی اہم بات یہ رہی کہ کوشال مینڈس ایک بار پھر کھاتہ نہ کھول سکے،ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ان کی مسلسل چوتھی اننگ میں صفر کی خزیمت تھی جو انہیں برداشت کرنا پڑی۔سری لنکا کا اسکور 3وکٹ پر 65 ہوگیا تھا۔سٹورٹ براڈ نے 2 اور ڈوم بیس نے ایک وکٹ لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں